- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
پاکستانی شہروں میںبلدیاتی نظام کا عملی طور پر نفاذ ایک خواب، سٹی زوننگ، سٹی سروسز اور سٹی مینجمنٹ سب مایوس کن تصویر پیش کرتے ہیں،گزشتہ 40 سالوں سے شرح نمو میں کمی کا رجحان جاری،شہروںکی بے ہنگم آبادی میں روز بروز اضافہ،مناسب انفراسٹرکچر اور سہولیات سے پاکستان کے شہر قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو اہم اور ثانوی شہروں کے درمیان فرق کو کم کرنے، اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، مینوفیکچرنگ اور صنعتوں کو سپورٹ کرنے اور زرعی علاقوں کو منڈیوں سے جوڑنے کے امکانات کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر در نایاب نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ شہر ترقی کے انجن ہیں کیونکہ شہری کاری ترقی کے ساتھ گہرا تعلق رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ بنیادی طور پر شہری مراکز سے منسوب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی 80 فیصد پیداوار شہروں سے پیدا ہوتی ہے۔ دوسرے علاقوں کے مقابلے شہر تیزی سے ترقی کرتے ہیں۔پاکستان کے شہری مراکز میں زبردست صلاحیت موجود ہے۔ اس کے باوجود گزشتہ 40 سالوں سے شرح نمو میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاری سے جی ڈی پی کا تناسب کئی دہائیوں سے عملی طور پر کم رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں بڑے شہر وسیع و عریض پرانے شہروں کا مجموعہ ہیںدوسرے درجے کے شہروں پر توجہ دینا ترجیح نہیں ہے۔ پاکستانی شہروں میںبلدیاتی نظام کا عملی طور پر نفاذ ایک خواب ہی ہے۔بدقسمتی سے سٹی زوننگ، سٹی سروسز اور سٹی مینجمنٹ سب پاکستان میں ایک مایوس کن تصویر پیش کرتے ہیں۔ انتظامی طور پروہ روایتی نظام کے ساتھ بکھرے ہوئے ہیں جو پرانے، خستہ حال بھیڑ والے شہروں اور وسیع و عریض مضافاتی علاقوں کو بہت کم کنٹرول کے ساتھ منظم کرتے ہیں۔یہ ضروری ہے کہ علاقائی، صوبائی اور قومی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے لیے مخصوص پالیسیاں مرتب کی جائیں۔
آج کی کامیاب معیشتوں میں بنیادی اور ثانوی شہروں کے درمیان ایک چھوٹا سا سماجی اقتصادی فرق ہے۔ پاکستان کو اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ثانوی شہر قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اگر انہیں مناسب انفراسٹرکچر اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان شہروں کی اقتصادی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اچھی رسائی ضروری ہے۔ دوسرے درجے کے شہروں میں نقل و حمل کے نیٹ ورک میں کوئی بھی سرمایہ کاری اقتصادی ترقی کے اقدامات کے ساتھ ہونی چاہیے۔فی الحال ہم صرف ان شہروں کے لیے سڑکیں بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ان شہروں کی ترقی کے لیے صرف سڑکوں کی تعمیر ناکافی ہے۔ تجارت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں بہت زیادہ مواقع ہیں جن پر تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاری معاشی بحران اور بے روزگاری کی بلند سطح کو مدنظر رکھتے ہوئے ثانوی شہروں پر توجہ مرکوز کرنا اور بھی اہم ہے۔پنجاب کی شہری یونٹ حکومت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پاکستان کی تیزی سے شہری کاری کے بارے میں مطالعہ اور پالیسیاں بنیادی طور پر سرفہرست 10 شہروں پر مرکوز ہیں۔ ثانوی شہروں میں ایک بڑی شہری آبادی ہے جو اقتصادی ترقی میں بہت زیادہ حصہ ڈال سکتی ہے۔ یہ شہر مقامی اقتصادی ترقی میں مدد کر رہے ہیں، ملازمتیں پیدا کر رہے ہیں، مینوفیکچرنگ اور صنعتوں میں مدد کر رہے ہیں اور زرعی علاقوں کومنڈیوں سے جوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے اہم مسئلہ مقامی، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان اختیارات کے تصادم سے گریز کرنا ہے۔حکام کو ثانوی شہروں کی منصوبہ بندی اور ان کی صلاحیت کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہیں حکومتوں اور دیگر حکام کے درمیان تنا وکو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی