آئی این پی ویلتھ پی کے

پی ایف سی ریاض میں منعقد ہونے والی سعودی انٹرنیشنیل ایکسپو میں شرکت کرے گی، میاں کاشف اشفاق

۶ اکتوبر، ۲۰۲۲

پاکستان فرنیچر کونسل خلیجی ریاستوں میں کاروباری مواقع اور نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے 7 نومبر سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی نمائش میں شرکت کرے گی۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے جمعرات کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چن ون کے ساتھ پی ایف سی اس بین الاقوامی میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ اس نمائش میں دنیا بھر سے ہزاروں صنعت کار شرکت کر کے اپنی مصنوعات کی نمائش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چن ون انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے اپنی اعلیٰ و بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی نمائش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو دنیا بھر سے خریداروں کو ایک سورسنگ پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جس میں بنیادی اشیاء سے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، سری لنکا و دیگر ممالک میں متعدد بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر کے اپنی مصنوعات متعارف کروا چکے ہیں جن کی مارکیٹ بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ غیر ملکی خریداروں سے آرڈر کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی تجارتی میلوں میں شرکت کا بنیادی مقصد قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدی مصنوعات تیار کرنے والوں کو اس ضمن میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی طرف سے دیئے گئے خصوصی مراعاتی پیکج سے متعلق آگاہی دینے کے لیے سرمایہ کاری ٹائیکونز کے ساتھ میراتھن ملاقاتیں بھی کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی