بیجنگ (شِنہوا) نیشنل ہیلتھ کمیشن (این ایچ سی) نے کہا ہے کہ چینی عوام میں 2022 کے دوران صحت سے متعلق آگاہی 27.78 فیصد تھی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.38 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔
صحت سے متعلق آگاہی کی سطح ان لوگوں کا تناسب ہے جو کُل آبادی کے مقابلے میں صحت بارے مناسب بنیادی علم رکھتے ہیں۔
این ایچ سی نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے جاری کئے گئے سوالنامے میں 80 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والوں کو بنیادی صحت سے متعلق کافی علم رکھنے والا گردانا گیا ہے۔
صحت سے متعلق آگاہی ایک فرد کی بنیادی صحت سے متعلق معلومات اور خدمات کو حاصل کرنے اور سمجھنے کی صلاحیت اور اس کا استعمال کر تے ہوئے اپنی صحت کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کی عکاسی کرتی ہے۔
سروے کے نتائج کو چھ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں حفاظت اور ابتدائی طبی امداد پہلے نمبر پر ہیں جبکہ سروے میں شامل 58.51 فیصد افراد متعلقہ معلومات رکھتے ہیں۔
سروے کے مطابق 53.55 فیصد لوگ صحت بارے سائنسی نقطہ نظر کے حامل ہیں، 28.85 فیصد دائمی بیماریوں کی روک تھام اور علاج سے واقف ہیں جبکہ 28.16 فیصد متعدی بیماریوں کی روک تھام اور علاج سے آگاہ ہیں۔
این ایچ سی نے حالیہ برسوں میں طبی اداروں اور پیشہ ور افراد کی صحت کے علم کو عام کرنے کے لئے مسلسل حوصلہ افزائی کی ہے جس سے لوگوں میں صحت سے متعلق آگاہی بڑھنے میں مدد ملی ہے۔