قومی سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کانٹریکٹس کے لیے کھلاڑیوں کی فہرست فائنل کر لی،360پلیئرز کو 7مختلف کیٹیگریز میں کانٹریکٹ آفر کیے جائیں گے، اے پلس 20، اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگری میں تیس، تیس کھلاڑی شامل ہیں،ای کیٹیگری میں 50اور ایف کیٹیگری میں 190کرکٹرز شامل ہیں، پلیئرز کو 3سال کی کارکردگی کی بنیاد پر کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے،محمد ہریرہ، حسیب اللہ، کامران غلام، صاحبزادہ فرحان کو اے پلس کانٹریکٹ آفر ہو گا، اس کے علاوہ عباس آفریدی، علی عثمان، محمد علی، ساجد خان، مبصر خان کو بھی اے پلس کانٹریکٹ دینے کی تجویز کی گئی ہے،سلیکشن کمیٹی نے احمد شہزاد کو بھی اے پلس کیٹیگری میں رکھنے کی تجویز دی ہے جبکہ اوپننگ بیٹر احمد شہزاد ڈومیسٹک اے پلس کی بجائے سینٹرل کانٹریکٹ کے خواہشمند ہیں،اے پلس کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 3لاکھ روپے معاوضہ ملے گا، اے کیٹیگری میں 2لاکھ، بی میں ایک لاکھ 85ہزار، سی میں ایک لاکھ 70ہزار معاوضے کی تجویز دی گئی ہے،ڈی کیٹیگری کو ڈیڑھ لاکھ، ای کو ایک لاکھ جبکہ ایف کو 50ہزار معاوضہ ملے گا،پاکستان کرکٹ بورڈ اسی ماہ ڈومیسٹک کانٹریکٹ فائنل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، ڈومیسٹک کانٹریکٹ میں تاخیر سے ڈومیسٹک پلیئرز معاوضے اور میچ فیس سے محروم ہیں۔
خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں ترقی کا سفر زوروشور سے جاری ہے اور اس سلسلے میں قلیل مدت میں 773کلومیٹر پر محیط سڑکوں کی تعمیر مکمل کرلی گئی،تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند اور خیبر میں آمدورفت کی بحالی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وسیع پیمانے پر سڑکوں کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔ قلیل مدت میں تعمیر کی گئی سڑکیں 773کلومیٹر پر محیط ہے،ان اضلاع میں نہ صرف نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں بلکہ پہلے سے موجود تباہ حال سڑکوں کی بھی تعمیر مکمل کی گئی ہے، جس سے ان تینوں اضلاع میں بڑے پیمانے پر کاروبار بڑھا ہے اور عوام کو روزگار کے مواقع بھی مل رہے ہیں۔
مختلف مدارس اور جامعات سے منسلک علمائے کرام نے ڈی آئی خان دہشتگرد حملے پر نہایت دکھ کا اظہار کیا ہے،ویڈیو پیغام مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 23جوان وطن پر قربان ہو گئے، ایسی دہشتگردانہ کارروائیوں کا دین سے کوئی تعلق نہیں،ہم اس دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،مولانا محمد شعیب نے کہا کہ پاکستانی قوم کے عزم کو یہ دہشتگرد متزلزل نہیں کر سکتے، ہم اپنے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسے دہشتگرد عناصر کے آلہ کار نہ بنیں، عوام سے اپیل ہے کہ اپنے عسکری اداروں کو مضبوط کریں،انہوں اپنے پیغام میں کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور اسلام کی سربلندی کے لئے ہمارے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم عسکری قیادت کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ایک تھے اور ایک رہیں گے،مولانا محمد طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان بھر کے علما اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، پاک فوج پر حملہ پاکستان اور عالم اسلام پر حملہ ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ خالد مگسی نے کہا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے سے ایک روز قبل ہائی کورٹ کا فیصلہ حیران کن ہے،ایک بیان میں خالد مگسی نے کہا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر او کا تقرری نوٹیفکیشن معطل کرنا انتخابات سبوتاژ کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی سرگرمیاں شروع کی ہیں، جو پھر معطل ہوں گی،خالد مگسی کا کہنا ہے کہ پولنگ کے عملے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے سے انتخابات التوا کا شکار ہو سکتے ہیں۔
قاہرہ(شِنہوا)ایک مصری سیاسی ماہر نے کہا کہ عرب ممالک اور چین کے درمیان بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دینے سے دوطرفہ تعلقات کی جہتیں مزید گہری ہوں گی۔
الاحرام سینٹر فار پولیٹیکل اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز میں انٹرنیشنل اسٹڈیز یونٹ اور انرجی اسٹڈیز پروگرام کے سربراہ احمد قندیل نے ایک حالیہ انٹرویو میں شِنہوا کو بتایا کہ "بی آر آئی دنیا بھر میں سب سے اہم ترقیاتی اقدامات میں سے ایک ہے جو عرب ریاستوں اور چین کے درمیان باہمی مفادات کو جنم دیتا ہے۔"
قندیل نے کہا کہ عرب ممالک کے لیے اس اقدام میں شامل ہونا مناسب ہے جو ترقی اور استحکام کے حصول میں معاون ہے۔
مصری ماہر نے کہا کہ عرب ممالک اپنے نوجوانوں کے لیے مزید ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے معاشی ترقی کے خواہاں ہیں کیونکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے سے معیار زندگی بلند ہوگااور معاشی اور سماجی استحکام کو اس طرح فروغ ملے گا جس کی عکاسی علاقائی سیاسی استحکام سے ہوگی۔
قندیل نے اپنے نئے انتظامی دارالحکومت میں مصر کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، بندرگاہ کی جدید کاری کے منصوبے اور بینبن سولر انرجی پارک کو مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی آر آئی تعاون کے ذریعے اب کچھ ممالک میں مختلف فائدہ مند منصوبوں کے ثمرات نظر آ رہے ہی۔
انہوں نے کہا کہ مصر میں چینی کامیاب منصوبے دیگر عرب ریاستوں کو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے راستے میں شامل ہونے کی ترغیب دےرہے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے برطرف جج شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے 100فیصد انصاف کی توقع ہے،صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ثبوت پہلے سے دیے ہوئے ہیں، الزامات کی تردید نہ ہونا خود بہت بڑا ثبوت ہے،ان سے سوال کیا گیا کہ مستقبل میں عدلیہ کو بیرونی دبا ئوسے پاک کرنے کے لیے کیا کچھ کیا جا سکتا ہے؟شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ ایسا ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ اس کا انکوائری کمیشن بنائے، ڈائریکشن دے تاکہ تحقیقات ہوں،شوکت عزیز صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سوا 5سال میں نے اور میرے خاندان نے بہت مشکل حالات دیکھے۔
بیجنگ (شِںہوا) چینی محققین نے خشک پاؤڈرکی خوراک پر مبنی ایک ویکسین پلیٹ فارم تیار کرلیا ہے جس میں نینو مائیکرو کمپوزٹ ملٹی لیول ڈھانچہ موجود ہے جو مستقبل میں سانس کی متعدی بیماریوں کی روک تھام اور علاج میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جریدے نیچر میں شائع شدہ ایک تحقیق کے مطابق محققین نے حالیہ برسوں میں سانس کی متعدی بیماریوں کی ویکسین تیار کرنے میں اہم پیشرفت کی ہے۔
تاہم زیادہ تر ویکسینز کو انٹرمسکولر انجکشن سے دیا جاتا ہے جو بنیادی طور پر ایک ہیومرل مدافعتی ردعمل پیدا کرتا اور وائرس کو بے اثر کرنے کے لئے سیرم اینٹی باڈیز پر انحصار کرتا ہے۔بدقسمتی سے یہ نقطہ نظراکثرمیوکوسل مدافعتی ردعمل کو متحرک کرنے اور سانس کی نالی میں ایک مضبوط مدافعتی رکاوٹ قائم کرنے میں ناکام رہتا ہے۔
اس کے علاوہ عمومی طور پر موجودہ ویکسینز میں استعمال شدہ معاون (مثلاً ایلومینیم ایڈجووینٹس) سیلولرمدافعتی ردعمل پیدا نہیں کرسکتے ہیں اور تیزی سے وائرس کی تبدیلی کا مقابلہ کرنے میں غیر مؤثر رہتے ہیں۔
مزید یہ کہ ویکسینز کی موجودہ مائع شکل کو کم درجہ حرارت پر ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور دو یا تین خوراکوں کی ویکسینیشن کا شیڈول سے مجموعی ویکسینیشن کی شرح متاثرہوتی ہے۔
اس لئے سانس کے بیماریوں کی محفوظ اور زیادہ مؤثر ویکسین تیار کرنے کے لئے انٹرڈسپلنری انضمام اور جدید تحقیقی تصورات درکار ہیں۔
چینی اکیڈمی برائے سائنسز کے ماتحت انسٹی ٹیوٹ آف پروسیس انجینئرنگ (آئی پی ای) میں اسٹیٹ کی لیبارٹری آف بائیو کیمیکل انجینئرنگ کے محققین نے کھانے والی ویکسینز کے لئے ایک نیا "نینو مائیکرو کمپوزٹ" ڈیلیوری تصور پیش کیا اور بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی میں اسٹیٹ کی لیبارٹری آف پیتھوجین اینڈ بائیو سیکیورٹی کے محققین کے ساتھ ملکر ان چیلنجزسے نمٹنے کے لئے ایک نیا ویکسین پلیٹ فارم تیار کیا ۔
اس پلیٹ فارم میں تیز تیاری، مؤثر ترسیل، کمرے کے درجہ حرارت پر آسان ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل، اور مسلسل اجراء کا عمل شامل ہے جس سے لیبارٹری میں کامیابی سے ویکسین تیار کی گئی ہے جو جانوروں میں سانس کے وائرل بیماری اور ان کی منتقلی کا عمل روکنے میں مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل آئین کے آرٹیکل 10اے کی خلاف ورزی ہے،سندھ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کیا گیا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل متوازی عدالتی نظام چلانا ہے،سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ سویلین کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل سے عدلیہ پر عوام کا اعتماد کم ہو گا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اپیل پر جلد آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔
لاس اینجلس (شِنہوا) امریکی قومی ادارہ برائے صحت نے کہا ہے کہ پہلی بار محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے دودھ پلانے والے (تھن کے حامل)جانور کے دماغی خلیوں کا ایک مکمل نقشہ تیار کیا ہے۔
یہ تقشہ چوہے کے دماغی خلیہ کا ہے جس میں 3 کروڑ 20 لاکھ خلیوں کی اقسام ، مقام اور مالیکیولر معلومات کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے اور ان خلیوں کے رابطے کی بابت بتایا گیا ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق چوہا دماغی سائنس کی تحقیق میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ریڑھ کی ہڈی کا حامل تجرباتی ماڈل ہے جو خلیاتی نقشہ انسانی دماغ کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
این آئی ایچ نے کہا کہ خلیاتی نقشہ دماغی اور اعصابی امراض میں مبتلا افراد کے درست علاج میں ترقی کی نئی بنیاد بھی رکھتا ہے۔
یہ نتائج بدھ کو "10 پیپرز ان نیچر" میں شائع ہوئے ہیں۔
این آئی ایچ کے امریکی قومی ادارہ برائے دماغی صحت کے ڈائریکٹر جوشوا گورڈن کا کہا ہے کہ یہ نقشہ تھن والے جانوروں کے دماغی خلیات کے پیچیدہ نیٹ ورک پر غیر معمولی توجہ دیتا ہے جس سے محققین کو انسانی دماغ کے افعال اور بیماریوں کو سمجھنے کے لیے ضروری معلومات مل گئی ہیں۔
ہنوئی (شِنہوا) چین کے صدر اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین ۔ ویتنام دوستی کی بنیاد دونوں ممالک کے عوام پرہے اور اس دوستی کا مستقبل نوجوان ہی تعمیر کریں گے۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے یہ بات نوجوان چینی اور ویتنامی نمائندوں اور چین ۔ ویتنام دوستی میں کردار ادا کرنے والے افراد کے ساتھ ملاقات میں ایک تقریر کے دوران کہی ۔
چینی صدر شی اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوآن کی نیشنل کنونشن سینٹر آمد پر ویتنامی نوجوانوں کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ شی اور پھنگ نے کمیونسٹ پارٹی آف ویتنام کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نگوین فو ٹرونگ اور ان کی اہلیہ اینگو تھی مان کے ساتھ نوجوان چینی اور ویتنامی نمائندوں اور چین۔ ویتنام دوستی میں کردار ادا کرنے والے افراد کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور چینی حکومت کی جانب سے صدر شی جن پھنگ نے چین ویتنام دوستی کے بارے میں پرعزم پرانے اور نئے دوستوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔
انہوں نے اس بات کا بطور خاص ذکر کیا کہ انہوں نے اور ٹرونگ نے مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔ ویتنام کمیونٹی کی تعمیر کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا جو اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے دونوں جماعتوں اور ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوا ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ یہ ایک اہم اسٹریٹجک فیصلہ ہے جو انہوں نے عالمی سوشلزم کی بحالی اور دونوں ممالک کے طویل مدتی استحکام اور سلامتی یقینی بنانے کے لئے کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی جڑیں دونوں ممالک کی روایتی دوستی میں ہیں اور دونوں عوام کے مشترکہ مفادات اور امنگوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں دونوں ممالک مشترکہ مقاصد کے لیے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور مشترکہ مقاصد آگے بڑھائے۔ جدید دور میں دونوں ملکوں کی جماعتیں اور عوام اپنے مشترکہ نظریات پر قائم ہیں اور انہوں نے قومی آزادی اور خودمختاری کے لیے لڑتے ہوئے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
چینی صدر نے ویتنام کے آنجہائی رہنما ہو چی منہ کی مشہور شاعرانہ نظم پڑھتے ہوئے کہا کہ "ویتنام اور چین کے درمیان دوستی گہری ہے، کیونکہ ہم دونوں کامریڈ اور بھائی ہیں"، دونوں عوام میں ان شعلہ انگیز اور دلچسپ برسوں کی یادیں زندہ ہیں ،دونوں ممالک ابتدائی ایام میں قائم کردہ اپنی مشترکہ امنگوں پر سختی سے کاربند ہیں اور باہمی فائدہ مند تعاون کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 برس قبل جامع اسٹریٹجک تعاون شراکت داری کے قیام کے بعد سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور کمیونسٹ پارٹی آف ویتنام نے عوام پر مبنی باہمی فائدے مند تعاون کو آگے بڑھایا اور دونوں ممالک کے عوام کو حقیقی فائدے مہیا کئے۔
ہنوئی، ویتنام میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چینی صدر شی جن پھنگ، کمیونسٹ پارٹی آف ویتنام کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نگوین فو ٹرونگ اور ان دونوں کی خواتین، چین ویت نام دوستی میں کردار ادا کرنے والے چین اور ویتنام کے نوجوان نمائندوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنواتے ہوئے۔(شِنہوا)
انہوں نے کہا کہ چین اب ہر لحاظ سے خود کو ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور تمام محاذوں پر چینی قوم کی تجدید کو آگے بڑھا رہا ہے اور ویتنام بھی اپنی صنعت کاری اور جدید کاری کی مہم کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھا رہا ہے۔
صدر شی نے کہا کہ چین پرامن ترقی، ہمسایوں کے ساتھ دوستی اور شراکت داری کی پالیسی اور ہمدردی، خلوص، باہمی فائدے اور شمولیت کے اصولوں پر قائم رہے گا جبکہ چین اپنی جدیدیت کے مزید فوائد اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آزاد جموں و کشمیر کے 2روزہ دورہ پر مظفر آباد پہنچ گئے،مظفرآباد پہنچنے پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق نے وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کا استقبال کیا،وزیراعظم نے جموں و کشمیر کی آزادی کی تحریک میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی،اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے شہدا گیلری کا بھی دورہ کیا۔
دبئی (شِنہوا) کوپ 28 میں چینی وفد کے سربراہ ژاؤ ینگ من نے کہا ہے کہ پیرس معاہدے کے تحت پہلا عالمی اسٹاک ٹیک سے عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمنٹنے میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
چین کے نائب وزیر حیاتیات اور ماحولیات ژاؤ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی اسٹاک ٹیک نے عالمی برادری کو ایک مضبوط اور مثبت پیغام دیا ہے جو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
کوپ 28، یا موسمیاتی تبدیلی بارے اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی) کے فریقوں کی کانفرنس کا 28 واں اجلاس متحدہ عرب امارات میں اتفاق رائے کو اپنانے ہوئے ختم ہوگیا جس میں عالمی اسٹاک ٹیک، موسمیاتی فنڈنگ، ماحولیاتی تغیر سے ہونے والے نقصانات کی تخفیف اوران سے نمٹنے کے لیے اقدامات اور نقصان سمیت دیگر موضوعات کا احاطہ کیا گیا ۔
ژاؤ نے کہا کہ کوپ 28 ماضی کا خلاصہ پیش کرکے مستقبل کی رہنمائی کرتا ہے اور یہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمنٹنے پر ایک اہم کانفرنس ہے جس میں پیرس معاہدے کے تحت پہلا عالمی اسٹاک ٹیک شامل ہے۔
ژاؤ نے کہا کہ چین اس کانفرنس کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ کے نمائندہ خصوصی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی نائب وزیراعظم ڈینگ شوئے شیانگ نے ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ اور گروپ آف 77 اور چائنہ لیڈرز سمٹ میں شرکت کی اور چین کی تجاویز، کثیر الجہتی کے فروغ ،ماحول دوست اور کم کاربن اخراج پر مبنی تبدیلی کا عمل تیز کرنے اور عملی اقدامات پر زور دیاجس سے کانفرنس کی کامیابی کو مضبوط سیاسی تحریک ملی۔
یونان نے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے دریائے ایوروس کے ساتھ اضافی 35 کلومیٹر طویل خار دار باڑ کی تعمیر شروع کر دی،یونانیمیڈیا کے مطابق تعمیر کا کام شروع ہونے والی نئی باڑ میں اینٹی کلائمنگ فیچر ہو گا،تخمینے کے مطابق ڈیمیٹوکا میں عاصم بے گاوں اور سوفلو میں قارا پینار گائوں کے درمیان تعمیر کی جانے والی نئی باڑ اور اضافی ڈھانچے اور مرمت کے کاموں کی لاگت تقریبا 100ملین یورو تک پہنچ جائے گی،واضح رہے دریا کے یونانی کنارے پر 39کلومیٹر سٹیل کی باڑ لگی ہوئی ہے، جن میں سے ایک 12.5کلومیٹر اور دوسری 26.5کلومیٹر ہے۔
ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے چیف ایگزیکٹیو جان لی نے کہا ہے کہ چین کے مقامی ساختہ مسافر طیاروں سی 919 اور اے آر جے 21 کا ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کا دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہ ہانگ کانگ کے ہوا بازی شعبے کو تقویت مہیا کرے گا۔
دونوں طیارے منگل کی سہ پہر ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔ سی 919 چین کا پہلا مقامی ساختہ بڑا مسافر طیارہ ہے جسے اب ایک ہزار سے زائد آرڈر مل چکے ہیں یہ طیارے کی چینی مین لینڈ سے باہرپہلی پرواز تھی۔
چین، جنوبی ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چین کے مقامی مسافر طیارے سی 919 اور اے آر جے 21 کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطہ آمد پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں شریک مہمانوں کا گروپ فوٹو۔ (شِنہوا)
لی نے ہوائی اڈے پر ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ دونوں طیاروں کی ترقی ملک کی ہوا بازی کی مینوفیکچرنگ صنعت میں ایک سنگ میل ہے جو سمندری ، زمینی اور فضائی نقل و حمل کی پیداوار میں ملک کی اولین صف کی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ نے دونوں طیاروں کی سرٹیفکیشن اور تشخیص میں بھی حصہ لیا ہے جس میں ہوائی جہاز کی سرٹیفکیشن اور پائلٹ کی تربیت شامل ہے یہ ملک کی ہوا بازی کی صنعت میں اپنا حصہ ادا کررہی ہے۔
چین ، جنوبی ہانگ کانگ کے ہانگ کانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سی 919 مسافر طیارے کا اندرونی منظر۔ (شِنہوا)
لی نے کہا کہ ہانگ کانگ عالمی ہوا بازی کے ایک مرکز کا درجہ رکھتا ہے۔ ہانگ کانگ وبائی مرض کے بعد ہوائی اڈے کی صلاحیت بحال کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ۔ رواں ہفتے شہر میں ہوا بازی پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا 3 رن وے نظام اگلے سال مکمل ہونے کی توقع ہے۔
سی 919 طیارہ ہفتے کو وکٹوریہ بندرگاہ پر فلائی پاسٹ کرے گا جس سے ہانگ کانگ کے رہائشیوں کو نئے طیارے کی ایک جھلک دیکھنے کو ملے گی۔
روس نے یوکرین جنگ سے قبل فعال ڈیوٹی پر ہونے والے اپنے 87فیصد فوجیوں کو کھو دیا ہے،امریکی کانگریس میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق روس کو اپنی فوجی نفری میں یوکرین کی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس نے جنگ سے پہلے فعال ڈیوٹی پر موجود اپنے 87فیصد فوجی اور 33فیصد ٹینک کھو دیے ہیں ،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس3لاکھ 60ہزار فوجیوں کے ساتھ یوکرین میں داخل ہوا تھااور ان میں سے3لاکھ 15ہزار بشمول ایگریمنٹ کے حامل فوجی میدان جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ 3,500ٹینکوں میں سے 2,200اور 13,600انفنٹری اٹیک گاڑیوں میں سے 4,400یوکرین میں تباہ ہوئی ہیں،ان نقصانات کے باوجود، رپورٹ میں یہ اندازہ بھی شامل ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن یوکرین پر حملوں کے بارے میں "پرعزم" ہیں اور یوکرین ، روس کے خلاف نمایاں سطح کی برتری حاصل نہیں کر سکتا ، یہ رپورٹ 11دسمبر کو یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے واشنگٹن میں یوکرین کو دی جانے والی امداد کے حوالے سے رابطوں سے قبل کانگریس میں پیش کی گئی ہے۔
غزہ میں وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہسپتالوں میں ویکسین ختم ہو چکی ہے۔ اس وجہ سے ایک اور بڑی تباہی کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ وزارت صحت کا یہ اعلان غزہ میں سات اکتوبر سے جاری بمباری اور گولہ باری کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے کی غزہ کی ناکہ بندی کے سبب کیا گیا ہے، انتباہ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کے لیے بمباری کے جاری ماحول میں صحت و علاج کے دیگر مسائل میں یہ چھوٹی عمر کے بچوں کے لیے ایک اور بڑا چیلنج درپیش ہو گیا ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر رابطہ کار لین ھیسٹنگز کا کہنا ہے فلسطینی علاقے میں یونیسیف اس مسئلے کو دیکھ رہا ہے، یو این رابطہ کار کے مطابق ویکسینیشن ہماری ترجیحات میں بہت اہمیت رکھتی ہے، ہم کوشش میں ہیں کہ اس کی فراہمی جاری رہ سکے،اقوام متحدہ کے صحت سے متعلق ادارے ' ڈبلیو ایچ او ' کے سربراہ ٹیڈروس غیبریسس نے اتوار کے روز غزہ میں صحت کی عدم سہولیات کے سبب کہا تھا کہ غزہ میں ہیلتھ سسٹم گھٹنوں کے بل گر رہا ہے،36ہسپتالوں میں سے 14ہسپتال جزوی طور پر علاج کرنے کے لیے باقی بچے ہیں،ٹیڈروس غیبریسس نے کہا خطرہ ہے کہ معاملہ مزید سنگین ہو سکتا ہے، کہ آگے سرما کی شدت شروع ہونیوالی ہے۔
بیجنگ (شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے انسانی اعضاء کے عطیات اور پیوندکاری بارے قواعد و ضوابط کے ریاستی کونسل کے حکم نامے پر دستخط کردیئے ہیں۔ نئے ضابطوں کا اطلاق یکم مئی 2024 سے ہوگا۔
بدلتے حالات کے تقاضے پورا کرنے اور اس مقصد کی صحت مند ترقی یقینی بنانے کے لئے 2007 میں جاری کردہ انسانی اعضاء کی پیوند کاری بارے قواعد بہتر بنائے گئے ہیں۔
نئے قوانین اعضاء کے عطیات کی تشہیر پر روشنی ڈالتے ہیں تاکہ اس کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جاسکے اور سول کوڈ کے بعد اعضاء کے عطیات کی شرائط اور طریقہ کار کو بہتر بنایا جاسکے۔
ان سے پیوند کاری میں اعضاء کے حصول اور تقسیمی نظام کے ضابطے بہتر ہوں گے اور اعضاء کی پیوند کاری میں متعلقہ ٹیکنالوجیزکا اطلاق بہتر طریقے سے کیا جاسکے گا۔
قواعد میں اعضاء کی پیوند کاری میں طبی اداروں اور ڈاکٹروں کی اہلیت بارے بھی وضاحت کی گئی ہے۔
قواعد قانونی ذمہ داریوں بارے متعلقہ دفعات بہتر بناتے ہیں اور اس شعبے میں بدانتظامی کی سزا کا نظام مستحکم کرتے ہیں۔
امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے حماس کے لیے ایک بار اظہار مذمت کیا گیا ہے اور اس فلسطینی مزاحمتی تحریک کے لیے نئی پابندیوں کا نفاذ کر دیا ہے۔ نئی پابندیوں کا جواز اسرائیل پر سات اکتوبر کو کیے گئے حملوں کو بنایا گیا،امریکی وزارت خزانہ کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق ان حماس رہنمائوں کے خلاف ہو گا جو بیرون ملک حماس کے مفادات کے تحفظ کے لیے سر گرم رہتے ہیں اور حماس کے ایجنڈے کو بڑھاتے ہیں،امریکی وزارت خزانہ کے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس کے انڈرسیکرٹری بریاب نیلسن نے کہا ' حماس نے اعلی سطح پر موجود تعلقات اور نیٹ ورک کو حماس کے لیے فنڈریزنگ کرتے ہیں،وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں حماس کے ایک درجن بھر رہنمائوں اور سہولت کاروں پر لگائی گئی ہیں ان میں غزہ کے رہائشی اسماعیل برہوم ، ان کے بارے میں امریکی وزارت کا کہنا ہے کہ یہ غزہ میں حماس کے ریجنل فنانس ایگزیکٹو ہیں،برطانوی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دوسرے رہنما غزہ کے شریک بانی محمد ظاہرہیں جن پر یہ پابندیاں لگی ہیں، لبنان میں مقیم حماس رہنما علی برکہ بھی ان پابندیوں کی زد میں آئیں گے، انہوں نے حماس کے سات اکتوبر کے حملوں کا دفاع کیا تھا۔،برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ غزہ میں حماس کا کوئی مستقبل نہیں ہے، تازہ لگائی گئی پابندیوں کی زد میں حماس اور اسلامی جہاد کے لیے فنڈنگ پر کٹ لگے گا اور وہ مزید تنہائی میں جانے پر مجبور ہوں گی۔ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر پائیدار سیاسی حل کے لیے کام کرتے رہیں گے تاکہ اسرائیلی اور فلسطینی امن کے ساتھ رہ سکیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے غزہ کی پٹی اور اس کے اطراف کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 75ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر ملاقات کی۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے حصول اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی برادری کے کردار ادا کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر بات چیت کی،عرب میڈیاکے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا، ملاقات کے دوران مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں جنیوا میں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالمحسن بن خثیلہ اور وزارت خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداد نے بھی شرکت کی۔
واشنگٹن (شِںہوا) امریکی ایوان نمائندگان کے ریپبلکن ارکان نے صدرجو بائیڈن کے خلاف مواخذے کی منظوری دیدی ہے ۔ قرارداد کے حق میں 221 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے۔
ریپبلکن پارٹی میں عدالتی کمیٹی کے چیئرمین جم جارڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ مواخذے کا اختیار مکمل طور پر ایوان نمائندگان کے پاس ہے۔ جم جارڈن سخت گیر رکن کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں۔
اوہائیو ریپبلکن اور مواخذے کی تحریک کے رہنماؤں میں سے ایک نے کہا کہ اگر ایوان کی اکثریت اب یہ کہتی ہے کہ ہم نگرانی کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داری کے طور پر مواخذے کی باضابطہ تحقیقات کر رہے ہیں تو اس میں کوئی وزن ہے۔ اس سے ہمیں گواہوں کو لانے میں مدد ملے گی۔
ریپبلکنز پرامید ہیں کہ مواخذے کی تحقیقات سے انہیں صدر کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو کانگریس کی توہین کا مرتکب ٹھہرانے کے لیے بہتر قانونی جواز مل جائے گاجس میں وہ بظاہر ناکام رہے ہیں۔
ہنٹر بائیڈن موجودہ صدر کے سب سے بڑے صاحبزادے ہیں جن پر مجرمانہ اقدام کی فرد جرم عائد کی گئی ہے وہ کیپیٹل کے باہر ایک نیوز کانفرنس میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے ایک بار پھر بند کمرے میں سماعت سے انکار کرتے ہوئے عوامی سماعت میں تفتیش کی پیشکش کی۔
اب تک ایسا کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا ہے جو یہ ثابت کرسکے کہ جو بائیڈن اپنی موجودہ یا ماضی کی سرکاری حیثیت میں اپنے عہدے کے غلط استعمال میں ملوث تھے یا غیر قانونی ادائیگیاں قبول کرتے تھے۔ تاہم بائیڈن خاندان کے بین الاقوامی کاروباری امور پر اخلاقی خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
غزہ معاملے پر حکومتی خاموشی کے خلاف امریکی سکیورٹی ایجنسی کے افسران نے اپنے وزیر کو کھلا خط لکھ کر غزہ میں بے گناہ شہریوں پر اسرائیل کے ظلم اور بربریت سے آنکھیں چرانے کا الزام لگا دیا،برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی بلاسٹ ایجنسی کے 100سے زائد افسران نے کھلا خط لکھ کر ادارے کے فلسطینیوں سے متعلق رویے کی شدید مذمت کی،امریکی وزیر داخلہ الیجانڈرو میئرکس کے نام کھلے خط میں افسران نے ادارتی میسنجنگ میں غزہ میں 18ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر سپورٹ، تسلیم یا افسوس جیسے الفاظ استعمال نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا،افسران نے اپنے خط میں کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے کے موجودہ حالات ایسے ہیں جن پر عام حالات میں ہمیشہ ادارے کی جانب سے مختلف طریقوں سے اپنا ردعمل دیا جاتا رہا ہے تاہم غزہ معاملے پر خاموشی سے لگتا ہے کہ پناہ گزین کیمپوں، اسپتالوں، ایمبولینسوں اور سویلینز پر جاری بمباری پر ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں،امریکی افسران کی جانب سے لکھے اس کھلے خط میں ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ادارتی میسنجنگ میں غزہ صورتحال سے متعلق جائز توازن پیدا کرے اور بلا خوف و خطر باوقار طریقہ اظہار اپنائے،عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ میں نے ادارے میں مختلف عہدوں پر فرائض سرانجام دیے ہیں اور میرا ہمارے مشن میں بہت یقین ہوتا تھا لیکن غزہ معاملے کے بعد مجھے احساس ہوا ہے کہ انسانی بحرانوں پر ہمارا مقف ہمیشہ سے کچھ اور رہا ہے لیکن غزہ معاملے میں سیاسی عمل دخل کے بعد ہمارا اصولی مقف بلکل ہی تبدیل ہو گیا اور یہ بات ہمارے لیے بہت ہی تشویشناک ہے۔
فلسطین کی مزاحمت پسند تنطیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے جنگ کے بعد غزہ کے لیے کوئی بھی ایسا منصوبہ جس میں حماس شامل نہ ہو محض فریب ہوگا،حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کا ایک خطاب میں کہنا تھا اسرائیلی کارروائی کے خاتمے اور غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں کی تعمیر نو کے لیے بات چیت پر آمادہ ہیں۔
فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی صدر جو بائیڈن انتظامیہ کے ملازمین بھی چپ نہ رہے اور انہوں نے وائٹ ہائوس کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا،اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، ایسے میں اب بائیڈن انتظامیہ کے ملازمین کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا جس میں محکمہ خارجہ کے مستعفی ڈائریکٹر جوش پال بھی شریک ہوئے جب کہ مظاہرین نے اپنی شناخت چھپارکھی تھی، امریکی شہر لاس اینجلس میں مظاہرین نے ہائی وے بند کرکے غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا،دوسری جانب فرانس میں وکلا نے پیرس کی عدالت کے باہر احتجاج کرتے ہوئے فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگائے گئے، اسپین میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے میڈرڈ کے سٹی ہال کے سامنے سیکڑوں جوتے رکھ کر احتجاج کیا اور اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا،اس کے علاوہ لندن میں بھی فلسطینی پرچم اٹھائے لوگوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا، یمن میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے خواتین نے ریلی نکالی۔
غزہ میں جاری بارشوں کے باعث جنگ سے متاثر ہونے والے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا،غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر ہونے والے غزہ کے ہزاروں فلسطینی خاندان عارضی کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں، تیز ہوائوں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش نے خیموں میں رہائش پذیر فلسطینیوں کو مزید امتحان میں ڈال دیا ہے،رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ میں بے گھر افراد کے خیموں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس کے باعث ان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عارضی کیمپوں میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ افراد موجود ہیں اور پھر سیوریج کا نظام نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، بارش کے باعث وبائی امراض تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں، بے گھر 19لاکھ افراد میں سے 3لاکھ 60ہزار افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے ہیں، اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگ گردن توڑ بخار، چکن پاکس، یرقان اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اسکول میں گھس کر وہاں پناہ لیے ہوئے شیرخوار بچوں اور عورتوں سمیت بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کا انکشاف ہوا ہے،الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے اسکول شادیہ ابو غزالہ میں گھس کر وہاں پناہ لینے والے فلسطینی مردوں کو چن چن کر پکڑا اور الگ کمروں میں لے جا کر فائرنگ کر کے مار ڈالا،عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسکول کے کمروں میں داخل ہو کر وہاں موجود خواتین اور چھوٹے بچوں پر بھی فائرنگ کی، شیر خوار بچوں کو بھی فائرنگ کر کے قتل کیا۔
پاکستان کے توانائی کے شعبے میں طلب اور رسد کے فرق کو دور کرنے میں انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ بہر حال، توانائی کی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے جو صارفین کے مفادات کے تحفظ اور قومی خزانے پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے ان کے حق میں نظر آتی ہیں۔ویلتھ پاک کے ساتھ ایک انٹرویو میں، اسلام آباد میں قائم پاکستان جرمن رینیوایبل انرجی فورم کے توانائی کے ماہر فراز خان نے کہا کہ آئی پی پیز کے لیے پالیسیاں صارف دوست نہیں ہیں اور حکومت چارجز کی وجہ سے مالی بوجھ برداشت کرتی ہے اور انہیں ٹیکس میں چھوٹ دی جاتی ہے۔مراعات کے باوجودآئی پی پیز کی طرف سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت زیادہ ہے اور صنعتوں کو غیر مسابقتی بناتی ہے۔وزارت خزانہ کی طرف سے حال ہی میں شائع کردہ رپورٹ کارڈ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں مالی سال 2023 کے دوران آئی پی پیز کو واجبات میں 83 ارب روپے اور کل گردشی قرضے میں 57 ارب روپے کے اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ مزید برآں، پبلک سیکٹر جنریشن کمپنیوں کے واجبات میں 10 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جو 111 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز ادا کر رہی ہے۔کیپیسٹی چارجز آئی پی پیز کو کی جانے والی مقررہ ادائیگیاں ہیں، قطع نظر اس کے کہ وہ بجلی پیدا کرتے ہیں یا نہیں۔
یہ ڈھانچہ ضرورت سے زیادہ مقررہ اخراجات کا باعث بنتا ہے، خاص طور پر جب نظام میں گنجائش زیادہ ہو۔ اس کے نتیجے میں حکومت یا صارفین پر مالی دباو پڑتا ہے، کیونکہ وہ انسٹال شدہ صلاحیت کے لیے ادائیگی کرنے کے پابند ہیں چاہے اس کا مکمل استعمال نہ کیا گیا ہو۔پاور ڈویژن نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر 30 جون تک کی مدت پر محیط گردشی قرضے کی رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی پی پیز کو مجموعی طور پر 1.434 ٹریلین روپے واجب الادا ہیںجبکہ مجموعی گردشی قرضہ 2.41 ٹریلین روپے ہے۔ فراز نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کو پیش کردہ پرکشش مراعات دیگر صنعتوں میں سرمایہ کاری کو کم کرتی ہیں۔ صنعتکار دوسرے صنعتی شعبوں کی بجائے آئی پی پیز میں سرمایہ کاری میں زیادہ منافع دیکھتے ہیں۔ یہ عنصر ڈی انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع کرتا ہے۔آئی پی پیز کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ کے انتظامات کی وجہ سے ٹیرف کی شرحیں بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے منافع کو یقینی بنانے اور صارفین کے لیے استطاعت کو برقرار رکھنے کے درمیان ایک نازک توازن حاصل کرنے کے لیے دوبارہ تشخیص ضروری ہے۔ خود مختار پاور پروڈیوسرز، توانائی کے شعبے میں ان کی شراکت سے قطع نظر، حکومت کی جانب سے ایک جامع پالیسی پر نظرثانی کے مستحق ہیں۔
مصنوعی ذہانت دنیا بھر میں تبدیل ہونے والی سب سے زیادہ طلب اور جدید ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سی ای او بابر مجید نے ویلتھ پاک کو بتایاکہ پاکستان میں، یہ مستقبل کو تشکیل دینے کی بڑی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔اسٹیٹسٹا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں AI مارکیٹ میں 22.30فیصدکے اضافے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں 2030 میں مارکیٹ کا حجم 2693ملین ڈالرہو گا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں، پاکستان نے اے آئی کے شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے۔ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں نے بھی اس کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور اس کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔اس اقدام کے تحت، حکومت پاکستان نے مصنوعی ذہانت کا قومی مرکز ملک بھر میں مصنوعی ذہانت سرگرمیوں کو مربوط کرنے کے لیے قائم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ٹیکنالوجیز میں فعال طور پر سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ کارکردگی کو نمایاں طور پر بڑھایا جا سکے، آپریشنز کو بڑھایا جا سکے اور جدید حل فراہم کیا جا سکے۔ڈیجیٹل دور میں پائیداری: پاکستان میں مصنوعی ذہانت پوٹینشل کو کھولنا" کے عنوان سے ایک حالیہ پینل ڈسکشن کے دوران، پینلسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں خاطر خواہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
تاہم، انہوں نے اس ترقی کو آسان بنانے کے لیے پائیدار ریگولیٹری پالیسیوں کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین حفیظ الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں اے آئی ایکو سسٹم بنانا بہت ضروری ہے جس کے لیے ماہرین کی مشاورت سے ریگولیٹری پالیسیاں تیار کرنا ہوں گی۔نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر کے سینئر سائنٹیفک آفیسر محمد عظیم طارق نے کہا، ایک اہم شعبہ جہاں مصنوعی ذہانت ایک واضح اثر ڈال رہا ہے، وہ زراعت ہے، ایک ایسا شعبہ جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔مصنوعی ذہانت میں پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر، ان پٹ کو کم کر کے، اور فیصلہ سازی کو بہتر بنا کر پاکستان میں زراعت میں انقلاب لانے کی صلاحیت ہے۔ مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ٹیکنالوجی کاشتکاروں کو پیداوار کے معیار اور ویلیو چین کو بہتر بناتے ہوئے کم سے زیادہ کام کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ایگریکلچر انفارمیشن بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق، مصنوعی ذہانت 2050 تک اضافی دو ارب لوگوں کے انسانیت کے سب سے بڑے آنے والے چیلنجوں میں سے ایک کا مقابلہ کرنے میں مدد کر سکتا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق صرف 4 فیصد اضافی زمین کاشت کے لیے دستیاب ہوگی۔مصنوعی ذہانت میں بہتری کے باوجود، پاکستان کو بھی خاص چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایک اہم چیلنج ڈیٹا کی دستیابی اور معیار ہے۔ مصنوعی ذہانت الگورتھم کو تربیت دینے اور مثر طریقے سے چلانے کے لیے بڑی مقدار میں ڈیٹا کی ضرورت ہے۔ اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے، ڈیٹا اکٹھا کرنے کو بہتر بنانے کے لیے کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ایک اور چیلنج اے آئی میں ہنر مند پیشہ ور افراد کی ضرورت ہے۔ مصنوعی ذہانت ماہرین کی کمی ہے جسے حل کرنے کے لیے، یونیورسٹیوں اور تربیتی مراکز کو چاہیے کہ وہ مصنوعی ذہانت پر مرکوز سافٹ ویئر اور کورسز پیش کریں تاکہ ماہرین کے باصلاحیت مجموعہ کو فروغ دیا جا سکے۔
سندھ حکومت نے مختلف ٹیکسوں کی ادائیگی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے کراچی کے صنعتکاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔میگا سٹی میں صنعتکاروں کی جانب سے مختلف ٹیکسوں کی ادائیگی میں رکاوٹوں کی شکایت کے بعد یہ پالیسی مرتب کی گئی۔ سیکرٹری صوبائی ایکسائز، ٹیکسیشن اور محکمہ انسداد منشیات عاطف رحمان نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ ہم سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دفتر میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کریں گے جس کی قیادت معروف حکام کریں گے تاکہ کاروباری افراد کو جائیداد، پیشہ ورانہ اور موٹر وہیکل ٹیکس کے معاملات میں سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کی تربیت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن صرف اکٹھا کرنے والا ادارہ ہے جس نے تمام ریونیو سندھ حکومت کے اکانٹ میں منتقل کیا ہے۔رحمان نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں انسانی تعامل کو کم کرنے سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کو آن لائن پراپرٹی ٹیکس کیلکولیٹر دستیاب کرایا گیا ہے۔صوبائی حکومت شہر کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ، جسے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ کہا جاتا ہے، کی صنعت سے بھاری مقدار میں ٹیکس وصول کرتی ہے۔ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری نے کہا کہ پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر 2023 میں انفراسٹرکچر سیس کی وصولی تقریبا 30 ارب روپے تھی، انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے صنعتکاروں کو مختلف ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رحمان نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کے چالانوں کی آن لائن دستیابی صنعتوں کو مقدمات کے تیزی سے نمٹانے کی جانب ایک ترقی پسند قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے ساتھ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلقہ امور کے بارے میں آگاہی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے پیشہ ورانہ اور تجارتی لائسنس ٹیکس کے سلسلے میں دوہرے ٹیکس کے بارے میں صنعتکاروں کی شکایات کو دور کرنے کا وعدہ کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی صوبے کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ سیکٹر کا گھر ہے کیونکہ 90 فیصد صنعتیں اس شہر میں واقع ہیں، جو قومی جی ڈی پی کی نمو میں بہت زیادہ حصہ ڈالتی ہیں۔کراچی کی بڑی صنعتیں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، اسٹیل اور آٹوموبائل ہیں۔ ان کے علاوہ کراچی کو پاکستان کا سافٹ ویئر آوٹ سورسنگ ہب بھی کہا جاتا ہے۔
ایم سی بی لمیٹڈ نے 2023 کی تیسری سہ ماہی کے لیے مضبوط مالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ نمایاں اعداد و شمار مارک اپ کی کمائی ہے جو 39.4 بلین روپے تک پہنچ گیا۔تین مہینوں کے لیے غیر مارک اپ سود کی آمدنی میں سالانہ 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 8.5 بلین روپے ہے۔ یہ اضافہ، اگرچہ مارک اپ سے متعلق میٹرکس کی طرح ڈرامائی نہیں، ایم سی بی بینک کے متنوع آمدنی کے سلسلے اور اس کی غیر سودی آمدنی کے راستوں کو بڑھانے کے لیے بینک کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔تین مہینوں کی کل آمدنی میں 60 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جو 47.9 بلین روپے تک پہنچ گئی۔ یہ نمو سود اور غیر سودی آمدنی دونوں میں نمایاں اضافے سے کارفرما ہے۔ٹیکس سے پہلے کے منافع میں 80 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا، جو کہ 34.3 بلین روپے ہے۔ بعد از ٹیکس منافع اس شاندار کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے، جو کہ 17.5 بلین روپے کی 100فیصد سالانہ ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔فی حصص آمدنی میں بھی 100فیصد مضبوط اضافہ دیکھا گیا، جس نے اپنے شیئر ہولڈرز کو قدر کی فراہمی کے لیے بینک کے عزم پر زور دیا۔ 30 ستمبر 2023 کو ختم ہونے والے نو مہینوں میں اپنی متاثر کن کارکردگی کو بڑھاتے ہوئے، ایم سی بی بینک نے اپنے اوپر کی رفتار کو جاری رکھا۔ اس مدت کے لیے کمائے گئے مارک اپ سود میں سال 235.4 بلین روپے تک 67 فیصد کی نمایاں نمو ہوئی۔ خالص مارک اپ سود کی آمدنی نے بھی لچک کا مظاہرہ کیا، جو 73 فیصد بڑھ کر 106.4 بلین روپے تک پہنچ گئی۔
یہ مسلسل ترقی بینک کے سود سے متعلقہ اجزا کے موثر انتظام کی نشاندہی کرتی ہے۔نو مہینوں کے لیے غیر مارک اپ سود کی آمدنی نے 22.6 بلین روپے کی سالانہ 16فیصد کی قابل ستائش نمو ظاہر کی۔ اگرچہ مارک اپ سے متعلق میٹرکس کی طرح واضح نہیں ہے، لیکن یہ ترقی ایم سی بی بینک کے متنوع آمدنی کے سلسلے اور غیر سودی آمدنی کو بڑھانے پر اس کی اسٹریٹجک توجہ کو نمایاں کرتی ہے۔نو مہینوں کی کل آمدنی 129 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو کہ 58 فیصد سالانہ نمو کو ظاہر کرتی ہے۔ ٹیکس سے پہلے منافع میں 71 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 88.1 بلین روپے ہے۔ بعد از ٹیکس منافع اس شاندار کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے، جو کہ 44.1 بلین روپے کی مجموعی سالانہ 122 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ایم سی بی پاکستان میں قائم ایک بینکنگ کمپنی ہے۔ بینک کے سیگمنٹس میں ریٹیل بینکنگ، کارپوریٹ بینکنگ، کنزیومر بینکنگ، ایکسچینج، ٹریڈ فنانسنگ، انویسٹمنٹ بینکنگ اور اس کے بیرون ملک آپریشنز کے ذریعے دیگر بینکنگ سرگرمیاں شامل ہیں۔ بینک پاکستان کے اندر تقریبا 1,426 برانچز اور پاکستان سے باہر 11 برانچیں چلاتا ہے۔ یہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں کام کرتا ہے۔
عمان (شِنہوا) اردن کے ایک اقتصادی ماہر نے کہا کہ چین اور اردن کے درمیان بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخطوں سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
چین اور اردن نے نومبر کے اواخر میں بیلٹ اینڈ روڈ تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس میں پالیسی کوآرڈینیشن، بنیادی ڈھانچے کے رابطوں،بلاتعطل تجارت، مالیاتی انضمام اور عوام کے درمیان روابط کو فعال طور پر فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔اردن کے الدستور سنٹر فار اکنامک اسٹڈیز کے سربراہ الداؤد نے کہا کہ چین اس وقت اردن کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ 46 سال قبل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔ انہوں نے شِنہوا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یادداشت دونوں ممالک کے تعلقات کی انتہائی سطح کو ظاہر کرتی ہے جو پوری تاریخ میں پھیلے ہوئے ہیں۔الداؤد نے کہا کہ یہ معاہدہ تعاون کے نئے شعبوں کے لیے دروازے کھولے گا کیونکہ اردن اب اقتصادی جدیدیت کے وژن پر عمل پیرا ہے، جس کی توجہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ملک میں سرمایہ کاری لانے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔
ٹوکیو (شِنہوا) جاپان کے ایوان زیریں میں موجودہ پارلیمانی اجلاس کے آخری دن بدھ کو جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا کی کابینہ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگئی ہے۔ جاپان کی حزب اختلاف کی مرکزی جماعت آئینی ڈیموکریٹک پارٹی نے کیشیدا کی کابینہ کے خلاف سیاسی فنڈز کے اسکینڈل میں ایوان زیریں میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی، جس میں کہا گیا کہ کیشیدا حکومت پر لوگوں کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور پالیسیوں کو انجام دینے کے لئے کابینہ میں اہلیت کا فقدان ہے۔
اس تحریک کو کیشیدا کی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) اور اس کی اتحادی جماعت کومیتو نے اکثریتی ووٹ کے ساتھ ناکام بنادیا۔ یہ تحریک اس وقت پیش کی گئی تھی جب حال ہی میں ایل ڈی پی پر ان الزامات کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے کہ اس کا سب سے بڑا دھڑا سیاسی فنڈ ریزنگ تقریبات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سینکڑوں ملین ین کا اعلان کرنے میں ناکام رہا اور وہ ممکنہ طور پر خفیہ فنڈز جمع کر رہا ہے۔
دبئی(شِنہوا) اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 28 میں چینی وفد کے سربراہ ،نائب وزیر ماحولیات ژاؤ ینگ مِن نے کہا ہے کہ کوپ28 نے گلوبل کلائمیٹ ایکشن کے اگلے مرحلے کے لیے ایک عمومی سمت فراہم کی ہے۔
بدھ کو شِنہوا سے گفتگو میں دبئی میں منعقدہ اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوپ28 کے دوران پیرس معاہدے کے پہلے عالمی اسٹاک ٹیک نے ماحول دوست اور کم کاربن مستقبل کی طرف عمومی عالمی رجحان کو مزید مستحکم کیا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے فریقین کی کانفرنس کے 28 ویں اجلاس کوپ 28 میں، دنیا بھر سے1لاکھ 10ہزار سے زائد رجسٹرڈ شرکاء نے انسانیت کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج پر بحث اور اس سے نمٹنے کے لیے شرکت کی۔
شین یانگ(شِنہوا)چین کے صوبہ لیاؤننگ کی جِن ژو بندرگاہ پر برقی کنٹینر ٹرکوں کے لیے ایک چارجنگ اور بیٹری سویپ اسٹیشن بدھ کے روز فعال کردیا گیا جو ملک کی قدیم ترین صنعتی بنیاد کے طور پر مشہور شمال مشرقی علاقے میں بندرگاہ کی خدمت کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی سہولت ہے۔
بحیرہ بوہائی کے سامنے واقع جِن ژو پورٹ چین کے دیگر حصوں کے لیے آبی نقل و حمل کی سہولت فراہم کرتی ہے اور یہ چین-منگولیا-روس اقتصادی راہداری کا ایک اہم مرکز بھی ہے۔
بندرگاہ کے کنٹینر ٹرمینل پر بنایا گیا چارجنگ اسٹیشن 100 سے زائد الیکٹرک کنٹینر ٹرکوں کی چارجنگ ڈیمانڈ کو پورا کر سکتا ہے اور دیگر گاڑیوں کے لیے چارجنگ کی خدمات بھی فراہم کر سکتا ہے۔
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں "انسانی بنیادوں پرفوری جنگ بندی" کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی ہے۔
رکن ممالک نے "شدت پسند گروپ حماس" کے حوالے سے مخصوص دو ترامیم کو مسترد کر دیا جس کے لیے ووٹنگ میں 153 نے قرارداد کے مسودے کی حمایت کی، 10 نے مخالفت کی اور 23 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں "فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی"، تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی، اور "انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی کو یقینی بنانے" کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
منظور شدہ قرارداد میں شہریوں کے تحفظ، قانونی اور انسانی ذمہ داریوں کو نبھانے پر زور دیا گیا ہے، غزہ کی پٹی میں تباہ کن انسانی صورتحال اور فلسطینی شہری آبادی کے مصائب پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فلسطینی اور اسرائیلی شہری آبادی کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق تحفظ فراہم کیا جانا چاہیئے۔
قرارداد میں اس مطالبے کا اعادہ کیا گیا ہے کہ تمام فریق خاص طور پر شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بین الاقوامی انسانی قانون سمیت بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
قرارداد میں دسویں ہنگامی خصوصی اجلاس کو عارضی طور پر ملتوی کرنے اور اس کے حالیہ اجلاس میں جنرل اسمبلی کے صدر کو رکن ممالک کی درخواست پر اپنا اجلاس دوبارہ شروع کرنے کا اختیار دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
حالیہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دسویں ہنگامی خصوصی اجلاس کا تسلسل ہے جس کا آخری اجلاس 26 اکتوبر کو غزہ کے موجودہ بحران کے تناظر میں ہوا تھاجس کے دوران بحران پر ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں "فوری پائیدار انسانی ہمدردی کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 193 رکن ممالک ہیں۔ قرارداد کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
خصوصی اجلاس سے خطاب میں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے بے گناہ شہریوں کی تکالیف کو ختم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ"ہماری واحد ترجیح صرف جانیں بچانا ہے" اور "اب یہ تشدد بند ہونا چاہیئے"۔
فرانسس نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک انسانی نظام کے "بے مثال خاتمے" کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کو شہریوں کی مشکلات کا فوری خاتمہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی ناگزیرہے۔
ہنوئی (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ کی اہلیہ پھینگ لی یوآن نے ویتنام کے مزید نوجوانوں کا اپنے ملک میں تعلیم حاصل کرنے کا خیرمقدم کیاہے تاکہ باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو فروغ دیا جا سکے۔ پھینگ لی یوآن نے ان خیالات کا اظہار ویتنام کے صدر وو وان تھونگ کی شریک حیات فان تھی تھان تام کے ہمراہ ہنوئی میں ویتنام نیشنل یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران پھینگ کو یونیورسٹی کے قیام، آپریشن اور بین الاقوامی تبادلوں سے آگاہ کیا گیا۔ کیمپس کے ثقافتی مرکز میں، پھینگ اور تام نے چینی زبان سیکھنے والے ویتنامی طلباء کے ساتھ خوشگوار بات چیت کی۔ طلباء نے اپنی زبان کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک چھوٹا ٹیلنٹ شو بھی پیش کیا۔
چین کےشمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ کے شہر ہاربن میں 10ویں قومی یادگاری دن کے موقع پر طلباء نانجنگ قتل عام کے متاثرین کے سوگ میں پھول چڑھا رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ کی ترجمان نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ تائیوان کی علاقائی قیادت کے انتخابات 2024 میں مداخلت بند کرے۔ ریاستی کونسل کے تائیوان اموردفترکی ترجمان ژو فینگ لیان نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ انتخابات خالصتاً چین کا اندرونی معاملہ ہے جس میں کوئی بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سان فرانسسکو سربراہی اجلاس میں امریکہ نے تائیوان کے مسئلہ پر چین کے ساتھ سنجیدہ سیاسی عزم کا اظہار اور صدر جوبائیڈن نے واضح کیا کہ امریکہ "تائیوان کی آزادی" کی حمایت نہیں کرتا، ژو نے امریکہ پر زوردیا کہ وہ اپنے اس وعدے کی پاسداری کرے۔
دبئی(شِنہوا) کوپ28 کے صدر سلطان احمد الجابر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس کے فریقین ایک "تاریخی" موسمیاتی معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ الجابر نے بدھ کو یہاں کہا کہ یہ ایک بہتر، متوازن لیکن غلطی سے پاک موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں کو تیز کرنے کا ایک تاریخی پیکج ہے۔ یہ یو اے ای اتفاق رائے ہے۔ اس معاہدے میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات تجویزکیے گئے ہیں جن میں موافقت، مالیات، لچک، اور فوسل فیول وغیرہ شامل ہیں۔ یہ اعلان ماحولیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے فریقین کی کانفرنس کے 28 ویں اجلاس (کوپ28) کے بعد کیا گیا ہے، جسے حتمی معاہدے کے گزشتہ مسودے کے متن پر تعطل کی وجہ سے منگل کی دوپہر کے باضابطہ اختتامی وقت سے آگے بڑھا دیا گیا تھا۔
ہنوئی (شِنہوا) چین اور ویتنام نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری ،صدرشی جن پھنگ کے سرکاری دورہ ویتنام کے دوران جاری ایک مشترکہ بیان کے مطابق، دونوں ممالک نے اپنی افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے اور سرحدی دفاع کے دوستانہ تبادلوں، دفاع اور سلامتی سے متعلق مشاورت اور وزارت دفاع کی ہاٹ لائنز جیسے چینلز کا بہتراستعمال کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک دفاعی صنعتوں، مشترکہ مشقوں وتربیت، ملٹری میڈیکل اور صحت کی خدمات، اقوام متحدہ کے قیام امن اور غیر روایتی سیکورٹی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک سرحدی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرتے ہوئے خلیج بیبو میں مشترکہ گشت اور جنگی جہازوں کے باہمی دوروں کو جاری رکھیں گے اور اپنی بحریہ اور ساحلی محافظوں کے درمیان تعاون اور تبادلے کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
بیجنگ (شِںہوا) چینی مین لینڈ کی ترجمان نے ائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (ڈی پی پی) اتھارٹی کی جانب سے جزیرے پر "ڈی سنیکائزیشن" آگے بڑھانے اور آبنائے تائیوان میں ثقافتی تعلقات منقطع کرنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔
ریاستی کونسل تائیوان امور آفس کی ترجمان ژو فینگ لیان نے یہ بات حال ہی میں منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو کا جواب دیتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کہی۔ اس ویڈیو میں تائپے کے ایک معروف ہائی اسکول کے ایک استاد نے تائیوان میں تعلیمی نصاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ 2 دہائی کے دوران نام نہاد "تعلیمی اصلاحات" "ڈی-سنیکائزیشن" اصول کی رہنمائی کرتی ہیں۔
ژو نے کہا کہ استاد نے تائیوان میں بہت سے اساتذہ، والدین اور ماہرین کے خدشات کی بابت بتایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی پی اتھارٹی کے غیر مقبول اقدامات کو آبنائے کے دونوں اطراف کے ہم وطنوں کی طرف سے مزید سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترجمان نے کہا کہ "ڈی سنیکائزیشن" کا کوئی بھی عمل تائیوان معاشرے میں چینی ثقافتی اور قومی شناخت تبدیل نہیں کرسکتا ہے اور نہ ہی وہ آبنائے میں تاریخی روابط اور رشتہ داری کے بندھن کو توڑسکتا ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) چین میں سپریم پیپلز پروکیوریٹوریٹ (ایس پی پی) نے شمال مغربی صوبہ شانشی کے سابق سینئر قانون ساز لی جن ژو کو رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
ایس پی پی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ شانشی صوبائی پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر لی کے کیس کی تفتیش پراسیکیوٹرز کے حوالے کرنے سے پہلے نیشنل کمیشن آف سپرویژن نے کی۔
بیجنگ (شِنہوا) چین 2042 تک دنیا کی سب سے بڑی ایوی ایشن سروسز مارکیٹ بن جائے گا اور اس کی مارکیٹ ویلیو54 ارب 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
ایئربس چائنہ نے پیش گوئی کے مطابق چین ایوی ایشن سروسز کی عالمی منڈی میں سرفہرست ہونے کے لیے یورپ اور شمالی امریکہ کو پیچھے چھوڑنے کو تیار ہے کیونکہ 2042 تک ملک کے اندر سروس کمرشل طیاروں کا بیڑا بڑھ کر10 ہزار 930 ہو جائے گا۔
اپنے "دوہرے کاربن" کے اہداف کے حصول میں مسلسل پیش رفت کے تناظر میں چین کی شہری ہوا بازی کی صنعت زیادہ موثر ہو رہی ہے اور اس کا معیار بہتر ہو رہا ہے۔ ایئربس چائنہ میں کسٹمر سروسز کی حکمت عملی، کاروباری ترقی اور آپریشنز کے نائب صدر ہو یونگ ڈونگ نے کہا کہ یہ تین بڑے شعبوں میں خدمات کی مارکیٹ کے لیے مزید مواقع پیدا کر رہا ہے جن میں دیکھ بھال، تربیت و آپریشنز اور مسافروں کے سفری تجربے میں بہتری شامل ہیں۔
ایئربس کی پیشن گوئی کے مطابق چین میں پائلٹوں، تکنیکی ماہرین اور جہاز کے عملے کے ارکان کی مانگ 2023 میں 2 لاکھ 12 ہزار ملازمتوں سے 2042 میں 5 لاکھ 61 ہزار ہو جائے گی۔
بیجنگ (شِنہوا)کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدر شی جن پھنگ ویتنام کے کامیاب سرکاری دورہ کے بعد بدھ کی شام واپس وطن پہنچ گئے۔ اس سے قبل ویتنام کے عوام اور بیرون ملک مقیم چینی باشندوں نے ہوائی اڈے کی سڑک کے دونوں اطراف جمع ہوکر دونوں ممالک کے قومی پرچم لہرائے اورصدر شی جن پھنگ کو الوداع کیا۔ ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین ویونگ دنہ ہیو، پولیٹیکل بیورو کے رکن،سیکرٹری سیکرٹریٹ اور کمیونسٹ پارٹی آف ویت نام (سی پی وی) کی مرکزی کمیٹی کے داخلی امور کمیشن کے چیئرمین فان دنہ ٹریس،سیکرٹریٹ سیکرٹری اور سی پی وی سنٹرل کمیٹی کے کمیشن برائے خارجی تعلقات کے چیئرمین لی ہوائی ترونگ اور دیگر پارٹی اور حکومتی رہنماؤں اور مقامی نمائندوں نے صدر شی کو ہوائی اڈے پر رخصت کیا۔
بیجنگ (شِنہوا) چینی ماہرین فلکیات کی ایک ٹیم نے 500 میٹر اپرچر کریکل ریڈیو ٹیلی سکوپ (ایف اے ایس ٹی) یا "چائنہ اسکائی آئی" کا استعمال کرتے ہوئے کہکشاں سے باہر نیوٹرل ہائیڈروجن (ایچ آئی) ذرائع کی اب تک کی سب سے بڑی اعلیٰ معیار کی کیٹلاگ تیار کرلی ہے۔
ہائیڈروجن کائنات میں سب سے زیادہ کثرت سے پایا جانے والا عنصر اور کہکشاؤں کا ایک اہم جزو ہے۔ کہکشاؤں کے میدان میں ایچ آئی انٹرسٹیلر میڈیم کا ایک اہم جزو بھی ہے۔
اس کی کثرت اور 21 سینٹی میٹر اخراج لائن کے ذریعے کینیمیٹکس کی پیمائش ممکنہ طور پر سیاہ مادے کی ممکنہ خصوصیات ، کمزور نامعلوم کہکشاؤں کی کائناتی ساخت اور ارتقا جیسے بہت سے فلکیاتی مسائل حل کرسکتی ہے۔
نئی کیٹلاگ میں اگست 2020 اور جون 2023 کے درمیان دریافت شدیدہ 41 ہزار 741 ایچ آئی ذرائع شامل ہیں جو مقدار اور معیار دونوں میں دنیا بھر میں اسی طرح کے ذرائع سے زیادہ تھے۔
یہ کام فاسٹ آل اسکائی ایچ آئی سروے (فاشی) منصوبے کا حصہ ہے۔ اس کا ڈیزائن ایسا ہے کہ پورا آسمان فاسٹ کو نظرآئے۔
موجودہ سروے کے نتائج کل آسمان کے تقریباً 35 فیصد سے اخذ کردہ ہیں اور اگلے 5 سال میں 1 لاکھ سے زائد ایچ آئی ذرائع کو ریکارڈ کئے جانے کی توقع ہے۔
فاسٹ دنیا کی سب سے بڑی سنگل ڈش ریڈیو ٹیلی سکوپ ہے جس کا رقبہ 30 معیاری فٹ بال میدانوں کے مساوی ہے۔ فاسٹ نے 11 جنوری 2020 کو چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو میں کام کا آغاز کیا تھا۔
ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود اختیارعلاقے میں اناج کی پیداوار رواں سال 2کروڑ ٹن سے تجاوز کر گئی ، جو 2022 کے مقابلے میں 30لاکھ ٹن زیادہ بڑھی ہے۔
علاقائی زراعت ودیہی امورکے محکمہ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ اس خطے کی اناج کی سالانہ پیداوار میں یہ اعداد و شمار ریکارڈ ہوئے ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ اضافہ 2023 کے دوران چین کی مجموعی اناج کی پیداوار کا تقریباً 34.4 فیصد ہے۔علاقائی زراعت ودیہی امور محکمہ کے نائب سربراہ لی جِنگ نے بدھ کو بتایا کہ اناج کی پیداوار میں یہ اضافہ بنیادی طور پر فصل کی کاشت کے مقامی ڈھانچے میں ہونے والی تبدیلیوں، پانی کے وسائل کے موثر استعمال اور متعلقہ پالیسی سپورٹ اور تکنیکی رہنمائی کی وجہ سے ہے۔