آئی این پی ویلتھ پی کے

حالیہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان میں پیداوار اور محصولات میں کمی اور پیداواری لاگت میں اضافہ

۱۴ اکتوبر، ۲۰۲۲

حالیہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان میں پیداوار اور محصولات میں کمی اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا،تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی میں فوری حکومتی امدادکی اشد ضرورت،لاجسٹکس کی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر منجمد، پروسیسنگ یونٹس کو خام مال کی فراہمی رک گئی،معدنیات پر مبنی صنعتیں جزوی یا مکمل طور پر بند ،سپلائی چین ٹوٹ جانے کی وجہ سے گوداموں میں پڑی اجناس خراب۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق حالیہ تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں سماجی و اقتصادی سرگرمیوں کو تباہ کر دیا جس سے پیداوار اور محصولات میں کمی اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہواہے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی میں فوری حکومتی مداخلت کی اشد ضرورت ہے۔کان کنی کا شعبہ، جو ہنر مند،غیر ہنر مند افرادی قوت کے لیے آمدنی پیدا کرنے کے اہم ذرائع میں سے ایک ہے کو بھی سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔اسلام آباد میں قائم گلوبل مائننگ کمپنی کے پرنسپل جیولوجسٹ اور پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سابق جنرل منیجر جیولوجی محمد یعقوب شاہ نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نے انفراسٹرکچر کو بری طرح تباہ کر دیا ہے جو ہر صنعت اور گھریلو لاجسٹکس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔

کان کنی کے شعبے میںلاجسٹکس سے متعلق تقریبا تمام سرگرمیاں مکمل طور پر منجمد ہیں جس کی وجہ سے کم سے کم برآمدات ہوتی ہیں اور پروسیسنگ یونٹس کو خام مال کی فراہمی میں تقریبا خلل پڑتا ہے۔ کان کنی کی پیداوار مارکیٹ تک نہیں پہنچ رہی ہے جس سے معاشی آمد و اخراج کا دائرہ متاثر ہواہے۔معدنیات پر مبنی صنعتیں جزوی یا مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں۔ کان کنی کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے اور محنت کش سرگرمیاں بہت مہنگی ہو گئی ہیں۔ مائننگ کمپنیوں اور دیگر ویلیو ایڈنگ پروسیسنگ یونٹس نے بھی اپنا کام روک دیا ہے کیونکہ وہ ادائیگیاں وصول نہیں کر رہے اور ملازمین کو ادائیگی کرنے کے قابل نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ عنصر بے روزگاری اور غربت پیدا کر رہا ہے جس سے حکومت کو جلد از جلد اس صورتحال سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ مہمند دادا منرلز مائننگ کمپنی کے ڈائریکٹر مائننگ جنوبی ریجن ہارون الرشید نے کہا کہ کان کنی کا بنیادی ڈھانچہ خاص طور پر گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہ ہو گیا ہے جس سے معاش متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کہ کمپنیاں انہیں معاوضہ دینے کی کوشش کر رہی ہیںروزمرہ کا روزگارہنر مند،غیر ہنر مند کارکنوں کے لیے ایک ڈراونا خواب بن گیا ہے۔سپلائی چین ٹوٹ جانے کی وجہ سے گوداموں میں فصلیں پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پروسیسنگ یونٹس اور افرادی قوت کو ٹریک پر رکھنے کے لیے سرمائے کی کمی ہے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی