i بین اقوامی

بیروت ہوائی اڈے کی اسکرینیں ہیک، حزب اللہ اور ایران کے لیے انتباہی پیغام چلا دیاتازترین

۰۸ جنوری، ۲۰۲۴

 لبنان کے دارالحکومت بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سائبر حملے کے بعد پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں ہیں،اتوار کی شام بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روانگی اور آمد کے ہالز کی اسکرینوں کو ہیکنگ کا نشانہ بنایا گیا،سکرینوں پر ایک پیغام نمودار ہوا جس میں حزب اللہ سے بیروت ہوائی اڈے پر اپنا کنٹرول ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پیغام میں کہا گیا تھا کہ رفیق حریری ہوائی اڈہ ایرانی ہوائی اڈہ نہیں ہے، مسافر یہ حیران کن پیغام دیکھ کر حیران رہ گئے۔سائبر حملہ آوروں نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کو بھی پیغامات بھیجے کہ لبنان کو اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شامل نہ کیا جائے، لبنانی اپوزیشن گروپ "خدا کے سپاہی" کا لوگو اسکرینوں پر نمودار ہوا،عرب میڈیا کے مطابق  بیروت ایئرپورٹ پر سائبر حملے کے پیچھے ایک بیرونی فریق کا ہاتھ تھا،سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ بیروت ایئرپورٹ کے سسٹمز میں ایک وائرس داخل ہوا ہے جس کے لیے تمام سسٹمز کو دوبارہ پروگرام کرنے کی ضرورت ہے،ہوائی اڈے کی سکرینوں پر سائبر حملے کے باعث سامان کی جانچ پڑتال کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ ہوائی اڈے پر داخلی سکیورٹی فورسز کی انسپکشن پلاٹون اس وقت ہوائی اڈے پر معمول کی نقل و حرکت کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل منصوبے پر عمل درآمد پر کام کر رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی