آئی این پی ویلتھ پی کے

یو بی جی نے ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ میں ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظورکئے جانے پر غووخوص شروع کردیا

۲۱ دسمبر، ۲۰۲۲

یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) نے وزیر تجارت نوید قمرکی جانب سے پیش کردہ ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ میں ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظورکئے جانے پر غووخوص شروع کردیا ہے اور ترمیمی بل کی منظوری کے تناظر میں ایف پی سی سی آئی کے آئندہ الیکشن کیلئے حکمت عملی بنانے کی تیاری شروع کردی ہے۔یو بی جی کے صدر زبیرطفیل کی صدا رت میں یو بی جی کی کورکمیٹی کے سندھ سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ ایف پی سی سی آئی میں سال2023کے انتخابات کیلئے قوی امکان ہے کہ ترمیمی بل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان متوقع ہے اس لئے سندھ بھر میں تمام اراکین کو سرگرمی کے ساتھ تیاریاں کرنے اورآئندہ الیکشن میں بھرپور انداز میںحصہ لینے کیلئے سرگرم ہوجائیں۔یو بی جی کے ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایس ایم تنویر،یو بی جی سندھ کے چیئرمین خالدتواب اور سیکریٹری جنرل حنیف گوہر،سرداریاسین ملک،یو بی جی کراچی کے صدر احمدچنائے،سابق سینئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی سید مظہر اے ناصر، شکیل احمدڈھینگڑا، ملک خدابخش،گلزارفیروز،مرزااختیار بیگ اور دیگر بھی موجود تھے۔

زبیرطفیل نے اس موقع پر کہا کہ ہم باتوں پر نہیں کام اور خدمت پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان بھر میںیونائیٹڈ بزنس گروپ کی بھرپور سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں اورفیڈریشن چیمبر کے سال2023کے انتخابات میں یو بی جی کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ زبیرطفیل نے مزیدملک بھر کی بزنس کمیونٹی گوناگوں مسائل سے دوچار ہے اور فیڈریشن میں موجودہ برسراقتدار گروپ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں ناکام رہا ہے، یونائیٹڈ بزنس گروپ الیکشن میں کامیابی کے بعد تاجروں کی بھرپور انداز میں نمائندگی کرے گا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ گروپ ہے اور ہم اپنے بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے اور یو بی جی کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ ملک کی بزنس کمیونٹی پاکستان کے سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور پاکستان بننے کا سب سے زیادہ فائدہ بھی بزنس کمیونٹی کو ہوا ہے، ہمارا مرنا اور جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ملک کی معاشی پالیسیاں تاجروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر مشاورت سے بنائی جائیں گی اور تاجروں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے گا۔ خالدتواب نے کہا کہ ہم اپنے قائد ایس ایم منیر کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور انکی خواہش پر ہم الیکشن میں کامیابی کے بعد ایک بار پھر فیڈریشن کو مالی طور پر نہ صرف کامیا ب ادارہ بنائیں گے بلکہ کاروباری برادری کی دوبارہ فیڈریشن تک دسترس آسان ہوگی ۔ حنیف گوہر نے کہا کہ اس بار سندھ کے ووٹرز اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے یو بی جی کو بھرپور کامیابی کے ساتھ فیڈریشن کا برسراقتدار گروپ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اب فیڈریشن کے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کے دروازے بند ہونگے اور حق اور انصاف کو بالادستی حاصل ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی