ویانا(شِنہوا) چین نے مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دیگر ہتھیاروں (ڈبلیو ایم ڈیز) سے پاک علاقہ بنانے کے لیے مزید کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) میں چین کے مستقل نمائندے لی سونگ نے ایجنسی کے بورڈ آف گورنرزکے اجلاس میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے خطرہ نہیں ہونا چاہیے یہ خطے کے ممالک کا مشترکہ مطالبہ ہے۔
لی نے کہا کہ چین جوہری ہتھیاروں اور دیگر ڈبلیو ایم ڈیز سے پاک مشرق وسطیٰ زون کے قیام کے لیے خطے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
لی نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے پاک ریاست کے طور پر جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کی "جلد از جلد" توثیق اور اپنی تمام جوہری تنصیبات کو آئی اے ای اے کے جامع سیف گارڈز کے تحت رکھے۔
انہوں نے خطے کے متعلقہ ممالک اور جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر جوہری ہتھیاروں اور دیگر ڈبلیو ایم ڈیز سے پاک مشرق وسطی کے قیام کے عمل میں حصہ لیں۔