i پاکستان

کبھی انتقامی سیاست نہیں کی، مخالفین کے ساتھ اصولوں کی جنگ لڑتا ہوں، خواجہ آصفتازترین

۱۹ دسمبر، ۲۰۲۳

مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کبھی انتقامی سیاست نہیں کی، ہمیشہ عوام کی محبت کی سیاست کی ہے، مخالفین کے ساتھ اصولوں کی جنگ لڑتا ہوں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اپنے مخالفین کے ساتھ سیاسی جنگ لڑی ہے ذاتیات کی نہیں، مخالفین کے بزرگوں اور اہل خانہ کا احترام کرتا ہوں۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ میں نے پرویز مشرف اور عمرانی ادوار میں سیاسی مخالفین کی درخواستوں پر دو دفعہ 6،6 ماہ قید کاٹی ہے، دونوں دفعہ اللہ نے مہربانی کی اور میں باعزت رہا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے سیاسی مخالفین نے میری بیوی اور بیٹے کے خلاف مقدمے بنائے اور انہوں نے کم از کم 3 درجن پیشیاں بھگتیں ہیں، میرے اہل خانہ کو نشانہ بنایا گیا، مجھ پر آئین کے آرٹیکل 6 کی کارروائی کا عمرانی کابینہ نے آغاز کیا، اس کی سزا موت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں اور میرا خاندان کبھی مفرور نہیں ہوا، میرا نواز شریف کے ساتھ غیر متزلزل رشتہ ہے، میں کمزور انسان ہوں اللہ عزت سلامت رکھے اور وفا کے رشتے نبھانے کی ہمت عطا فرمائے، آمین۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی