آئی این پی ویلتھ پی کے

اقوام متحدہ کے انسانی ترقی کے انڈیکس میں پاکستان 154 ویں نمبر سے 161 ویں نمبر پر آگیا

۲۸ اپریل، ۲۰۲۳

اقوام متحدہ کے انسانی ترقی کے انڈیکس میں پاکستان 154 ویں نمبر سے 161 ویں نمبر پر آگیا،مجموعی فی کس قومی آمدنی صرف 4,624 ڈالر ہے ،پاکستان کو معاشی ترقی کو تیز کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے انسانی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے ریسرچ اکانومسٹ ڈاکٹر محمود خالد نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی پر مسلسل اور موثر اخراجات ایک ہنر مند افرادی قوت بنانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور معیار زندگی کو بلند کرنے میں مدد کرتے ہیں۔انسانی ترقی کی سطح کا تعین کرنے کے لیے تین اہم اجزا فی کس آمدنی، تعلیم کی سطح اور صحت کی سطح کو شمار کرنے کی ضرورت ہے۔بدقسمتی سے پاکستان ان سماجی اشاریوں میں کافی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ برسوں کی متضاد معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں تعلیم کا معیار بگڑ رہا ہے، صحت کا کمزور انفراسٹرکچر اور فی کس آمدنی میں کمی آئی ہے۔سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ریسرچ فیلو ڈاکٹر زینب نعیم نے بتایا کہ انسانی وسائل کی ترقی میں سرمایہ کاری سے روزگار میں اضافہ ہوا ہے، تکنیکی موافقت کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ترقی یافتہ دنیا میں معیار زندگی میں بہتری آئی ہے۔

تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انسانی ترقی کا عمل حوصلہ افزا نہیں ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی ترقی کے انڈیکس 2021کے مطابق پاکستان 2020 میں 154 ویں نمبر سے 161 ویں نمبر پر آگیا۔ تازہ ترین ایچ ڈی آئی میں سوئٹزرلینڈ سرفہرست ہے جب کہ ناروے دوسرے نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش، بھوٹان اور بھارت درمیانے درجے کی انسانی ترقی کے زمرے میں ہیں۔ایچ ڈی آئی کی رپورٹ کے مطابق ایک اوسط پاکستانی صرف آٹھ سال کی تعلیم حاصل کرتا ہے۔ پیدائش کے وقت متوقع عمر 66 سال ہے اور مجموعی فی کس قومی آمدنی صرف 4,624 ڈالر ہے۔تعلیم پاکستان میں انتہائی نظر انداز کیے جانے والے شعبوں میں سے ایک رہی ہے۔ مختص کردہ اخراجات ناکافی ہیں اور اس کے استعمال میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ اساتذہ کی غیر حاضری، اسکول کا ناکافی ڈھانچہ اور تسلی بخش تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرنے میں ناکامی بڑے مسائل ہیں۔تعلیم کے گرتے ہوئے معیار کے ساتھ ساتھ ملک کا صحت کا نظام بھی کئی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے جن میں جنوبی ایشیا میں سب سے کم عمر کے بچوں کی اموات کی شرح، بڑے پیمانے پر غیر لیس انفراسٹرکچر، فی 10ہزار افراد پر صرف چھ ہسپتال بیڈ، جبکہ مریض کو ڈاکٹرکاتناسب تین سو پر ایک ہے۔پاکستان جنوب مشرقی ایشیا میں واقع ایک چھوٹے سے جزیرے سنگاپور سے سیکھ سکتا ہے جس نے خود کو ایک معاشی پاور ہاوس میں تبدیل کر لیا ہے۔ سنگاپور کی معاشی کامیابی کا راز تعلیم اور انسانی سرمائے کی ترقی میں بھاری سرمایہ کاری ہے۔ ایک جامع سماجی تحفظ کے نظام کو نافذ کرنا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ملک کی ترقی میں اہم عوامل ثابت ہوا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی