آئی این پی ویلتھ پی کے

صنعتی زون کے قیام میں چکوال چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، احسن بختاوری

۶ فروری، ۲۰۲۳

چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور چیمبر کے کوآرڈینٹر خواجہ عارف یوسف نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر احسن ظفر بختاوری ، چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر وقار ظفر بختاوری اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر حمزہ سروش کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ڈاکٹر حسن سروش، سابق صوبائی وزیر سردار یاسر سرفراز، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر قاضی محمد اکبر ، چکوال چیمبر آف کامرس کے سابق صدور خرم کامران، نذیر سلطان، شہزادسعادت، ملک غلام مرتضیٰ، شیخ ہارون اور نور سلطان سمیت چکوال کی ممتاز سیاسی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چکوال موٹر وے پر واقع ہونے اور راولپنڈی و اسلام آباد کے قریب ہونے کی وجہ سے صنعتی زون کے قیام کیلئے انتہائی موضوع جگہ ہے لہذا انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چکوال میں صنعتی زون کے قیام کی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس چکوال چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا کیونکہ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے والد ظفر بختاوری کہ یہ خواب ہے کہ چکوال میں ایک صنعتی زون قائم کیا جائے تا کہ چکوال میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں بیرون ملک یا اپنے گھر سے دور نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال چیمبر آف کامرس کا ایک وفد عنقریب گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن اور صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر سے ملاقات کر کے چکوال میں صنعتی زون کے قیام کے لئے بات چیت کرے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی