• Columbus, United States
  • |
  • ١٢ اگست، ٢٠٢٥

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا ایچ کے ایس اے آر حکام اور عدالتی اہلکاروں کے خلاف پابندیوں کی دھمکیوں پر سخت انتباہتازترین

۰۶ نومبر، ۲۰۲۳

بیجنگ (شِںہوا) چین کی ریاستی کونسل کے ہانگ کانگ اور مکاؤ امور کے دفتر نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کے سرکاری عہدیداروں اور عدالتی اہلکاروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دینے والے امریکی سیاست دانوں کی مذمت کی ہے۔

دفتر کے ترجمان نے کہا کہ ہانگ کانگ میں قانون کی حکمرانی بین الاقوامی برادری کی طرف سے وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ ہے، ہانگ کانگ میں قومی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کا تحفظ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے عہدیداروں اور عدالتی اہلکاروں کے فرائض ہیں جن میں کوئی مداخلت نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بعض امریکی سیاست دانوں کی ان پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیاں قانون کی حکمرانی کی روح کے منافی اور بین الاقوامی انصاف سے آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تکبرانہ طرزعمل ان کے تسلط پسندانہ تصورات کی عکاسی کرتا ہے جو انہیں صرف ماضی کے فریب میں مبتلا کرتے اور ان کی دھوکہ دہی کی حقیقی فطرت مزید بے نقاب کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بعض امریکی سیاست دانوں کی یہ حرکات قومی سلامتی کے تحفظ میں ہانگ کانگ کے سرکاری عہدیداروں اور عدالتی اہلکاروں کے عزم کو مضبوط کریں گی۔  کوئی بھی بیرونی مداخلت ہانگ کانگ کے نظم و ضبط اور خوشحالی کی طرف پیشرفت نہیں روک سکتی۔

ترجمان کے مطابق مرکزی حکومت ہانگ کانگ کا قومی سلامتی قانون مکمل طور پر اور وفاداری سے نافذ کرنے سمیت قومی سلامتی و قانون کی حکمرانی کی حفاظت میں ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے سے بھرپور تعاون کرتی ہے اس کے علاوہ  مرکزی حکومت ہانگ کانگ میں سرکاری عہدیداروں اور عدالتی اہلکاروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

ترجمان نے ان امریکی سیاست دانوں کو متنبہ کیا کہ وہ ہر قسم کے سیاسی جوڑ توڑ کو فوری طور پر روکیں ورنہ یہ صرف اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہی ہوگا۔