- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 17.13 ارب ڈالر رہا،پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر نے 8.73 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا، درآمدی ٹیرف میں کمی برآمدات کو زیادہ مسابقتی بنانے کے قابل بنائے گی، برآمدات میں اضافہ پاکستان کو کرنٹ اکاونٹ کے بحران سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے، برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے درآمدی ڈیوٹی اور ٹیکسوں کو ختم کرنے کی ضرورت ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق درآمدی ٹیرف میں کمی برآمدات کو زیادہ مسابقتی بنانے کے قابل بنائے گی جس سے مہنگائی اور کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے گی۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے ریسرچ فیلو محمد ذیشان نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہی واحد پائیدار حل ہے جو پاکستان کو کرنٹ اکاونٹ کے بحران سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے کیونکہ جمود کا شکار برآمدات تجارتی خسارے کو بڑھاتی ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ جولائی تا دسمبرکے دوران تجارتی خسارہ 17.13 بلین ڈالر رہا۔ ذیشان نے کہا کہ نئی برآمدی اشیا کا اضافہ موجودہ برآمدی پورٹ فولیو کے ساتھ ساتھ مقامی صنعت کو سستا خام مال دستیاب کرنے سے تجارتی خسارے کو تجارتی سرپلس میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی جس سے اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی اور مقامی مداخل کا صحیح امتزاج اعلی معیار کی برآمدی مصنوعات کو نئی منڈیوں کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اعلی درآمدی ٹیرف برآمدی مسابقتی صنعت کو روکتا ہے اور مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ذیشان نے کہا کہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ انڈسٹری خدمات اور زراعت کے شعبوں کے مقابلے میں زیادہ زرمبادلہ کماتی ہے۔ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے اندر، ٹیکسٹائل کا شعبہ برآمدی صنعت میں سرفہرست ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے 8.73 بلین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال کے دوران قومی خزانے میں زرمبادلہ 19.32 بلین ڈالر رہا۔ ذیشان نے ذکر کیا کہ پاکستان میں اوسط ٹیرف کی شرح تقریبا 12 فیصد ہے جو ٹیکسٹائل کے شعبے کو بری طرح متاثر کرتی ہے جو برآمدی صنعت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دہائی کے دوران تجارتی پالیسی لچکدار تھی اور پاکستان میں تمام مصنوعات پر ٹیرف 2011 میں 14.4 فیصد سے کم ہو کر 2020 میں 11.7 فیصد ہو گئے جو کہ 18 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوشش ملک کی قومی ٹیرف پالیسی کے مطابق ہے کہ درآمد شدہ خام مال اور درمیانی مصنوعات پر ٹیرف کے بتدریج خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بنیادی خام مال تک اقتصادی رسائی فراہم کی جا سکے۔ محقق نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ سے وقت کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل کی صنعت میں کمی آئی ہے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم ٹیرف نئی ٹیکنالوجی سے بڑھے ہوئے انٹرمیڈیٹ اور کیپٹل گڈز کی سستی سپلائی تک رسائی کو بڑھا سکتے ہیں جو کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو ترقی دینے کے لیے اہم ہیں۔ ذیشان نے کہا کہ اعلی تحفظ کی شرحیں عالمی قیمتوں کے مقابلے میں ملکی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں برآمدی تعصب پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروڈیوسر بنیادی طور پر فائدہ اٹھاتے ہیں کیونکہ ان کے منافع کا مارجن بڑھتا ہے۔ محقق نے کہا کہ بلندٹیرف اختتامی صارفین کی حقیقی آمدنی پر منفی اثر ڈالتے ہیں کیونکہ وہ قیمتوںمیں اضافہ کرتے ہیں اور اعلی درآمدی محصولات کے نتیجے میں ملکی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے افراط زر میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع پیمانے پر مصنوعات درآمد کرتا ہے جن میں برقی آلات، کیمیکلز، کان کنی، پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی دھاتیں بنیادی طور پر امریکہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سے درآمد ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں کوکنگ آئل، چینی، چمڑے اور مشینری کے شعبے بنیادی طور پر اعلی ٹیرف سے محفوظ ہیں۔ برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے درآمدی ڈیوٹی اور ٹیکسوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ درآمدی مشینری کو کسٹم اور سیلز ٹیکس سے مستثنی کیا جا سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی