- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
پنجابی زبان کے شکسپیئر عظیم صوفی شاعر سید پیر وارث شاہ کے 225 سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز (کل) 23 ستمبر کو شیخوپورہ کے نواحی قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں مزار کو غسل دیکر کیا جائے گا ، عرس کی تقریبات 3 روز تک جاری رہیں گی اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہفتہ کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے سالانہ عرس کی تقریبا ت میں پنجابی مشاعرہ ، آل پاکستان مقابلہ ہیر گائیکی اور صوفی نائٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پیر سید وارث شاہ کے مزار پر علاقائی ثقافت پر مشتمل اسٹال بھی لگائے گئے ہیں۔عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند شرکت کریں گے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر/ ڈائریکٹر جنرل پنجاب کونسل آف دی آرٹس سید بلال حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وارث شاہ کی پوری شاعری میں پنجاب کی تہذیب و ثقافت کا عکس ایک شفاف آئینہ کی طرح نظر آتا ہے اور اسی کے ساتھ ہی اسلامی روایات کا پرچار بھی خوب احسن طریقے سے کیا گیا ہے۔ قِصہ ہیر رانجھا ایک عشق کی داستان ہے ، یہ داستان عشق ابرہیم بہلول کے عہد میں وقوع پذیر ہوا اور صدیاں گذر جانے کے باوجود بھی یہ قصہ آج تک زبان زد عام ہے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے کہا کہ پیر سید وارث شاہ کے 225 ویں سالانہ عرس کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔عرس کی 3 روزہ تقریبات کے دوران فول پروف سکیورٹی ، پارکنگ ، میڈیکل کیمپس اور دیگر انتظامات کے لئے ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جامع پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی