آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی حیرت انگیز تعداد تین کروڑ سے تجاوز کر گئی

۱۰ فروری، ۲۰۲۳

پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی حیرت انگیز تعداد تین کروڑ سے تجاوز کر گئی ،روزانہ 466 اموات ہوتی ہیں، سگریٹ نوشی کا معاشی نقصان 615 ارب روپے، تمباکو کی صرف دو کمپنیاں کل تمباکو ٹیکس کا 98فیصدادا کرتی ہیں، سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کا حجم 40 فیصد تک بڑھ گیا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق تمباکو پر ٹیکس سے پاکستان کی بیمار معیشت کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ تمباکو کی پوری صنعت کو مناسب ٹیکس کے دائرے میں لانا ملک کے مالیاتی استحکام کو تقویت دے سکتا ہے اور نقصان دہ تمباکو کی مصنوعات کے استعمال کو روک سکتا ہے۔سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ سید علی واصف نقوی نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ محصولات کو بڑھانے اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے تمباکو پر ٹیکس لگانے کی ایک واضح پالیسی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کی ضروریات کو پورا کرنے والے منصفانہ ٹیکس کے نظام کو نافذ کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں آمدنی اور اخراجات کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے قرض لینے کا ایک نقصان دہ دور ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے جیسے اہم شعبوں کے لیے وسائل مختص کرنے کی ریاست کی صلاحیت کو نقصان پہنچتا ہے جو بالآخر قوم کی مجموعی بہبود کو متاثر کرتا ہے

۔پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی حیرت انگیز تعداد 31 ملین سے تجاوز کر گئی ہے جس کے نتیجے میں تمباکو سے متعلق پھیپھڑوں کی بیماری، دل کی بیماری، مختلف قسم کے کینسر اور ذیابیطس کی وجہ سے روزانہ 466 اموات ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سگریٹ نوشی کا معاشی نقصان 615 ارب روپے ہے جو کہ ملک کی جی ڈی پی کے 1.6 فیصد کے برابر ہے۔ تمباکو کی صنعت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا صرف 20 فیصد اکٹھا ہوتا ہے۔ایف بی آرنے آمدنی اور اثاثوں پر ٹیکس بڑھانے کے بجائے اشیا اور خدمات پر ٹیکس جمع کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے جس کے نتیجے میں غریبوں کی آمدنی کا ایک اہم حصہ چھین لیا گیا ہے۔ مالی سال 2021-22 میں سیلز ٹیکس ایف بی آر کے لیے سرفہرست ریونیو جنریٹر تھاجو کہ کل ٹیکس وصولی کا 41 فیصد تھا۔ سست ترقی اور تیزی سے پھیلتی ہوئی غیر رسمی معیشت نے ٹیکس سے جی ڈی پی کے تناسب میں کمی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی کوششوں کے باوجود، ایف بی آر بنیادی طور پر ٹیکس کی شرحوں کو ایڈجسٹ کرنے اور موجودہ ٹیکس دہندگان سے مزید وصولیوں پر انحصار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کی طرف سے اختیار کردہ آرتھوڈوکس نقطہ نظر نے تمباکو جیسی صنعتوں کے ٹیکس کی صلاحیت کے مکمل استعمال کو روک دیا ہے۔نقوی نے کہا کہ تمباکو کی صرف دو کمپنیاں کل تمباکو ٹیکس کا 98فیصدادا کرتی ہیں، اور مارکیٹ کا 98فیصدحصہ رکھتی ہیں، جب کہ باقی 40فیصدکمپنیاں محض 2فیصدکا حصہ ڈالتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کا حجم 2018 میں 23 فیصد سے بڑھ کر 2019 میں 34 فیصد اور 2020 تک 40 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔انہوں نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے سگریٹ پر 70 فیصد ٹیکس کی سفارش کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگرچہ حکومت نے گزشتہ سال ٹیکس میں اضافہ کیا تھا لیکن پاکستان ابھی تک اس ہدف تک پہنچنے سے بہت دور ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں سگریٹ پر 36 ارب روپے اور تمباکو کی پروسیسنگ پر 2 ارب روپے کے ٹیکس کے حالیہ نفاذ کے نتیجے میں ٹائر ون برانڈز کی قیمتوں میں 30 روپے اور ٹائر 2 برانڈز کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس کے سربراہ عبدالواحد عقیلی نے بتایا کہ پاکستان میں تمباکو کی غیر قانونی تجارت اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر سگریٹ کی غیر قانونی فروخت میں اضافے کو روکنے کے لیے تمباکو کمپنیوں پر اپنی ٹیکس پالیسیوں کو تقویت دے کر ایک فعال انداز اختیار کر رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی