آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان کی مچھلی کی برآمدات رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 52 فیصد اضافہ ،8ارب روپے تک پہنچ گئیں

۲۱ ستمبر، ۲۰۲۲

پاکستان کی مچھلی کی برآمدات رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں 52 فیصد بڑھ کر8ارب روپے تک پہنچ گئیں،جولائی اور اگست میں 15ہزار ٹن مچھلی برآمد کی گئی،سی فوڈز کی برآمدات میں اضافے کیلئے ایکوا کلچر کے مضبوط انفراسٹرکچر کی ضرورت ، چینی سرمایہ کار اپنے فارم اور ہیچریاں قائم کر کے برآمدات کو بڑھانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو پیداواری صلاحیت اور برآمدات میں اضافے کے لیے صنعت سے وابستہ افراد کی استعداد کار بڑھانے کے علاوہ مخصوص علاقوں میں ایکوا کلچر کے مضبوط انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین مسلم محمدی نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر قیمتی زرمبادلہ کمانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے درست اقدامات کیے جائیں تو پاکستان کی مچھلی کی برآمدات کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

پاکستان کی سمندری غذا کی برآمدات رواں مالی سال 2022-23 کے پہلے دو مہینوں میں 52 فیصد بڑھ کر8ارب روپے تک پہنچ گئیں جو کہ گزشتہ مالی سال 2021-22 کی اسی مدت کے دوران4ارب روپے تھیں۔ مقدار کے لحاظ سے رواںمالی سال کے پہلے دو مہینوں میں سمندری غذا کی تجارت 42.56 فیصد اضافے سے 15,864 ٹن تک پہنچ گئی جو مالی سال 22 کی اسی مدت میں 11,128 ٹن تھی۔ اگست 2022 میں سمندری غذا کی برآمدات 5 فیصد اضافے سے 19 ملین ڈالر ہو گئیںجو جولائی میں18ملین ڈالر تھیں۔ پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مسلم محمدی نے توقع ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے دوران ملک کی جھینگے کی پیداوار اور برآمدات میں صحت مند اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 23 کے جولائی تا اگست کی مدت میں گوشت کی مجموعی برآمدات 65 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ مالی سال 22 کی اسی مدت میں 49 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں اور یہ32.71 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہیں۔

پاکستان کی گوشت کی کل برآمدات53.27 فیصد بڑھ کر اگست 2022 میں 39.79 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو جولائی 2022 میں 25.96 ملین ڈالر تھیں۔سال بہ سال گوشت کی برآمدات میں 56.16 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں مجموعی طور پر فوڈ گروپ کی برآمدات میں مالی سال 22 کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.79 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا اگست 2022-23 کے دوران مختلف غذائی اجناس چاول، سبزیاں، پھل،تیل کے بیج، گوشت، مچھلی، مصالحے 725 ملین ڈالر کی برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں 660 ملین ڈالر کی برآمدات تھیں۔ مالی سال 23 کے پہلے دو مہینوں میں ملک کی کل برآمدات میں 3.75 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 4.75 ارب ڈالر رہی جو مالی سال 22 کی اسی مدت میں 4.58 ارب ڈالر تھی۔ مسلم محمدی نے کہا کہ سمندری غذا کی پیداوار اور جھینگے کے کاروبار کو بڑھانے کے لیے کسانوں کو اچھے معیار کی سستی اور آسانی سے دستیاب ایکوا فیڈ کی ضرورت ہے جسے چینی سرمایہ کاری کی مدد سے دستیاب کیا جا سکتا ہے۔ مسلم محمدی نے کہا کہ چینی سرمایہ کار مچھلی کی نئی نسلیں لا سکتے ہیں اور اپنے فارم اور ہیچریاں قائم کر سکتے ہیں اور ان مصنوعات کو کسانوں کو فروخت کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ ان کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد کر سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی