آئی این پی ویلتھ پی کے

فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ کے سپیشل اکنامک زون اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں متعدد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے یونٹ فعال ہوچکے ہیں،سی ای اوفیڈمک محمد تنویر جبار

۱ فروری، ۲۰۲۳

فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد تنویر جبارنے کہا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ کے سپیشل اکنامک زون اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں چین، برطانیہ،ترکیہ اور سعودی عرب سمیت متعدد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے یونٹ فعال ہوچکے ہیں جنہیں بجلی،پانی،گیس اور سیوریج سمیت دیگر سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں، آئندہ برس کے اختتام پر127ایکڑاراضی پر ایکسپوسنٹراور80 ایکڑپر 500بستروں پر مشتمل ہسپتال اور1ایکڑپر محیط انڈسڑیل نالج پارک بھی فعال ہوجائے گا، ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف60 ہزار مقامی افراد مستفید ہوں گے بلکہ ہنر مندلوگوں کوہزاروں نوکریاں بھی فراہم کی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے فیڈمک کا دورہ کرنے والے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت افسران سے بات چیت کے دوران کہی،فیڈمک کے سی ای او محمد تنویر جباراور دیگر حکام نے زیر تربیت افسران کا استقبال کیا۔اس موقع پرسی ای او محمد تنویر جبار نے افسران کو فیڈمک کے زیر انتظام جاری مختلف منصوبوں اور ان میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکیوں کی حفاظت،مطلوبہ تعداد میں تربیت یا فتہ افرادی قوت کی فراہمی اور ملک کی موجود معاشی صورت حال میں بہتری کیلئے بھرپور کردار جیسے اقدامات کئے جارہے ہیں۔بعدازاں تربیتی افسران نے انڈسٹریل ایریا میں قائم مختلف کمپنیوں کے پراسیسنگ یونٹس کابھی معائنہ کیااور وہاں پروڈکشن سمیت مختلف امور بارے معلومات حاصل کیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی