آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان کو عالمی معیاری سمندری غذا کی مصنوعات برآمد کرنیکیلئے مزید ہائی ٹیک کوالٹی ٹیسٹ لیبز کی ضرورت ہے

۲۴ مارچ، ۲۰۲۳

سمندری غذا کی صنعت عالمی معیشت کا انتہائی منافع بخش اور پائیدار شعبہ ہے۔ پاکستان کو عالمی معیاری سمندری غذا کی مصنوعات برآمد کرنے کے لیے مزید ہائی ٹیک کوالٹی ٹیسٹ لیبز کی ضرورت ہے جس سے اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ ہوگا اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اس صنعت کو قائم کرنے کی ترغیب ملے گی۔پاکستان سے معیاری سمندری خوراک کی برآمد کے بارے میں ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات نے کہاکہ بین الاقوامی طور پر کوالٹی ایشورنس سمندری خوراک کی برآمد کا ایک اہم حصہ ہے۔ بین الاقوامی معیارات کو پورا کرنے کے لیے ہم نے ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ ہم نے ایک وسیع پیمانے پر ہائی ٹیک آئی ایس او2025تصدیق شدہ لیبارٹری قائم کی ہے۔ سمندری غذا کے معیار کی یقین دہانی کے لیے یہاں تقریبا تمام قسم کے اقدامات کیے جاتے ہیںجس میں میگنیشیم، کیلشیم اور سوڈیم کی سطح کی نگرانی، معیاری پیلاجک آرگنزم ڈیکلائن اور ٹیسٹ، بیکٹیریا سے متعلق مائکرو بائیولوجیکل ٹیسٹ، ہسٹامین اور کلورامفینیکول تجزیہ شامل ہیں۔ ہسٹامین کی قسم کی آلودگی زیادہ تر باسی مچھلیوں میں ہوتی ہے۔ بھاری دھاتوں کی موجودگی کو بھی یہاں جانچنا ممکن ہے۔ یورپی یونین میں سب سے زیادہ مطالبہ اور عام معیار یہ ہے کہ سمندری غذا ہسٹامین، کلورامفینیکول اور بھاری دھاتوں سے پاک ہونی چاہیے۔ ہماری لیب ان تمام پیرامیٹرز کو پورا کرتی ہے تاکہ پروسیسرڈ یا ویلیو ایڈڈ سمندری غذا کو مشرق وسطی، یورپی اور دیگر مارکیٹوں میں برآمد کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ملک کسی بھی قسم کے سمندری غذا کا آرڈر دیتا ہے تو وہ تمام مطلوبہ معیار کے اقدامات کی فہرست فراہم کرتا ہے اور مصنوعات کا معیار مختلف ہو سکتا ہے لیکن زیادہ تر یہ ایک ہی معیار کے ہوتے ہیں۔ڈاکٹر سکندر حیات نے کہا کہ پاکستان میں مزید ہائی ٹیک کوالٹی ٹیسٹ لیبز قائم کرنا ضروری ہے جو یہاں اس صنعت کو ترقی دینے کے لیے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سمندری خوراک کی صنعت ایک انتہائی منافع بخش اور پائیدار اقتصادی شعبہ ہے۔ اس شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس شعبے کے قیام سے روزگار کی نئی منڈی کھلے گی، جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا اور سمندری خوراک کی برآمدات کے ذریعے ریاست کے خزانے میں زبردست زرمبادلہ آئے گا۔عالمی سمندری غذا کی مارکیٹ میں 2021 میں 310 بلین امریکی ڈالر کی مالیت سے 2029 تک 8.29 فیصد کمپانڈ اینول گروتھ ریٹ پر 605 بلین امریکی ڈالر کی ترقی متوقع ہے۔پاکستان کو ویلیو ایڈڈ اور معیاری سمندری خوراک کی برآمد میں اضافہ کرکے اپنا حصہ حاصل کرنا چاہیے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے مستقبل میں غذائیت سے بھرپور خوراک کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ملک میں معیاری سمندری خوراک کی صنعت کی ترقی بھی ضروری ہے۔سمندری غذا کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے جدید ترین لیبز ایک ضروری آلہ ہیں۔ اس کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ناگزیر ہے کیونکہ کوئی بھی شعبہ نجی شعبے کی دلچسپی اور شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی