آئی این پی ویلتھ پی کے

نئی اقسام اور موثر انتظامی طریقوں سے پاکستان میں کیلے کی پیداوار میں بہتری آ سکتی ہے

۲۲ دسمبر، ۲۰۲۲

نئی اقسام اور موثر انتظامی طریقوں سے پاکستان میں کیلے کی پیداوار میں بہتری آ سکتی ہے،سندھ سیڈ کی جانب سے صوبہ سندھ کے لیے دو نئی اقسام نیگیب ون اور ٹو متعارف،نئی اقسام نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومک اینڈ ایڈوانس بائیو ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے تیار کی ہیں، ٹشو کلچر کے ذریعے بیماریوں سے پاک تین لاکھ پودے تیار ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق نئی اقسام کا تعارف اور بہتر انتظامی طریقوں سے پاکستان میں کیلے کی پیداوار میں بہتری آ سکتی ہے کیونکہ کیلے کی کاشت دیہی ترقی اور غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کیلا 400 ملین لوگوں کے لیے ضروری غذائی ضمیمہ ہے اور 600 ملین لوگوں کے لیے روزمرہ کی توانائی کا بنیادی ذریعہ ہے۔سندھ سیڈ کی جانب سے صوبہ سندھ کے لیے دو نئی اقسام کی ترقی سے پاکستان میں کیلے کی پیداوار میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔این اے آر سی کے عہدیدار ڈاکٹر اقبال نے ویلتھ پاک سے گفتگو میں کہا کہ دو نئی اقسام نیگیب ون اور ٹو کیلے کی پیداوار میں اضافہ کریں گی جس کے نتیجے میں ملک کو اپنی گھریلو ضروریات کو پورا کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ ڈاکٹر اقبال نے کہا کہ کیلے کی نئی اقسام نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومک اینڈ ایڈوانس بائیو ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے تیار کی ہیںجس نے اب تک ٹشو کلچر کے ذریعے بیماریوں سے پاک تین لاکھ پودے تیار کیے ہیں۔

کیلے کے نئے لگائے گئے پودے گول کیڑے، وائرس اور کیڑوں سے پاک ہیں۔ مزید برآں قرنطینہ سے محدود جگہوں سے باہر کیلے کے درختوں کے لیے پودے لگانے کا مواد قانونی طور پر حاصل کرنے کا واحد مجاز ذریعہ ٹشو سے اگائے جانے والے پودوں کے ذریعے ہے۔انہوں نے کہاکہ کیلے دنیا کے سب سے زیادہ برآمد کیے جانے والے تازہ پھل ہیںجس کی سالانہ برآمدات کا حجم 10 بلین ڈالرہے۔ ترقی پذیر ممالک میں ہزاروں دیہی گھرانے اپنے خاندانوں کی دیکھ بھال کے لیے آمدنی کے ایک لازمی ذریعہ کے طور پر ان پر انحصار کرتے ہیں۔ کیلا بھی پاکستان میں ایک اہم فصل ہے۔ ویلتھ پاک کی تحقیق کے مطابق کیلا پاکستان کے تقریبا 93 فیصد رقبے اور پیداوار کا 83 فیصد صوبہ سندھ میں پایا جاتا ہے، اس کے بعد خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے صوبے ہیں۔

دوسرے پھلوں اور سبزیوں کے مقابلے میں کم شیلف لائف یہی وجہ ہے کہ کیلے کی فصل کا تقریبا 40فیصدہر سال ضائع ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر اقبال نے کہاکہ کٹائی کے بعد کے مرحلے میں اس طرح کے نقصانات کو کم کرنا، بڑھتی ہوئی گھریلو مانگ کو پورا کرنا اور عالمی منڈی میں مجموعی طور پر مسابقت برقرار رکھنا ضروری ہے۔ تجارتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زراعت کی نئی تکنیکوں کو اپنانے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ڈاکٹر اقبال نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ تمام فریقوں کو شامل کرے اور ایک ایسا نظام تشکیل دے جس کے ذریعے کاشتکار سائنسی علوم سے رابطہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کے فروغ کے پروگرام شروع کرنا اور مائیکرو فنانس فراہم کرناناگزیر ہے اورخاص طور پر دیہی علاقوں میں مزید اقدامات کرنے چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی