- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) پاکستان کی چین کو برآمدات کو بڑھانے اور پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ معین الحق نے چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کو بتایا کہ وبائی امراض سے بچاؤ اور کنٹرول کے اقدامات کی وجہ سے شرکت ممکن نہیں ہے لیکن ہم اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک آن لائن قومی پویلین قائم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کی چین کو برآمدات کووڈ 19 کے باوجود 3.6 بلین امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح کو چھو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ چین ہمارا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور ہم چین کو اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے نئے اقدامات کر رہے ہیں، لہذا اس سلسلے میں، سی آئی آئی ای ہمارے لیے بہت اہم ہو جا تی ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سال 300 سے زائد نمائش کنندگان نے ایک آن لائن ڈسپلے شروع کیا ہے جس میں پاکستانی نمائش کنندگان بھی شامل ہیں۔ چین میں نیشنل بینک آف پاکستان کے چیف نمائندے شیخ محمد شارق نے سی ای این کو بتایا کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) پاکستانی برآمد کنندگان کو دنیا کی دوسری بڑی معیشت میں داخل ہونے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر تی ہے۔
انہوں نے کہا اس سے نہ صرف پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ ملک کو چین کے ساتھ تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ چونکہ چین بیرونی دنیا کے لیے کھل رہا ہے اور ایکسپو کا مرکزی موضوع مشترکہ خوشحالی اور ترقی ہے، اس لیے، یہ کاروباری برادری کے لیے چین میں اپنی منڈیوں کو بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مالیاتی شعبے کو تجارتی تصفیے کے لیے زیادہ سے زیادہ اور تیز چینلز فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو سہولت فراہم کی جاسکے، انہوں نے مزید کہا کہ فوری اور موثر تجارتی تصفیے کے لییسی آئی پی ایس جیسے سیٹلمنٹ چینلز کو بڑھانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق اس سال چھ مقامی پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جن میں قیمتی پتھر، ماربل اور قالین اہم پاکستانی مصنوعات ہیں جو ایکسپو میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ رواں سال پانچویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) 5 سے 10 نومبر تک شنگھائی میں شیڈول ہے۔یہ چین کی سب سے بڑی نمائشوں میں سے ایک ہے جو مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور تجارت کو چین اور عالمی سطح پر بڑھانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی