آئی این پی ویلتھ پی کے

چین اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے سروس ٹریڈ کے مزید مواقع پیدا ہوں گے،ویلتھ پاک

۱ نومبر، ۲۰۲۲

چین اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے سروس ٹریڈ کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ دوطرفہ تجارت اگلے پانچ سالوں میں 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی،رواں مالی سال تجارتی حجم 32 بلین ڈالرمتوقع، سی پیک منصوبہ پاکستان میں ترقی کی علامت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ بن گیا ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کے صنعتی شعبے کو جدید کاری اور اپنی کارکردگی اور مسابقت کو بہتر بنانے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی صنعتوں کو اپنی سپلائی چینز کو ہموار کرنے، تعاون اور اختراعی صلاحیتوں کو بڑھانے اور بڑے پیمانے کی معیشتوں سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گی۔خصوصی اقتصادی زونز میزبان ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہیںجس کے نتیجے میں اعلی زرمبادلہ کی آمدنی، برآمدات، حکومتی محصولات اور روزگار پیدا ہوتا ہے۔ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے سی پیک اتھارٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور پالیسی ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر لیاقت علی شاہ نے کہاکہ سی پی ای سی کے دوسرے مرحلے کے تحت ملک بھر میں بنائے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز مزید بڑھیں گے۔ پاکستان کی صنعتی ترقی پر بہت زیادہ توجہ مرکوز ہے جو معاشی ترقی کے ضروری ذرائع فراہم کرے گا اور ملک میں مزید روزگار پیدا کرنے میں مدد کرے گی۔سی پیک کے منصوبے موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال بغیر کسی تاخیر کے خصوصی اقتصادی زونز پر کام کو تیز کرنے پر گہری توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون اس سال فعال ہو جائے گاکیونکہ وہاں تمام ضروریات بشمول یوٹیلیٹیز دستیاب کر دی گئی ہیں۔ڈاکٹر لیاقت نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونز مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات فراہم کرتے ہیں۔ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک جرمن وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ہے اور گوادر کی گہری بندرگاہ اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری کی آمد کو راغب کرنے تجارت سے متعلق سرمایہ کاری کے اقدامات کو نافذ کرنے اور چینی کمپنیوں سے مزید ایف ڈی آئی کی آمد کو تلاش کرنے اور محفوظ کرنے کے لیے ایک جامع، مقصد پر مبنی اور سخت نقطہ نظر تیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔سی پی ای سی کے ذریعے معیشت کی جدید کاری نے ہماری معیشت پر بہت اچھا اثر ڈالا ہے۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ ملک میں کاروبار کرنے کی بہتر سہولتوں سے پوری طرح مستفید ہوں اور پاکستان کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے ذریعے گوادر فری زون میںپیش کیے جانے والے مواقع سے استفادہ کریں۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اندرونی اور درآمدی ٹیکسوں سے استثنی کی صورت میں مراعات حاصل ہونگی۔ویلتھ پاک سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سٹڈی سنٹر، پشاور یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کہاکہ گوادر سمیت مزید جدید ووکیشنل اور ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس کو چین کے تعاون سے قائم کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے پیشہ ورانہ اور تکنیکی ادارے جدید اور نفیس ہیں۔ ان اداروں کے ماسٹر ٹرینرز کو اپنے علم کا اشتراک کرنے کے لیے مدعو کیا جا سکتا ہے۔ چینی اداروں کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت کے تعلقات قائم کرناہونگے۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر بدروز زمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے سروس ٹریڈ کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اگلے پانچ سالوں میں 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال تجارتی حجم 32 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔گیم چینجر سی پیک منصوبہ پاکستان میں پرامن ترقی کی علامت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2021-22 کے پہلے پانچ مہینوں میں چین کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 1.60 بلین ڈالر سے تجاوز کر گیا جو کہ سال بہ سال کی بنیاد پر 5.42 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی