- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اورفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سوتر منڈی میں دھاگہ کی خرید و فروخت پر ہونے والی سٹہ بازی پر مکمل پابندی لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے جہاں سوتر کے نرخوں میں اضافہ ہورہا ہے وہیں دھاگے سے تیار ہونیوالی مصنوعات کی پیداواری لاگت بھی بڑھ رہی ہے جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں لہٰذا اگر سٹہ بازی روک دی جائے تو دھاگے کے نرخوں میں کمی یقینی ہوجا ئے گی۔اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رابطہ کمیٹی برائے ٹریڈنگ اور آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی رانا سکندر اعظم خاں کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اعجاز احمد ناگرہ،سابق چیئر مین چوہدری محمد نواز،رانا خرم اخلاق منج، چوہدری جاوید صادق کاہلوں،رانا عامر رضا، عمر فاروق کاہلوں،چوہدری احسان الحق، چوہدری اکرم واہلہ،ملک طاہر مجید، چوہدری مشتاق، رانا عظیم اور دیگرنے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی رانا سکندر اعظم خاں اورچیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اعجاز احمد ناگرہ نے کہا کہ سوتر منڈی میں جاری سٹہ بازی کا رجحان پاور لومز انڈسٹری کیلئے زہر قاتل ہے اس لئے اس کا فوری تدارک کرنا ہوگا۔اجلاس میں پاور لومز ایسوسی ایشن کے مسائل اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور ملک کو اس عفریت سے نجات کیلئے کوشش کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جب تک معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم نہیں ہوں گی ملک اقتصادی طور پر ترقی نہیں کرسکے گالہٰذا اس کیلئے ہمیں اپنی برآمدات بڑھانے کی طرف بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی