- ہمارے متعلق
-
- |
-
- |
-
تھر کے کوئلے کی کانوں کو جلد ہی ریلوے کی مرکزی لائن سے منسلک کر دیا جائے گا ، پورٹ قاسم، جامشورو اور دیگر پاور پلانٹس تک 105 کلومیٹر گرین ریل لنک سے سالانہ اربوں روپے کی بچت ہو گی،نیا ٹریک 25 ٹن ایکسل بوجھ برداشت کرے گا،کوئلے سے بجلی کی پیداوار 5,280 میگاواٹ تک پہنچ گئی ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق تھر کے کوئلے کی کانوں کو جلد ہی ریلوے کی مین لائن ون سے منسلک کر دیا جائے گا جس سے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس تک کوئلے کی موثر ترسیل ممکن ہو سکے گی اور پاکستان ریلوے اور پاور پلانٹس دونوں کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ پاکستان ریلویز کے ایک اہلکار نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ ریلوے سامان اور مسافروں کی نقل و حمل کے لیے سب سے زیادہ کفایتی ذریعہ ہے اور پاکستان کی صنعتی اور تجارتی ترقی کا ایک لازمی عنصر ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی ترتیب اسے لمبی مسافت کی مال برداری کے لیے نقل و حمل کا ایک بہترین اور سستا ذریعہ بناتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا۔ عہدیدار نے کہا کہ ریل رابطہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس اور سیمنٹ مینوفیکچرنگ یونٹس کو کوئلے کی موثر ترسیل کے قابل بنائے گا۔ اس کے علاوہ اس لنک سے ریلوے اور کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
ایک اندازے کے مطابق کوئلے کی کانوں کو پورٹ قاسم، جامشورو پاور پلانٹ اور دیگر پاور پلانٹس سے جوڑنے والا 105 کلومیٹر کا گرین لنک اربوں روپے کی بچت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مختلف سامان ریل نیٹ ورک کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے لیکن کوئلہ اہم جنس ہے جسے کراچی سے ملک کے تمام حصوں بالخصوص پنجاب کے پنڈ دادن خان اور خیبر پختونخوا کے نوشہرہ تک پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹریک کو زیادہ سے زیادہ 25 ٹن ایکسل بوجھ برداشت کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ مین لائن ون پر گفتگو کرتے ہوئے اہلکار نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے رابطے کا ہدف ایم ایل ون کو اپ گریڈ کیے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا اس لیے اسکی تزئین و آرائش اور توسیع کو پاکستان ریلوے کی بہتری اور تبدیلی میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاجسٹکس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مکمل طور پر سڑک کے بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرنا درست نہیں ہوگا۔ ریل کے ذریعے لاجسٹکس ایک بہت زیادہ قابل عمل آپشن ہے اور حکومت کو اندرون ملک مال برداری کے بنیادی ذرائع کے طور پر نقل و حمل کے اس شعبے میں ترقی اور سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ پاکستان میں اس وقت 5,280 میگاواٹ بجلی کوئلے سے پیدا کی جارہی ہے۔ تھر کے کوئلے سے مجموعی طور پر 1320 میگاواٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے برعکس درآمدی کوئلے سے 3,960 میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے جو کہ کوئلے سے پیدا ہونے والی کل بجلی کا تقریبا 75 فیصد ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی