- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
دسمبر 2022 کے آخر تک ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کا کمرشل آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ،بینک کا مجاز سرمایہ 100 ارب روپے جسے 10 روپے کے 10 ارب عام حصص میں تقسیم کیا گیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایگزم بینک کے آپریشنلائزیشن میں مدد کے لیے 5 لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد کی منظوری دیدی۔ ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق حکومت برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو کریڈٹ، گارنٹی اور انشورنس فراہم کرکے بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کے لیے دسمبر 2022 کے آخر تک ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کا کمرشل آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو قانون سازی اور ریگولیٹری منظوری کے بعد چار سے چھ ہفتوں کے اندر کاروبار شروع کرنے کے لیے تیار ہو جائے گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ایگزم بینک آف پاکستان بل 2022 کی دفعات کے نفاذ کے لیے قانونی، انتظامی اور دیگر ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کریں گے۔ اسٹیٹ بینک نے بینک کو درپیش اہم خطرات، تخفیف کی تکنیکوں، محکموں کی پالیسیوں اور طریقہ کار کے بارے میں بھی وضاحت طلب کی ہے۔ بینک کے بنیادی ڈھانچے کے طور پر جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، فزیکل انفراسٹرکچر، برانچ نیٹ ورک اور تازہ ترین مصنوعات کی تفصیلات شامل ہیں، بینک تمام ضروریات کو پورا کرنے اور منظوری حاصل کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک کے ساتھ رابطے میں ہے جس کے بعد اسٹیٹ بینک متعلقہ بینک کو کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے گا۔ ایس ای سی پی سے بھی باضابطہ منظوری حاصل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
ایگزم بینک آف پاکستان لمیٹڈ کی تبدیلی ایس ای سی پی کی محدود ذمہ داری کمپنی سے ایک کارپوریشن میں کی جا رہی ہے۔ یہ بل پہلے ہی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہو چکا ہے اور صدر پاکستان سے اس کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ حکومت نے بین الاقوامی تجارت اور برآمدات پر مبنی صنعتوں کے فروغ اور ترقی کے ساتھ ساتھ قومی اقتصادی مفاد میں درآمدات کے متبادل کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیںاور حکومت بین الاقوامی تجارت کے فروغ، توسیع اور تنوع کے لیے قومی برآمدی کریڈٹ ایجنسی کے طور پر ایگزم بینک قائم کرنا چاہتی ہے۔ یہ بل تجارت کی ترقی، برآمدات میں معاونت اور معیشت کے لیے درآمدی متبادل معاونت سے متعلق ہے۔ اوسطا تقریبا 70 فیصدانشورنس رسک بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ دوبارہ بیمہ کیا جائے گا۔ بینک کو 09 جون 2015 کو ایک ترقیاتی مالیاتی ادارہ قرار دیا گیا تھا اور کمپنیز آرڈیننس، 1984 کے تحت جون 2015 کو حصص کے ذریعے محدود کمپنی کے طور پر ایس ای سی پی کے ساتھ شامل کیا گیا تھا۔ 2018 میں، حکومت پاکستان کی درخواست پرایشیائی ترقیاتی بینک نے ایگزم بینک کے آپریشنلائزیشن میں مدد کے لیے 5 لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد کی منظوری دی۔
تکنیکی معاونت کے بہت اہم اجزا میں سے ایک ایگزم بینک بل کا مسودہ تیار کرنا تھاجس میں بینک کو ملک کی برآمدات کے لیے ضروری فنانسنگ اور انشورنس مصنوعات فراہم کرکے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کو پورا کرنے کے لیے ضروری اختیارات فراہم کیے گئے تھے۔ بینک کا مجاز سرمایہ 100 ارب روپے ہے جسے 10 روپے کے 10 ارب عام حصص میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بینک کا 100 فیصد حصہ حکومت کے پاس ہے۔ بینک کا ابتدائی ادا شدہ سرمایہ 10 ارب روپے ہو گا جسے برابر قیمت پر ایک ارب مکمل ادا شدہ حصص میں تقسیم کیا جائے گا جو مکمل طور پر وفاقی حکومت کی طرف سے سبسکرائب کیا جائے گا۔ حکومت نے موجودہ بجٹ میں بینک کے لیے ادا شدہ سرمائے کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ تجزیہ کاروں نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ایگزم بینک کو جلد از جلد آپریشنل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی