- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
پاکستان تیزی سے اسٹارٹ اپس کا مرکزبننے لگا،مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کے باوجود اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، ترقی یافتہ منڈیوں میں، وینچر کیپیٹل فنانسنگ کا اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے،اشتہارات کے لیے انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے اسٹارٹ اپس کی مقبولیت میں اضافہ، پاکستان میں پانچ پرائیویٹ ایکویٹی اور وینچر کیپیٹل فرموں کا اندراج۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تیزی سے اسٹارٹ اپس کا مرکز بنتا جارہا ہے اور سیاسی غیر یقینی صورتحال، کرنسی کے اتار چڑھاو، مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کے باوجود اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ ویلتھ پاک سے گفتگو کرتے ہوئے کیٹالسٹ لیب سٹارٹ اپ کی بانی اور ایگزیکٹو آفیسر جہاں آرا نے کہا کہ وینچر کیپیٹل نے دنیا بھر میں کاروباری اداروں خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ منڈیوں میں، وینچر کیپیٹل فنانسنگ کا تیزی سے اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 220 ملین سے زائد آبادی اسٹارٹ اپس کے لیے ایک بڑی اور بڑھتی ہوئی مارکیٹ کی نمائندگی کرتی ہے۔ جیسے جیسے ملک کا متوسط طبقہ پھیلتا ہے، سامان اور خدمات کی وسیع رینج کی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے۔ اشتہارات کے لیے انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے ان اسٹارٹ اپس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
جہاں آرا نے کہا کہ ماضی قریب میں متعدد اسٹارٹ اپس ابھر کر سامنے آئے ہیںجو معاشرے کے متعدد طبقات کی ضروریات کو پورا کرتے ہیںجن میں سفر، تجارت، سواری، کریئر اور ای کامرس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجیر، دعوائی، چیتے، صدا پے، بازار، دراز اورزمین ڈاٹ کام جیسے اسٹارٹ اپس نے پاکستانی اور عالمی مارکیٹ میں اپنا نام قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وینچر کیپیٹل فنڈز کی کمی پاکستان میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر مراعات دے کر مزید وینچر کیپیٹل فنڈز بنانے کی حوصلہ افزائی کرے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان میں مسلسل سیاسی عدم استحکام وینچر کیپیٹلسٹ کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری کے فیصلے کرنا بھی مشکل بنا رہا ہے۔ ملکی معیشت اور سیاسی ماحول کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہمارے پاس سیاسی استحکام ہواور سرمایہ کاری کا زیادہ مستحکم اور متوقع ماحول ہو۔پاکستان میں قائم وینچر کیپیٹل فنڈ سرمایاکار کے بانی رابیل وڑائچ نے بتایا کہ وینچر کیپیٹل فرموں نے شراکت داروں کی جانب سے کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی جو زیادہ تر بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کارہیں۔
وینچر کیپیٹلسٹ نہ صرف فنانسنگ فراہم کرتے ہیں بلکہ غیر مالی مدد بھی فراہم کرتے ہیں جن میں سرپرستی، اسٹریٹجک رہنمائی اور نیٹ ورک تک رسائی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانچ پرائیویٹ ایکویٹی اور وینچر کیپیٹل فرموں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں سے لیکسن اور سرمایانے آغاز کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ سرمایکار کے پاس بائیکا، دعوائی، سمپیسا، اور ٹرک شیر کا پورٹ فولیو ہے۔ یہ وینچر فنڈڈ اختراعی سٹارٹ اپس سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے درمیان بامعنی بانڈنگ کے ساتھ چلائے جاتے ہیں۔رابیل وڑائچ نے کہا کہ ٹیک سٹارٹ اپس جو کبھی پرخطر سرمایہ کاری سمجھے جاتے تھے اب وینچر کیپیٹلسٹ اعلی پیداوار کے مواقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ کیپٹل سیکٹر اپنے ابتدائی دور میں ہے اور اسے چیلنجز کا سامنا ہے جیسا کہ تاجروں کا خطرے سے بچنے والا رویہ، خاندانی ملکیت والی کاروباری ذہنیت، اور حکومت کی طرف سے محدود حمایت اور ایس ایم ایز کے لیے فہرست سازی کے ضوابط شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی