تیان جن(شِنہوا) ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے مینیجنگ ڈائریکٹر جیریمی جرگنز نے کہا ہے کہ چین ماحول دوست اور قابل تجدید معیشت کی طرف عالمی منتقلی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈبلیو ای ایف کے 27 سے 29 جون تک منعقد ہونے والے نیو چیمپیئنز کے 14 ویں سالانہ اجلاس یا سمر ڈیوس کے موقع پر جرگنز نے شِنہوا کو بتایا کہ ہم سی اے ٹی ایل اور بی وائی ڈی جیسے(چینی) چیمپیئنز کو دیکھتے ہیں جنہوں نے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت فراہم کرنے میں نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل پر مبنی اور تیل پر منحصر معیشت سے قابل تجدید معیشت کی طرف بڑے پیمانے پر منتقلی کے لئے بجلی کی فراہمی پوری عالمی معیشت کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنیز جدید مینوفیکچرنگ تنصیبات میں رہنما کے طور پر ابھری ہیں اور فائیو جی ٹیکنالوجیز اور روبوٹس سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ چین کی بہترین مینوفیکچرنگ تنصیبات کافی جدید ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چینی فیکٹر یاں آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن میں سبقت لے رہی ہیں جو ان چینی کمپنیزکے لئے ایک بہت اچھا موقع پیش کرتی ہیں ۔یہ ان غیر ملکی کمپنیزکے لئے بھی ایک موقع ہے جو ان میں سے کچھ عالمی معیار کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔ چین کے دوہرے کاربن کے ہدف کے بارے میں بات کرتے ہوئے جرگنز نے دنیا کے لئے پیدا کردہ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں خاص طور پر ان علاقوں میں مواقع پیدا کئے گئے ہیں جہاں چین پہلے ہی مضبوط ہے۔