- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے پاکستان کا اخراج ملک کے لیے نیک شگون،براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیاں تیز ہونگی، اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان،روپے کی قدر 200تک آنے کا امکان،سیاسی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں قائم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے پاکستان کا اخراج ملک کے لیے نیک شگون ہے کہ وہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کر کے کاروباری ماحول کو بہتر کر سکے اور اس کے لیے دیگر ذرائع کھول سکے۔ اقتصادی استحکام کی ضمانت کے لیے سیاسی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ایکویٹی ٹریڈر اور جنرل انویسٹمنٹ اینڈ سیکیورٹیز کے مارکیٹ تجزیہ کار محمد ذیشان نے ویلتھ پاک کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ گرے لسٹ سے باہر نکلنے سے ملک کی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی اور دیگر معاشی اشاریوں پر اچھااثر پڑے گا۔انہوں نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو اس کی حقیقی صلاحیت کے ادراک سے روکنے میں حائل رکاوٹوں پر بھی روشنی ڈالی۔جی آئی ایس بڑی تعداد میں ادارہ جاتی، کارپوریٹ، اعلی مالیت والے افراد اور کلائنٹس کو بروکریج اور کارپوریٹ فنانسنگ کی خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔
اس نے 2002 میں بروکریج خدمات پیش کرنا شروع کیں اور فی الحال کارپوریٹ فنانس سروسز انڈسٹری میں اس کا بڑا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل گیا ہے جو موجودہ مایوس کن معاشی صورتحال میں تازہ ہوا کا سانس ہے اور مارکیٹ نے اس پر مثبت ردعمل دیا ہے۔ عالمی انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے ادارے کا یہ فیصلہ یقینا عالمی برادری کا پاکستان کی چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت پر اعتماد پیدا کرے گا لیکن یہ مارکیٹ میں بہتری لانے کے لیے کافی نہیں ہے کیونکہ سیاسی استحکام سب سے اہم عنصر ہے جو آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی سطح پر اسٹاک مارکیٹ کے تین رجحانات ہیںجن میں تیزی کا رجحان، مندی کا رجحان اور ملا جلا رجحان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار ایکویٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کرتے ہیں جب کوئی اسٹاک ایک طرف ٹریڈنگ کر رہا ہوتا ہے اور پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ ایک طویل عرصے سے اس مرحلے میں ہے۔اس کی وجہ غیر مستحکم سیاسی ماحول، سنگین معاشی صورتحال، غیر ملکی ذخائر میں کمی اور سود کی بلند شرح جیسے کئی عوامل ہیں۔
ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں کوئی بھی اضافہ یا شرح سود میں کمی مارکیٹ کے حالات میں مدد کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی شرح سود کا موازنہ امریکہ میں موجود شرح سود سے نہیں کر سکتے لیکن فیڈ کی شرح سود میں اضافے کو اس بات کی علامت سے تعبیر کیا جا سکتا ہے کہ شرحیں ہر جگہ بڑھ رہی ہیں۔ ہمارے منظر نامے میںشرح سود تبھی بڑھ سکتی ہے جب ہم اپنی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے اور ملک میں زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ پاکستان میں شرح سود پہلے ہی اپنی بلند ترین سطح پر ہے اور مزید کوئی اضافہ معیشت کے لیے تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔کاروبار اور اقتصادی ترقی کی قیمت پر بینک محفوظ پناہ گاہوں میں تبدیل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری تحقیق کی بنیاد پر ایک ڈالر کی حقیقی شرح مبادلہ 195 اور 200 کے درمیان ہے۔ اگرچہ درآمدات اور برآمدات کے لیے ادا کی جانے والی رقوم میں بہت بڑا تفاوت ہے پھر بھی شرح مبادلہ کے اتار چڑھاو کے لیے بنیادی طور پر مارکیٹ کی قیاس آرائیاں ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی بدامنی بحران کو جنم دیتی ہے جس سے عوام اور سرمایہ کاروں کو غیر ملکی کرنسی کی خریداری کی دوڑمیں ڈال دیا جاتا ہے جس سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی