آئی این پی ویلتھ پی کے

باغبان بیر کے پھل کو نقصان سے بچانے کیلئے پھل کی مکھی کا بروقت تدارک یقینی بنائیں، ماہرین جامعہ زرعیہ

۱۴ فروری، ۲۰۲۳

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے باغبانوں و کاشتکاروں کو بیر کے پھل کو نقصان سے بچانے کیلئے پھل کی مکھی کا بروقت تدارک یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ آج کل کے ایام میں پھل کی مکھی بیر پر حملہ آور ہو کر فصل کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جا ئے۔انہوں نے کہاکہ موسم کی تبدیلی اور بہار کے آغازپر پھل کی مکھی بیر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے کیونکہ اس کا حملہ پھل کی بڑھوتری کے مراحل میں ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مکھی پھل میں سوراخ کرکے بیر کے اندر انڈے دیتی ہے اور اس کے بچے پھل کی شکل کو خراب کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے باغات میں جنسی پھندے لگائے جائیں اور متاثرہ پھل کو توڑ کرزمین میں دبادیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پتوں کی سڑن کی بیماری بارش ہونے کی صورت میں پھل پر منتقل ہو جاتی ہے جس سے پھل کی شکل خراب ہونے سمیت بیر کے گلنے سڑنے کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ گلہریاں، چڑیاں اور دیگر پرندے بھی بیر کے پھل کو کھا کر نقصان کرتے ہیں لہٰذ ا ان پرندوں اور گلہریوں کو بھگانے کیلئے پٹاخے چلائے جائیں اور دیگر انسدادی اقدامات بھی کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بیر کو کیڑوں اور بیماریوں سے بچانے کیلئے ماہرین زراعت کا سفارش کردہ پھپھوند کش سپرے بھی کیا جا سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان و کاشتکار اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی