- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
چینی زبان پاکستان میں تیزی سے مقبول ہونے لگی،متعدد یونیورسٹیوں میں چائنا سٹڈی سنٹرز قائم ،اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ سرفہرست،طلبہ میں چینی زبان سیکھنے کا رجحان بڑھنے لگا،سی پیک میں چینی ملازمتوں کے مواقع کی وجہ سے طلبا کی تعداد میں اضافہ، پاکستانی یونیورسٹیوں کے چینی جامعات کے ساتھ معاہدے۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی زبانوں میںچینی زبان حالیہ برسوں میں پاکستان میں تیزی سے مقبول ہوئی ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگ ملک بھر کے مختلف زبانوں کے اداروں میں داخلہ لے رہے ہیں۔چینی زبان کے کورسز کے لیے بڑھتے ہوئے اندراج کی وجہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور اب بہت سے پاکستانی کاروبار، روزگار اور تعلیم کے مواقع کے لیے چین کا سفر کرتے ہیں۔ویلتھ پاک سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی میں پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کہاکہ پاکستان میں بہت سی یونیورسٹیوں نے چائنا سٹڈی سنٹرز قائم کیے ہیں اور بہت سی مزید چینی زبان سیکھنے کے مراکز چلا رہی ہیں۔ متعدد پاکستانی یونیورسٹیوں نے چینی جامعات کے ساتھ معاہدے اور شراکت داری کی ہے اورپشاور یونیورسٹی نے صوبے میں پہلا چائنا سٹڈی سنٹر قائم کر کے ایک برتری حاصل کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مرکز کا مقصد چین کے ساتھ تحقیق، سیکھنے، منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور لوگوں کے درمیان رابطوں کے ذریعے روابط پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز پشاور یونیورسٹی کو چین کے علم کا ایک بھرپور ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔ڈاکٹر فخر نے مزید کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان میں چینی زبان کا دائرہ بڑھایا ہے۔ کاروبار اور روزگار کے لیے سی پیک کے مواقع تلاش کرنے کے لیے لوگوں نے چینی زبان سیکھنے کی اہمیت کو تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر ژانگ وی نے کہاکہ پاکستان میں ثقافتی تعامل کے تمام پلیٹ فارمز میں سے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور انہیں چینی زبان اور ثقافت کا علم فراہم کرنے میںبہترین قرار دیا جاتا ہے۔
ہمارا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ڈاکٹر ژانگ نے مزید کہاکہ چینی فنڈنگ سے پاکستان میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ پاکستان اپنی مختلف یونیورسٹیوں میں ان اداروں اور پروگراموں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ 4 اپریل 2005 کو قائم ہونے والے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نمل اسلام آباد کو مسلم دنیا کا سب سے پہلا کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ چینی ملازمتوں کے مواقع کی وجہ سے وقت کے ساتھ ساتھ طلبا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔نمل کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے 2019 میں انڈرگریجویٹ پروگرام کا آغاز کیا۔ یہ مختلف قسم کے کورسز پیش کرتا ہے جو طلبا کو چینی زبان، فنون اور ثقافت کی جامع سمجھ فراہم کرتا ہے۔ کنفیوشس کے یہ ادارے چینی ثقافت کی گہرائی سے سمجھ حاصل کرنے کے لیے طلبہ اور اساتذہ کو بھی چین بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے کی طرف جوش و خروش دیکھا گیا ہے کیونکہ یہ پاکستان میں عام لوگوں کے لیے نئی راہیں کھولنے کا گیٹ وے ہے۔ چین اور پاکستان کا مقصد خطے میں استحکام اور ترقی ہے۔ سی پیک اوربیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو نے لوگوں کے لیے راستے کھولے ہیں اس لیے جو لوگ اسے سیکھیں گے وہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ملک کے روزگار کے حالات کو دیکھتے ہوئے سی پیک منصوبہ ملازمتوں کی بہتات کے لئے ایک افزائش گاہ رہا ہے۔ چینی زبان مالی فوائد کے ساتھ اچھی ملازمت تلاش کرنے کے ان کے رجحان میں اضافہ کرے گی۔ پاکستانیوں کے لیے زبان کی رکاوٹ کو دور کرکے چینی زبان سیکھنے کا یہ ایک بہتر طریقہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی