- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
سی پیک کے تحت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار ٹیکسٹائل، سیاحت، لاجسٹکس، ہاوسنگ، کنسٹرکشن، فوڈ پروسیسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں،سرمایہ کاروں کو مختلف قسم کی گرانٹس اور مراعات کی پیشکش۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات پیش کرتا ہے۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار ٹیکسٹائل، سیاحت، لاجسٹکس، ہاوسنگ، کنسٹرکشن، فوڈ پروسیسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں سے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی پاکستان کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سرمایہ کاروں کو مختلف قسم کی گرانٹس اور مراعات کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
کمپنیوں کے لیے متعدد مراعات دستیاب ہیں جن میںٹیکس مراعات، دوہرے ٹیکس کے معاہدے اورکم سود والے قرضے شامل ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے ایک حالیہ میٹنگ میں چینی فرموں کو پاکستان کے منافع بخش سرمایہ کاری کے ماحول کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سی پیک کے فریم ورک کے تحت پیش کی جانے والی پرکشش مراعات سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کو اپنی سرمایہ کاری اور کاروبار کی منزل کے طور پر منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو اعلی سطح پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کاروبار اور تجارت کے لیے پاکستان میں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ چائنا پاکستان ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل کوآپریشن فورم میں کہاکہ حالیہ دنوں میںدونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور زراعت میں تعاون پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔ 2020 کے اوائل میں آزاد تجارتی معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے کے بعدمصنوعات کی ایک بڑی تعداد ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت سے دو طرفہ تجارت کی ریکارڈ تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کے چیئرمین ژانگ بازونگ نے گوادر پورٹ، خصوصی اقتصادی زونز گوادر ایئرپورٹ اور شروع کیے جانے والے دیگر منصوبوں پر حاضرین سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہ غیر ملکی اور مقامی تاجروں کو بے شمار فوائد فراہم کرتی ہے۔ کوئی ڈیمریج چارجز نہیں ہیں، اور تیز رفتار کسٹم کلیئرنس اور تین ماہ کے لیے کنٹینرز کی مفت سٹوریج ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی تاجروں اور کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ خصوصی اقتصادی زونز کے فراہم کردہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ان میں سرمایہ کاری کریں۔ تقریب میں چانسری کے سربراہ نعیم اقبال چیمہ نے سی پیک کے فلیگ شپ پراجیکٹ کے تحت چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا ایک جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک کے تحت پراجیکٹس کو آسانی سے فنانسنگ اور دیگر سہولیات ملتی ہیں اور انہیں بہت زیادہ لیڈرشپ سپورٹ حاصل ہوتی ہے۔
غلام قادرکمرشل قونصلر غلام قادرنے سی پیک کے تحت چینی سرمایہ کاروں کو دستیاب مراعات اور سہولیات کا ایک جائزہ پیش کیا۔ فلک شیر زمان چین میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے چیف نمائندے فلک شیر زمان نے کہا کہ بینک چینی کمپنیوں کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سہولت فراہم کرتا ہے۔ فورم کا اہتمام ایمبیسی آف پاکستان، یو بی ایل ،بیجنگ انوویشن الائنس اور چین میں اکنامک اینڈ کمرشل کونسلرز الائنس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک