کراچی کے علاقے منگھوپیرچونگی موڑ کے قریب پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے شہری ہاشم کی موت کے معاملے پر پولیس نے اے وی ایل سی کیڈی ایس پی قمرکوحراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی اے وی ایل سی کوحراست میں لے لیا گیا جبکہ ملوث اے ایس آئی مختیار کے بیٹے کو بھی حراست میں لیاگیا۔ ملزم مختیار دو ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا ہے۔ حکام نے قتل کی واردات میں استعمال ہونیوالی ایس ایم جی بھی برآمد کرلی گئی، واقعے میں استعمال موبائل منگھوپیرتھانے کے حوال کردی گئی، ملوث اہلکار اور افسران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز دبئی سے 16 سال کے بعد شادی کے لیے آنے والا نوجوان شادی کے ایک ماہ بعد پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق اے وی ایل سی سینٹرل کی ٹیم نے ڈی ایس پی سینٹرل اے وی ایل سی کی سربراہی میں بغیرکسی اطلاع کے منگھوپیر تھانے کی حدود میں چونگی موڑکے قریب ناکا لگایا ہوا تھا اور نوجوانوں پر فائرنگ ٹیم میں شامل ایک اہلکار نے کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈاپور پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو )کے نادہندہ نکلے۔ صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور دو سب ڈویژن کے تقریبا 12 لاکھ روپے کے نادہندہ تھے۔ پیسکو نے علی امین گنڈاپور کے گھر کی بجلی کاٹ دی۔ علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ پر کینٹ اور سٹی فیڈر کے دو کنکشن تھے، کینٹ فیڈر کے 4لاکھ 60 ہزار آج جمع کرا دئیے۔ تاہم بجلی تاحال بحال نہیں ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں بتایا گیا کہ سیلاب سے نقصانات پر کام کیلئے کوئی خصوصی فنڈ فراہم نہیں کیے گئے جس پر قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی سمیت متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا،سینیٹر کامل علی آغا نے ایم فور موٹرویز پر سروسز ایریا قائم نہ ہونے کامعاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ٹال ٹیکس تو وصول کیا جارہاہے مگر بدقسمتی کی بات ہے مگر ایک سال سے زائد گزرنے کے باوجود بھی ایم فور پر کوئی ایک بھی فیول اسٹیشن اور سروس ایریا نہیں ہے۔ جمعرات کو ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں این ایچ اے اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز میں تقرریوں کیلئے ملک کے پسماندوہ اورخاص طور پر صوبہ بلوچستان کیلئے امیدواروں کیلئے عمر کی حد اور رولز کے مطابق عمر کی حد میں ریلیف،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز کی ملک بھر کیلئے 1900 اسامیوں کی صوبہ وائز تفصیلات کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ بولان میں پنجرپل کی تعمیر کے حوالے سے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے آغاز میں چیئرمین کمیٹی سینیٹرپر نس احمد عمر احمد زئی نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں اور خاص طور پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو نوکریوں کے حوالے سے عمر کی حد میں ریلیف دینا چاہیے۔ ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو سہولیات نہ ہونے کے برابر ملتی ہیں۔ سیلاب و دیگر مسائل کی وجہ سے ان لوگوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ صوبہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا اور پسماندہ صوبہ ہے۔ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہ صوبہ قدرتی معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے۔
اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں صرف سٹرکیں بنی ہیں باقی سٹرکیں پرانی اور سیلابوں کی وجہ سے تباہی کا شکار ہو چکی ہیں۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر ہمیں خصوصی توجہ کرنی چاہیے اور اس قائمہ کمیٹی نے ہمیشہ پسماندہ علاقوں کے روڈ نیٹ ورک پر خصوصی توجہ دی ہے۔ کوشش کی جائے کہ جن علاقوں کی اسامیاں سامنے آئیں ان علاقوں کے امیدواروں کو ترجیح دینی چاہیے۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویزنے قائمہ کمیٹی کو بھرتیوں کے لئے عمر کی حد اور رولز کے مطابق دیئے جانے والے ریلیف کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نان یونیفارم اور سویلین موٹر وے ملازمین کے گریڈ15 اور اس سے نیچے کے گریڈ کے ملازمین کیلئے کم سے کم عمر18 سال اور زیادہ سے زیادہ25 سال ہے۔ گریڈ16 کی کم سے کم 20 اور زیادہ سے زیادہ 28 سال عمرہے اور گریڈ 19 کیلئے کم سے کم32 اور زیادہ سے زیادہ40 سال ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ عمر کی بالائی حد میں نان یونیفارم ملازمین کیلئے 5 سال کا ریلیف ہے۔اقلیتوں کیلئے 3 سال،قبائلی علاقہ جات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کیلئے 3 سال، سندھ دیہی اور بلوچستان کے گریڈ 15 اور نیچے کے گریڈ کیلئے 3 سال کی رعایت ہے۔ آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ افسران کیلئے 15 سال کی اور وہ سرکاری ملازمین جنہوں نے دو سال کی مسلسل نوکری کی ہو ان کو 10 سال کی رعایت ہے۔ معذور افراد کیلئے گریڈ 15 اور اس سے کم کیلئے 10 سال کی رعایت ہے جبکہ بیوہ اور فوت ہو جانے والے ملازمین کے بچوں کیلئے 5 سال کی رعایت ہے۔ پولیس افسران کیلئے عمر کی حد گریڈ14 کی کم سے کم 18 سال اور زیادہ سے زیادہ25 سال ہے۔ قائمہ کمیٹی کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز کی1900 اسامیوں کی صوبے کے لحاظ سے تفصیلات دی گئیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ساڑھے سات فیصد کوٹہ کے لحاظ سے 143 سیٹیں ہیں۔ پنجاب میں 50 فیصد کوٹے کے ساتھ966، سندھ دیہی11.4 فیصد کوٹے کے ساتھ 223، سندھ اربن 7.6 فیصد کوٹے کے ساتھ 146، صوبہ خیبر پختونخواہ 11.6 فیصد کوٹے کے ساتھ 222، صوبہ بلوچستان 6 فیصدکوٹے کے ساتھ 159، فاٹا 4 فیصد کوٹے کے ساتھ 63، گلگت بلتستان1 فیصد کوٹے کے ساتھ 21، اے جے کے 2 فیصد کوٹے کے ساتھ42، معذور افراد 2 فیصد کوٹے کے ساتھ 5 اسامیاں ہیں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ یونیفارم 1750 اور نان یونیفارم240 اسامیاں ہیں۔ ممبر ایڈمن این ایچ اے نے بتایا کہ تقرریوں کیلئے عمر کے تعین کے حوالے سے این ایچ اے کی بھی یہی پالیسی ہے۔آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز نے کمیٹی کو درپیش مسائل بارے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے ایک سمری ریکورمنٹ کے لئے بجھوائی ہے اس کی منظوری کا انتظار ہے۔ کمیٹی اس حوالے سے مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ ور چوئل یونیورسٹی سے ادارے کی تقرریوں کو پراسس ہونا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ادارے کے ڈیلی الانس کے حوالے سے بھی ایک مسئلہ ہے جس کی منظوری وزیراعظم پاکستان نے دی تھی مگر مالی مشکلات کی وجہ سے ہمیں اجازت نہیں دی گئی ہم اپنے بجٹ سے یہ ادا کر دیں گے کمیٹی اس کے لے سپورٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایڈمن الانس بھی نہیں مل رہا جس کی وجہ سے دیگر محکموں کے افسران ڈیپوٹیشن پر بھی نہیں آتے اور اس محکمے میں آنے سے بھی کتراتے ہیں۔یہ الانس باقی متعلقہ اداروں کو مل رہے ہیں جن میں ایف سی اور اسلام آبا پولیس وغیرہ شامل ہیں اور ہمارے محکمے کے ملازمین کو شہید بھی تصور نہیں کیا جاتا ان کو ڈیتھ ان سروس تصور کیا جاتا ہے یہ تمام امتیازی سلوک ختم کرنے میں کمیٹی ہماری مدد کرے۔ قائمہ کمیٹی کو صوبہ بلوچستان کے علاقہ بولان میں پنچر پل کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ یہ پل26 اگست 2022 کو سیلاب کی وجہ سے گر گیا تھا۔ 4ستمبر 2022 کو متبادل راستہ بنا دیا گیا تھا۔ این 65،سیلاب کی وجہ سے 30 فیصد خراب ہو چکی ہے۔ اس پل کی تعمیر پر 485 ملین روپے خرچ ہونگے۔ ٹینڈر ہو چکا ہے اب صرف ایوارڈ کرنا باقی ہے۔ اس منصوبے کیلئے اے ڈی بی کا قرضہ موجود ہے۔ اس سال اگست کے آخر میں اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پہلے پل کی لمبائی 90 میٹر تھی اب 100 میٹر ہوگی اور10 میٹر واٹر وے کو بھی بنایا جائے گااور مستقبل کیلئے ٹنل بھی بنائی جا رہی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئرش کاز وے 90 ملین روپے سے بنائی جا رہی ہے۔18 جون سے کام شروع ہے اور17 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجر پل پر ابھی تک 27 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ کمیٹی کو بتایاگیا کہ اے ڈی بی نے 150 ملین ڈالر قرض دیا ہے جو 2022 کے سیلاب میں ہونے والے سٹرکوں کے نقصانا ت جن میں 32 پل بھی شامل ہیں پر خرچ کیا جائے گا۔
کمیٹی کو پنجر پل کے حوالے سے نئی الائنمنٹ روڈ جو 11 کلومیٹر پر مشتمل ہو گی بارے بھی آگاہ کیاگیا، بتایا گیاکہ پی سی ون بن گیا ہے ۔ ڈیرہ مراد جمالی پر بائی پاس بن رہا ہے۔ کمیٹی کویہ بھی بتایا گیا کہ بسیمہ خضدار روڈ جون2022 میں مکمل ہو چکا ہے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر پرنس احمد عرم احمد زئی نے کہا کہ پنجر پل کو تقریبا اس سال ہو چکا ہے۔ انتہائی اہم جگہ جو صوبہ سندھ اور پنجاب کو بلوچستان سے ملتا ہے اس پر ایمرجنسی لگا کر کام کرنا چاہیے تھا۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ این ایچ اے اپنے وسائل سے سیلاب کے دوران ہونے والے سٹرکوں کے نقصانات پر کام کر رہا ہے۔ سیلاب سے نقصانات پر کام کیلئے کوئی خصوصی فنڈ فراہم نہیں کیے گئے جس پر قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی سمیت متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا۔ سینیٹر کامل علی آغا نے ایم فور موٹرویز پر سروسز ایریا قائم نہ ہونے کامعاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ٹال ٹیکس تو وصول کیا جارہاہے مگر بدقسمتی کی بات ہے مگر ایک سال سے زائد گزرنے کے باوجود بھی ایم فور پر کوئی ایک بھی فیول اسٹیشن اور سروس ایریا نہیں ہے۔ جس پر قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ فیول اسٹیشن کے لئے کنڑیکٹ ایوارڈ ہو چکے ہیں۔ زمین کے کچھ مسائل ہیں جلد کام شروع ہو جائیں گے۔ قائمہ کمیٹی نے باقی ایجنڈ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔ قائمہ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز شمیم آفریدی، محمد اکرم، عابدہ محمد عظیم، کامل علی آغااور مولاناعبدالغفور حیدری کے علاوہ سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات، آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز، ڈئی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز اور این ایچ اے حکام نے شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے ) نے راولپنڈی میں قرض دینے والی ایپ کے کارندوں کی دھمکیوں سے پریشان شخص کی مبینہ خودکشی کے بعد آن لائن قرض دینے والی ایپس کمپنیوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ ترجمان کے مطابق سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سیکٹر جی ایٹ میں لون ایپس کے دو دفاتر سیل کردیئے۔ سیکٹر جی ایٹ میں واقع دفاتر سیل،لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز قبضے میں لیلئے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی سے بھی غیر قانونی لون ایپس کی معلومات لی جا رہی ہیں، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایپس کے خلاف مزید کارروائی ہوگی، غیر قانونی لون ایپس بلاک کرنے کیلئے پی ٹی اے کو درخواست دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق غیر قانونی لون ایپس کی آن لائن تشہیر کو بھی بلاک کیا جائے گا، متاثرہ شہری ہراساں کئے جانے پر سائبر کرائم سرکل کو شکایت کرسکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی )نے انتخابی نشان فائنل کرلیا۔ استحکام پاکستان پارٹی عقاب کے نشان پرالیکشن لڑے گی۔ ترجمان استحام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پارٹی رجسٹریشن کیساتھ ہی انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست بھی دی جائے گی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے اہل سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات حاصل کرنے کیلئے درخواستیں مانگ لی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مختص کئے گئے انتخابی نشانات میں سے کسی ایک انتخابی نشان کے حصول کے لئے پارٹی سربراہ کی دستخط شدہ درخواستیں 19 جولائی تک جمع کروائی جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے تاریخی دروازوں سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور کے 12 تاریخی دروازوں کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مقبرہ نور جہاں اورمقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو تاریخی دروازوں کی بحالی کیلئے ٹائم لائن دے دی، لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی کے ماہرین ریسرچ کے بعد ڈیزائننگ اور پراجیکٹ تیار کریں گے، ٹیکسالی، لوہاری، شاہ عالم، موچی، اکبری، دہلی، یکی گیٹ، روشنائی، شیراں والا، مستی گیٹ اور دیگردروازوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے تاریخی دروازوں کے اردگرد تجاوزات ختم کرنے اور تاریخی عمارتوں پر وال چاکنگ اور بینرز فورا ہٹانے کا بھی حکم دیا۔ محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے بالمقابل مریم زمانی بیگم مسجد کی بحالی اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی مقامات کے پاس بجلی کے تار زیر زمین کرنے کیلئے لیسکو سے رجوع کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیراعظم شہبا شریف نے کہا ہے کہمعاشی استحکام کیلئے آئی ایم ایف سے قرضہ ناگزیر تھا،ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط مانی ہیں،آئی ایم ایف معاہدہ منظور ہوگیا ہے،اب شادیانے بجانے کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں متحد ہوکر کام کرنا ہے، اگر دوبارہ موقع ملا تو ملتان کو میڈیکل سٹی بنائیں گے،ترقیاتی منصوبے جنوبی پنجاب کا حق ہے،نوجوان ہمارے قوم کا مستقبل ہیں،لون پروگرام نوجوانوں کو معاشی لحاظ سے بااختیار بنائے گا،غریب گھرانوں کو ہونہار بچے وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہتے ہیں،ملک مین لاکھون مستحق بچے ہیں جن کی تعلیم کیلئے معاونت ضروری ہے،ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے غریبوں کے بچے تعلیم اور ہنر کے زیور ستے آراستہ ہوں گے،صاحب ثروت لوگ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں حکومتی معاون بنیں،انتخابات کے بعد ملک کی خدمت کا موقع ملا تو 5سال میں 50لاکھ لیب ٹاپ تقسیم کریں گے۔جمعرات کے روز ملتان میں بہائوالدین زکریا یونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ لون پروگرام اور لیب ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبا شریف نے کہا کہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی پہنچا تو ماضی کی یاد آگئی،ماضی میں بھی بہائوالدین زکریا یونیورسٹی میں لیب ٹاپ تقسیم کئے تھے،عظیم درسگاہ کے عظیم طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر لیب ٹاپ دئیے،قوم کے عظیم نوجوانوں میرٹ وہ اثاثہ ہے جس سے قومیں بنتی ہیں،جو قومین میرٹ سے ہٹ کر سفارش اور کرپشن میں لگ جائیں تو وہ تباہ ہوجاتی ہیں،ہم سب انسان ہیں اور انسان خطا کا پتلا ہے،ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنے والی قوموں کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کے ہاتھ میں خوشحالی کی کنجی ہے،نوجوانوں میں ایک لاکھ لیب ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں یہ آٹے میں نمک کے برابر ہے،ایک لاکھ لیب ٹاپ پورے پاکستان میں تقسیم کییجارہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وسائل ہوں تو ایک کروڑ لیب ٹاپ آپ کی خدمت میں پیش کردوں،ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں بچون اور بچیوں کو وظائف دیئے جائیں گے،گزشتہ روز پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے 22ارب روپے کے وظائف نوجوانوں کو دئیے گئے،ہرسال بچوں کو یورپ کی عظیم درسگاہوں میں بھجوایا جاتا تھا،گزشتہ روز پنجاب کی طرز پر وفاق میں بھی پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے قوم کا مستقبل ہیں،لون پروگرام نوجوانوں کو معاشی لحاظ سے بااختیار بنائے گا،غریب گھرانوں کو ہونہار بچے وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہتے ہیں،ملک مین لاکھون مستحق بچے ہیں جن کی تعلیم کیلئے معاونت ضروری ہے،ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے غریبوں کے بچے تعلیم اور ہنر کے زیور ستے آراستہ ہوں گے،صاحب ثروت لوگ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں حکومتی معاون بنیں،غریب بچون کی ابتدائی تعلیم کیلئے ملک بھر میں ہزاروں دانش سکولز بنائے،نوجوان لک کے مستقبل کے ضامن ہین،اگر انتخابات کے بعد ملک کی خدمت کا موقع ملا تو 5سال میں 50لاکھ لیب ٹاپ تقسیم کریں گے،معاشی استحکام کیلئے آئی ایم ایف سے قرضہ ناگزیر تھا،ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط مانی ہیں،آئی ایم ایف معاہدہ منظور ہوگیا ہے،اب شادیانے بجانے کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں متحد ہوکر کام کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر دوبارہ موقع ملا تو ملتان کو میڈیکل سٹی بنائیں گے،ترقیاتی منصوبے جنوبی پنجاب کا حق ہے۔ خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے شجاع آباد فلائی اوور بنانے کا اعلان کر دیا،انہوں نے کہا کہ ہمیں دن رات محنت اور یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا،ملتان میڈیکل سٹی دنیا کی بہترین میڈیکل سٹی کا مقابلہ کرے گا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روزمتحدہ عرب امارات سے ایک ارب اور پرسوں سعودی عرب سے دو ارب ڈالر آیا، چین سے 5ارب ڈالر ملے تھے آخر کب تک ایسے زندگی گزاریں گے،چند سال قبل بغیر سیاسی مکالمے کے بڑے صنعتکاروں کو 3ارب ڈالر دئیے گئے۔صنعت نہین ملے گی تو ملک کیسے چلے گا،ان صنعتکاروں کو 4فیصد مارک اپ لگایا،ان لوگوں نے بھی اس گنگا میں ہاتھ دھوئے جو پہلے سے ہی اربوں پتی تھے،4یا 5فیصد قرض مل جائے تو بازار میں 15 فیصد پر آسانی دے سکتے ہیں،اگر پیسہ ہی لگانا تھا تو پہلا حق قوم کے بچوں کاتھا،3یا 4ارب ڈالر قوم کے بچوں پر خرچ کئے ہوتے تو آج آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑتا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ عالمی آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط سٹیٹ بینک میں منتقل کردی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ کا ہے،3 ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توقع ہیکہ ہماریکل زرمبادلہ کے ذخائر 13 اور 14 ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر 2 جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہبازشریف کا کردار اہم رہا ہے، ان کے علاوہ حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
معروف ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ کمپنی ا نٹرلوپ لمیٹڈنے غیر معمولی کارکردگی پیش کی ہے اور مستحکم آپریشنز کو برقرار رکھا ہے جو حال ہی میں ختم ہونے والے مالی سال 2022-23 کے پہلے نو مہینوں میں توقعات سے زیادہ ہے۔ خام روئی، آر ایل این جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، گیس کی سپلائی بند ہونے، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹیں، بلند شرح سود، اور اقتصادی افراط زر جیسی مختلف رکاوٹوں پر قابو پاتے ہوئے کمپنی نے موثر اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور وسائل کے موثر انتظام کا مظاہرہ کیا ہے۔ نو مہینوں کی مدت کے دوران، انٹرلوپ لمیٹڈ نے آمدن اور منافع میں نمایاں اضافہ کا تجربہ کیا، جو کمپنی کی جدت اور آپریشنل تاثیر کی عکاسی کرتا ہے۔ فروخت میں 39 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جو کہ مالی سال 22 کی اسی مدت میں 60 ارب روپے کے مقابلے میں 84 ارب روپے تک پہنچ گئی۔فروخت کی لاگت میں 25 فیصد اضافے کے باوجود، 44 بلین روپے سے 55 بلین روپے تک انٹرلوپ نے مجموعی منافع میں 28 بلین روپے کی شاندار 76 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ یہ خاطر خواہ اضافہ کمپنی کی لاگت کو منظم کرنے اور منافع کو بہتر بنانے کی صلاحیت کو نمایاں کرتا ہے۔ آپریٹنگ منافع میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیاجو کہ 9 ارب روپے سے بڑھ کر 19 ارب روپے تک پہنچ گیاجو کمپنی کی کاروباری حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔ کمپنی نے مالی سال 22 کی اسی مدت میں 6 ارب روپے کے مقابلے میں کل 14 ارب روپے کے خالص منافع میں 103 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ فی حصص آمدنی میں 103فیصداضافہ ہوا، جو کہ 15.17 روپے تک پہنچ گیا۔ایکسپورٹ پر مبنی ادارے کے طور پر، انٹرلوپ لمیٹڈ نے ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے فائدہ اٹھایا، جس کے نتیجے میں مالی سال 23 کے پہلے نو مہینوں کے دوران مالی سال 22 کی اسی مدت کے 2.6 بلین روپے کے مقابلے میں 8 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔ کرنسی کے اس فائدہ نے کمپنی کی مجموعی مالی کامیابی میں مزید تعاون کیا۔انٹرلوپ لمیٹڈ کے شاندار مالیاتی نتائج حصص یافتگان کے لیے قدر پیدا کرنے کے عزم اور کاروبار کی طویل مدتی پائیداری پر اس کے اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔
جدت، صارفین کے اطمینان اور آپریشنل کارکردگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، کمپنی نے چیلنجنگ مارکیٹ کے حالات کے درمیان نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔انٹرلوپ لمیٹڈ کی رکاوٹوں کو نیویگیٹ کرنے اور غیر معمولی مالیاتی کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں ایک لیڈر کے طور پر اس کی پوزیشن کو واضح کرتی ہے۔ اپنے مسلسل اسٹریٹجک نقطہ نظر کے ساتھ، کمپنی مستقبل کے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور مارکیٹ میں اپنے اوپر کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔ تین سالوں کے دوران، انٹرلوپ لمیٹڈ نے اپنے مجموعی منافع کے مارجن میں مسلسل بہتری دکھائی ہے، جو مالی سال 20 میں 21.66 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 22 میں 28.68 فیصد ہو گئی۔ یہ اوپر کا رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمپنی اپنے پیداواری اخراجات کو کنٹرول کرنے اور ہر فروخت سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جو اس کی آپریشنل کارکردگی کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔ انٹرلوپ لمیٹڈ نے تین سال کی مدت کے دوران اپنے خالص منافع کے مارجن میں مسلسل اضافہ ظاہر کیا ہے، جو کہ 13.60فیصد ہو گیا ہے۔ یہ نمایاں بہتری کمپنی کی لاگت کو کنٹرول کرنے، آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے اور اپنی کاروباری سرگرمیوں سے زیادہ منافع کمانے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ کمپنی کے منافع اور اس کے شیئر ہولڈرز کو فراہم کردہ قدر کا ایک اہم اشارہ ہے۔ انٹرلوپ لمیٹڈ نے مالی سال 21 میں 239.81 فیصد کی حیران کن نمو حاصل کی، لیکن مالی سال 22 میں یہ کم ہو کر 96.57 فیصد رہ گئی۔ اس کمی کو پچھلے سال کی غیر معمولی نمو سے زیادہ بنیادی اثر سے منسوب کیا جا سکتا ہے۔ اس کے باوجود، کمپنی نے اپنی کمائی میں مثبت ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان میں فوڈ پروسیسنگ اور مشروبات کی صنعت کو سب سے زیادہ امید افزا شعبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، اور اسے ٹیکسٹائل کی صنعت کے بعد دوسری بڑی صنعت قرار دیا جاتا ہے۔ وسیع امکانات اور وسائل کے ساتھ، پاکستان میں اس شعبے کی حقیقی صلاحیت ابھی تک استعمال میں نہیں آئی۔ وافر زرعی وسائل سے مالا مال، پاکستان کے پاس اپنی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کو ترقی دینے کے بہت زیادہ امکانات ہیں اگر وہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کے تنوع سے فائدہ اٹھائے۔ پاکستان فوڈ ایسوسی ایشن کے ترجمان محمد عمر عمرسن نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ حالیہ برسوں کے دوران ملک میں پیکڈ فوڈز اور مشروبات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ریستورانوں، فاسٹ فوڈ چینز اور فوڈ ڈیلیوری ایپس کی بڑھتی ہوئی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ صارفین کے لیے متعدد آپشن فراہم کیے گئے ہیںجس کے نتیجے میں صنعت کی مضبوط ترقی ہوئی۔ عمر سن نے کہاکہ بڑھتی ہوئی شہری کاری اور عالمی رجحانات کے ساتھ، پاکستان میں اخراجات کے انداز بھی بدل رہے ہیں اور گزشتہ چند سالوں کے دوران، ہوٹل اور ریستوراں کا شعبہ زیادہ اخراجات کی فہرست میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ فوڈ اور فوڈ سے متعلقہ کاروبار نے ویلیو ایڈڈ پیداوار میں 27 فیصد حصہ ڈالا ہے اور روزگار کے 19 فیصد مواقع پیدا کیے ہیں۔ عمر سن نے کہا کہ پاکستان میں فروزن فوڈ مارکیٹ بھی بڑھ رہی ہے، اور اس کی مالیت 489.51 ملین روپے ہے جس کی بنیادی وجہ یہ سہولتیں ہیں۔پراسیسڈ فوڈ آئٹمز روایتی کھانوں پر برتری حاصل کر رہے ہیں جن میں زیادہ قیمت والی مصنوعات ،مکمل طور پر پکا ہوا کھانا، صحت بخش اسنیکس، ڈریسنگ اور چٹنی، پراسیس شدہ گوشت اور پولٹری شامل ہیں۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیدار وحید احمد نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ فوڈ سیکٹر پروسیسنگ کی سہولیات کی عدم موجودگی، ہنر مند کارکنوں کی کمی اور جدید ٹیکنالوجی کی کمی کا شکار ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 30 فیصد پھل اور سبزیاں غفلت اور پروسیسنگ کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے ضائع ہو جاتی ہیں جو کہ فوڈ انڈسٹری کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ سماجی و اقتصادی تبدیلی نے ملک میں پراسیسڈ فوڈ کی کھپت کو جنم دیا ہے، اور کیش اینڈ کیری اسٹورز کی بین الاقوامی اور مقامی بڑھتی ہوئی تعداد نے پراسیسڈ فوڈ اور مشروبات کی مارکیٹ کو مزید فروغ دیا ہے۔ پراسیسڈ فوڈ اینڈ بیوریجز کے لیے پاکستان ایکسپورٹ اسٹریٹجی 2023-27 کے مطابق، پراسیسڈ فوڈ اور بیوریجز کی صنعت سے پاکستان کی برآمدی آمدنی محدود اور غیر مستحکم رہی ہے جو کہ 2021-22 میں صرف 574 ملین ڈالر تھی۔صنعت کی بین الاقوامی فروخت نسبتا محدود تعداد میں مصنوعات پر مرکوز ہے جس میں مصالحے، کنفیکشنری، کیک پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل کرنسیوں کا بڑھتا ہوا استعمال پاکستان کی کرنسی مارکیٹ کے لیے منفی نتائج کا باعث بنا ہے کیونکہ یہ کرنسیاں مرکزی دھارے کے مالیاتی اداروں کے دائرہ سے باہر کام کرتی ہیں۔ اس سلسلے میں، پاکستان کو ڈیجیٹل کرنسی کی مارکیٹ کو منظم کرنے کے لیے ڈیجیٹل کرنسی پالیسی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی ڈیجیٹل کرنسی ٹریڈنگ فرم رین فنانشل کے کنٹری منیجر ذیشان احمد نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس لین دین کے مقاصد کے لیے گردش کرنے والی ٹیکنالوجی پر مبنی کرنسیوں پر کنٹرول کا فقدان ہے۔ یہ کرنسیاں کل رقم کی فراہمی کے تخمینے میں تضادات پیدا کرتی ہیںجس کا حساب عام طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کریپٹو کرنسی کو اپنانے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ملک اس وقت گلوبل کریپٹو کرنسی اپنانے کے انڈیکس میں تیسرے نمبر پر ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میں غیر معمولی اضافہ دیکھا ہے، جو کہ 2020-21 کی مدت کے دوران تقریبا 20 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے پانچ سالوں سے 711 فیصد کے غیر معمولی اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔ ذیشان احمد نے کہاکہ ڈیجیٹل کرنسیوں کا ایک منفی پہلو یہ ہے کہ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی کمائی وطن واپس بھیجنے کے لیے ممکنہ طور پر سستا متبادل پیش کیا۔
کریپٹو کرنسیوں کے استعمال کے ذریعے، افراد روایتی بینکنگ سسٹمز اور اس کے ساتھ ٹیکسوں کو نظرانداز کر سکتے ہیںجس کے نتیجے میں سرحد پار سے تیز اور زیادہ سستی لین دین ہو سکتا ہے، لیکن ترسیلات زر کی سرکاری آمد میں کمی آتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسٹیٹ بینک کے اندر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی کمی نے منی مارکیٹ میں ڈیجیٹل کرنسیوں کی نگرانی کرنے کی اس کی صلاحیت کو متاثر کیا۔ اس کے علاوہ، اسٹیٹ بینک نے ابھی تک ڈیجیٹل کرنسیوں کے لیے ایک اچھی طرح سے طے شدہ قانونی فریم ورک قائم نہیں کیا ہے۔ ذیشان احمد نے نشاندہی کی کہ کریپٹو کرنسیوں کی خاصیت ان کی غیر متزلزل نوعیت کی ہوتی ہے، جو اکثر مختصر مدت کے دوران قیمتوں میں کافی اتار چڑھا وسے گزرتی ہیں۔ یہ اتار چڑھا انفرادی سرمایہ کاروں اور مالیاتی نظام کے مجموعی استحکام دونوں کے لیے خطرات کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہابنیادی طور پر مارکیٹ کی خراب صورتحال اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ انتباہات کے باوجود، ڈیجیٹل کرنسی پر اعتماد ثابت قدم ہے۔ڈیجیٹل کرنسی کے ماہر نے قومی ڈیجیٹل کرنسی پالیسی مالیاتی منڈیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور معیشت میں کمزوریوں کو کم کرنے کے لیے ایک ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ایک جامع ڈیجیٹل کرنسی پالیسی اس سلسلے میں چیلنجوں سے نمٹ سکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
براڈ بینڈ ڈیٹا کے استعمال میں گزشتہ سال کے مقابلے 2021-22 میں 31 فیصد کا خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اقتصادی سروے آف پاکستان کے مطابق 2021-22 کے دوران براڈ بینڈ ڈیٹا کی کل کھپت 6,855 کے مقابلے 8,970 پیٹا بائٹس تک پہنچ گئی۔ پاکستان میں 'بائیو میٹرک طور پر تصدیق شدہ سیلولر کنکشنز' کی کل تعداد پہلے ہی 197 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جو کہ جدید گیجٹس کی اعلی رسائی کی سطح کو ظاہر کرتی ہے جو ورلڈ وائڈ ویب سے جڑے رہتے ہیں۔ سیلولر کنکشنز کی کوریج زیادہ ہے۔ براڈ بینڈ صارفین کی کوریج پہلے ہی آبادی کے 56% تک بڑھ چکی ہے، جو کہ 127 ملین سے زیادہ افراد بنتی ہے۔ اسی سلسلے میں، 3G اور 4G ٹیکنالوجیز کی کوریج بھی گزشتہ چند سالوں میں تقریبا 80فیصدآبادی تک پہنچ چکی ہے۔مالی سال 2022-23 کے اختتام پر سیلولر موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 10,633 پیٹا بائٹس سے بڑھنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ اسی کا ماضی کا رجحان ظاہر کرتا ہے کہ یہ مستقبل میں اس وقت تک بڑھتا رہے گا جہاں یہ بالآخر مستحکم ہو جائے گا۔ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کی رسائی ایک وجہ ہے کہ ملک کی آئی ٹی صنعت گزشتہ ایک دہائی یا اس سے زیادہ عرصے سے تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے۔ پاکستان اقتصادی سروے 2022-23 کے مطابق انٹرنیٹ خدمات، موبائل ڈیٹا کے استعمال سے وابستہ آئی ٹی برآمدات اوربراڈ بینڈ خدمات تقریبا 2 بلین ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہیں۔ اگرچہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں ان میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، لیکن یہ کمی عارضی ہے اور یہ مسلسل اوپر کی طرف بڑھیں گی۔ یہ کمپنیاں گھریلو صارفین اور بین الاقوامی کلائنٹس دونوں کی خدمت کے لیے مختلف پروفائل رکھتی ہیں۔ اسی طرح، مارچ 2023 تک پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 5,109 تھی۔ ملک کا ٹیلی کام سیکٹر بھی 2020-21 کے دوران قومی خزانے میں اہم شراکت دار رہا ہے۔ مالی سال 23 کے جولائی تا دسمبر کے عرصے میں ٹیلی کام سیکٹر نے قومی خزانے میں 139 ارب روپے کا حصہ ڈالا تھا۔ تاہم، یہ اعداد و شمار عارضی ہیں اور مالی سال 23 کے لیے آنے والے حتمی اعداد و شمار میں اس کے دوگنا ہونے کی توقع ہے۔ اقتصادی بدحالی اور آپریشنل اخراجات میں اضافے کی وجہ سے ٹیلی کام سیکٹر کی آمدنی میں سست روی دیکھی گئی۔ مالی سال 23 کی پہلی دوسہ ماہیوں میں ٹیلی کام سیکٹر کی آمدنی 378 بلین روپے رہی۔ یہ دوبارہ ایک عارضی نمبر ہے اور پورے سال کے حتمی اعداد و شمار میں تبدیل ہونے کی امید ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان کے نامور کلاسیکل موسیقار اور گائیک استاد نزاکت علی خان کی 40ویں برسی (جمعہ) کو منائی جائے گی۔استاد نزاکت علی خان 1932 میں ضلع ہوشیار پور کے موسیقی اور گائیکی کے حوالے سے مشہور قصبے چوراسی میں پیدا ہوئے۔ ان کا سلسلہ نسب استاد چاند خان، سورج خان سے ملتا ہے جو دربار اکبری کے نامور گائیک اور میاں تان سین کے ہم عصر تھے۔استاد نزاکت علی خان کے والد استاد ولایت علی خان بھی اپنے زمانے کے نامور موسیقار تھے اور انہیںدھرپد گائیکی میں کمال حاصل تھا۔ استاد نزاکت علی خان اور ان کے چھوٹے بھائی استاد سلامت علی خان نے اپنے والد سے اس فن کی تعلیم حاصل کی اور کم عمری میں اپنی گائیکی کی وجہ سے مشہور ہوگئے۔قیامِ پاکستان کے بعد ہجرت کی اور ملتان آبسے جہاں سے بعد میں لاہور کا رخ کیا اور اپنی وفات تک یہیں رہے۔ لاہور میں انہوں نے فن گائیکی میں بڑا نام اور مقام پایا۔ استاد نزاکت علی خان کو حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز عطا کیا۔استاد نزاکت علی خان 14جولائی1983کو وفات پاگئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مئی سے متعلق مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری اور اسد عمر کی طرف سے شیر افضل مروت پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹر نے شاہ محمود قریشی، اسدعمر اور اسد قیصر کے کیسز آئندہ سماعت پر ایک ساتھ سننے کی استدعا کی، جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ وہ الگ مقدمہ ہے اسکی سماعت کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ سرکاری وکیل نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی درخواستوں پر اعتراض کیا تو عدالت نے کہا کہ درخواست گزار صرف اپنی حد تک ذمہ دار ہیں، شریک ملزمان سے ان کا کیا تعلق ہے، اگرآپ کی کہی شرائط لاگو کریں تو کوئی درخواست ضمانت دائر ہی نہیں کرسکے گا۔ دوران سماعت جسٹس طارق جہانگیری نے یہ ریمارکس بھی دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر دونوں رہنماوں کی ایما پر احتجاج کا ا لزام لگایا گیا، شاہ محمود اور اسد عمر پر کوئی بیان جاری کرنے کا تو الزام ہی نہیں ہے۔ وکلا کا موقف سننے کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت منظورکر لی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے 9 مئی کے متعلقہ مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد ہونے پر پر دونوں رہنماں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔ سماعت کے آغاز پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی اور عدالت کو بتایا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدم دستیابی کی بنا پر سماعت نہیں ہو سکی ، انصاف کی بنیاد پر ایک اور موقع دیا جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کیس کو ہفتے کے روز سماعت کیلئے مقرر کر رہا ہوں۔ بیرسٹر گوہر نے پیر کو سماعت رکھنے کی استدعا کی تو الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے اس کی مخالفت کر دی اور کہا ہم (آج) جمعہ کو دلائل دینا چاہتے ہیں ، 15 جولائی کو کچھ مصروفیات ہیں۔ عدالت نے امجد پرویز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تاریخ تبدیل کر دی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سے جمعہ کو اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سے پیر کو دلائل طلب کر لئے گئے ۔ الیکشن کمیشن کی مزید 3 گواہان کو شامل کرنیکی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سے 17 جولائی کو دلائل طلب کر لئے گئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرابلوچ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، گزشتہ 7 دہائیوں سے جبر بھی کشمیریوں کی خواہشات کو تبدیل نہیں کرسکا ، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا، سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیئے، افغان حکام کو یقینی بناناچاہیئے کہ سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، افغانستان اپنے وعدے اور ذمہ داری پوری کرے، آذربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ 17 سے 19 جولائی کو پاکستان کادورہ کرینگے ، آذربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ پاکستان میں آئی ٹی ریلوے اور ایوی ایشن سے متعلق جائزہ لیں گے ۔جمعرات کے روزہفتہ وار نیوزبریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرہ بلوچ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وفد نے 6جولائی کو پاکستان کا دورہ کیا ،دونوں ممالک نے توانائی اور موسمیاتی تبدیلی پر بات کی ، متحدہ عرب امارات کا پاکستا ن نے کاپ 2027-28کی میزبانی پر ان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی، سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مذمت کی او آئی سی میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی مذمت کی گئی انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اس سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ، اسلاموفوبیاکیخلاف پوری دنیا کے مسلمان اکٹھے ہیں سیکرٹری خارجہ آج آسیان ممالک کی کانفرنس میں موجود ہیں، سیکرٹری خارجہ آسیان ممالک فورم میں پاکستان کا مؤقف بیان کریں گے ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چین میں موجود ہے اور چینی حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان منصوبوں پر بات ہورہی ہے پاکستانی قوم یوم شہداء کشمیرکا دن منارہی ہے ، آج کا دن 1931ء میں ڈوگرا فوج نے کشمیری مسلمانوں پر فائرنگ کی تھی ، بھارت کی جانب سے تاحال کشمیری مسلمانوں پر ظلم وستم جاری ہے ، آذر بائیجان کے وزیر 17جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے ، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر آذربائیجان کے وفد سے ملاقات کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ فرانس کو دیکھ رہے ہیں، اس وقت اس دورہ پر تبصرہ کرنا قبل ازوقت ہوگا افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہیے ،اس بات کو یقینی بنانا افغانستان کی ذمہ داری ہے پاکستان اور چین افغانستان سہ فریقی مذاکرات میں یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی افغانستان اپنے وعدوں کو پورا کرے اور اپنی ذمہ داری بھی پوری کرے پاکستان کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں ہے پاکستانی وزیر ووزیر مملکت برائے خارجہ نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا ، ہمارے ریکارڈ کے مطابق پاکستانی وزراء خارجہ اسرائیل نہیں گئے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا، گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے برباد کر دیئے، پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ وزیراعظم نے ملتان میں زیر تعمیر نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، حکام کی جانب سے شہبازشریف کو منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ہسپتالوں کو فنڈ جاری نہ کر کے بربادی کی، گزشتہ 4 سال شدید غفلت برتی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دکھی انسانیت اس انتظار میں تھی کہ ہسپتال مکمل ہوتے، پی ٹی آئی حکومت میں انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کو روکا گیا، عوامی مفادات کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، بتایا گیا ہے کہ مشینری کافی حد تک باہر سے آچکی ہے، ہسپتال 30 ستمبر تک تعمیر کے مراحل مکمل کرے گا، لوگ اس ہسپتال سے پوری طرح فیض یاب اور مستفید ہوں گے۔ شہباز شریف نے نگران وزیراعلی پنجاب کو دن رات کام کرنے پر شاباش بھی دی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک پارٹی کے سربراہ کی چور ڈاکو، چور ڈاکو کی گردان ختم نہیں ہوتی تھی، کھربوں روپے ان کے پاس تھے، ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
گوجرانوالہ میں بڑی بہن نے چھوٹی بہن کو چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتارکرلیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اپنی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے گوجرانوالہ کی چیمہ کالونی میں جواں سالہ لڑکی کے قتل کا معمہ حل کرلیا۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ ملزمہ نے چھوٹی بہن کوبے دردی سے قتل کیا۔ دونوں بہنوں میں گھرکے کام کاج پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ محلہ داروں کا کہنا ہے کہ دونوں بہنیں اکثر لڑتی تھی،اس دن بھی برتن دھونے پر جھگڑا ہوا تو بڑی بہن نے کچن میں چھری سے چھوٹی بہن پر حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ 7 روز قبل پیش آیا۔ ملزمہ کو گرفتارا کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال کے دورمیں زیرالتوا مقدمات کے اعداد وشمارجاری کردیئے گئے ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے سب سے زیادہ کیسز بطور پریزائئڈنگ جج نمٹائے۔ رپورٹ کے مطابق فروری 2022 سے فروری 2023 تک مجموعی طور پر 24 ہزار 149 مقدمات نمٹائے گئے۔ سب سے زیادہ 8 ہزار 996 مقدمات خود چیف جسٹس اور سب سے کم باسٹھ کیسز جسٹس منیب اختر نے نمٹائے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران جسٹس قاضی فائزعیسی نے ایک ہزار 323، جسٹس سردار طارق مسعود نے تین ہزار 126اور جسٹس اعجاز الاحسن نے چار ہزار 664مقدمات نمٹائے۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے فروری سے جولائی دو ہزار بائیس تک 538، جسٹس سجاد علی شاہ نے فروری سے اگست بائیس تک ایک ہزار 720، جسٹس منصور علی شاہ نے پریزائڈنگ جج کے طور پر نوے روز میں ایک ہزار 431 اور جسٹس یحیی آفریدی نے سال میں تیس روز بطور بنچ سربراہ کام کرکے 287مقدمات نمٹائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 24 کروڑ عوام بے شعور نہیں باشعور ہو چکے ہیں، خوابوں کے محل چکنا چور ہوں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ پشاور میں شہباز شریف نے کہا ہے کرپشن اور سفارش سکہ رائج الوقت ہے جو کرنا ہے آپ نے کرنا ہے میرے سہارے پر نہیں رہنا، انہوں نے نام ریاست بچانے کا لیا اور کام اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرانے کیلئے کئے اور عوام کو مہنگائی، بیروزگاری کی سولی پر لٹکا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن فرد جرم لگنی تھی اسی دن حلف اٹھایا جس اسمبلی کو یہ جعلی کہتے تھے اسی نام نہاد اسمبلی جس کی نہ عزت ہے نہ توقیر ایسے قانون پاس کرائے جن کی آئینی ترمیم کے بغیر کوئی حیثیت اور افادیت نہیں، 12 اگست موجودہ حکومت کی ڈیڈ لائن ہے، سپریم کورٹ کے 3 اہم ترین فیصلے عنقریب آنے والے ہیں جو انہیں دن میں تارے دکھا سکتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام بے شعور نہیں باشعور ہو چکے ہیں، خوابوں کے محل چکنا چور ہوں گے، عوام میں 13 سیاسی پارٹیوں کی سیاسی موت واقع ہو چکی ہے، موجودہ دور جمہوریت کا بد ترین دور ہے، یہ جمہوریت نہیں مجبوریت کا سیاہ دور ہے چادر اور چار دیواری آئین اور قانون عدلیہ اور انصاف کا جنازہ نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی پارٹی کو نا اہل کرانے کیلئے ان کے خواہشوں اورخوابوں کے محل سپریم کورٹ کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں، یہ 13 پارٹیوں کا غیر فطری اتحاد ہے جس کا شیرازہ الیکشن سے پہلے بکھر جائے گا، قرض لینے کا پروگرام ہے قرض واپسی کا ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں کیونکہ بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی ادائیگیاں اسکے زرمبادلہ کے ذخائر سے 6 گنا زیادہ ہو گئی ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف کو بھی بلوا لیں تاکہ کوئی حسرت باقی نہ رہے، جیسے مرضی الیکشن کروا لیں 24 کروڑ عوام کے جذبات کا خون نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کی معاشی سیاسی اور اقتصادی صورتحال اللہ اور عوام کی مدد کے بغیر ٹھیک نہیں ہوسکتی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ جیل خانہ جات نے صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت کا آغاز کردیا۔ جیل حکام کے مطابق ابتدائی طور پر اس جدید ٹیکنالوجی کو صرف ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں نافذ کیا گیا ہے، اس پراجیکٹ کا آغاز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے کیا گیا ہے، سافٹ ویئرٹیسٹنگ، تکنیکی پیچیدگیوں کی جانچ کے بعد دیگر جیلوں میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم شکیل احمد نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں منصوبے کا افتتاح کیا، پہلے مرحلے میں 100 نوعمراسیران کو ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، نوعمراسیران کو ہفتے میں 2 مرتبہ ویڈیو کالنگ کی سہولت میسرہو گی، ویڈیو کالنگ کی سہولت ملنے پرنوعمراسیران نے حکومت اورآئی جی جیل کاشکریہ ادا کیا۔ آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر نے اس موقع پر کہا کہ قیدیوں اورجیل کے سٹاف کی فلاح وبہبود کامشن جاری رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مشینری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور سنگین اِنسانی صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کیمطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کو یقینی بنانا چاہئے۔ یوم شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 92 ویں یوم شہدائے کشمیر پر ان 22 کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1931 میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانی دی ۔ اس افسوسناک دن پر پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ 1931 کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ کشمیری آج بھی بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ آج بھی 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام سے ان کی الگ شناخت چھیننے اور انہیں اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک اور کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے بعد کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے بھارت نے یوم شہدائے کشمیر پر علاقائی عام تعطیل ختم کر دی جو 1948 سے ہر سال منائی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم 1931 کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تمام بے گناہ کشمیریوں کی انمول قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس منصفانہ جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ہم ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری جبر کو فوری طور پر روکے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیاں بند کی جائیں، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، فوجی محاصرہ ختم کیا جائے، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں بند کی جائیں، اور کشمیری عوام کو اپنے جائز حق خودارادیت کا استعمال کرنے دیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چاکلیٹوں کا 121 سال پرانا چھوٹا ٹِن کا ڈبہ نیلامی میں فروخت ہونے جارہا ہے۔ بالکل محفوظ شدہ ڈِبہ کیڈبری کمپنی نے 1902 میں کنگ ایڈورڈ VII اور ملکہ الیگزینڈرا کی تاجپوشی کا جشن منانے کے لیے تیارکیا تھا۔ چاکلیٹس کے ڈبے کو1902میں ایک اسکول میں نو سالہ میری این بلیک مورنامی طالبہ کو دیا گیا تھا لیکن اس نے چاکلیٹس کھانے کے بجائے یادگار کے طور پر رکھنے کا فیصلہ کیا اور یہ اس کے خاندان میں نسل درنسل منتقل ہوتی رہیں اوربالآخرمیری این کی72 سالہ پوتی جین تھامسن ڈربی میں ہینسن نیلام گھر میں اس ڈبے کو لے آئیں۔ ہینسن نیلام گھرسے تعلق رکھنے والی موروین فیئرلی نے کہا کہ اس زمانے میں یہ ایک دعوت کی طرح تھا، بچوں کو کبھی چاکلیٹ نہیں ملتی تھی۔ ظاہر ہے کہ اس زمانے میں یہ اس چھوٹی بچی کے لیے اتنا خاص تحفہ تھا کہ اس نے سوچا کہ وہ اسیاٹھا کر رکھے۔ مسزفیئرلی کا مزید کہنا تھا کہ توقع ہے کہ قیمت 100 یورو سے 150 یورو ہوگی لیکن قیمت اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات آپ کو کچھ بولی لگانے والے ایسے لوگ مل جاتے ہیں جو محض تاریخی پس منظر کی وجہ سے کسی شے کی قیمت کئی گنا بڑھا دیتے ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اینٹی سائیکلون سسٹم سربیرس کے اثرات سے یورپ کے شہری شدید گرمی سے بلبلا اٹھے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربیرس سے یورپ میں شدید گرمی کی لہردیکھنے میں آئی جس نے سیاحوں کو بے حال کردیا،گرمی سے پریشان سیاحوں نے سوئمنگ پولز اور سایہ دارجگہوں کا رخ کرلیا۔ اٹلی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں کام کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا،جبکہ اٹلی کے 8 بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اٹلی کے دو سب سے بڑے جزیروں سسلی اورسارڈینیا میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ قبرص میں 41،کروشیا میں 39 اورفرانس میں 34 ڈگری تک رہنے کاامکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں ہیٹ ویو 2 ہفتے تک رہ سکتی ہے۔ امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی،کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ میں بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جس کے بعد ورمونٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم موسم شدید بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
متحدہ عرب امارات نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر پبلک سیکٹر کے لیے سرکاری تعطیل کا اعلان کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے وفاقی ملازمین کے لیے اسلامی سال کی تعطیل کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، 21 جولائی بروز جمعہ ہجری نئے سال کے موقع پر وفاقی حکومت میں کام کرنے والوں کے لیے چھٹی ہوگی۔ اسی طرح خلیجی سلطنت عمان نے نئے ہجری سال 1445 کو منانے کی تاریخ کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے، ملک نے جمعرات 20 جولائی کو اسلامی نئے سال کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین حکومتی سطح پر دی جانے والی اس تعطیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی (ESA) کے صدرابراہیم الجروان نے پیشگوئی کی ہے کہ نئے ہجری سال(یکم محرم )کا آغازبدھ 19 جولائی سے ہونے کا امکان ہے،تاہم اسلامی کیلنڈرچاند دیکھنے پرمبنی ہے لہذا تاریخیں اس بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں کہ چاند کب نظر آتا ہے۔ ادھرکویتی لوگ آنے والے اسلامی نئے سال کے موقع پر چار دن کے طویل ویک اینڈ س لطف اندوز ہوں گے، وزرا کونسل نیاعلان کیا ہے کہ بدھ 19 جولائی کوتعطیل ہوگی،اس کے بعد جمعرات 20 جولائی کو بھی آرام کا دن ہوگا،اس کا مطلب یہ ہے کہ وزارتیں، ادارے،ایجنسیاں اور حکومتی ادارے کام کی دو دن کی معطلی کا مشاہدہ کریں گے اوراس کے بعد باقاعدہ ویک اینڈ 21 اور 22 جولائی کو ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی عرب نے یورپ میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کے تناظر میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے مذہبی منافرت کو روکنے کے لیے مزید اقدامات پر زور دینے سے متعلق قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ قرارداد کی منظوری جو مملکت اور دنیا کے متعدد ملکوں کے پرزور مطالبات کے بعد سامنے آئی ہے جو مذاہب اور ثقافتوں کے احترام کے اصولوں اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے بین الاقوامی قوانین کی ضمانت ہے۔ بیان میں سعودی عرب نے عندیہ دیا کہ وہ مکالمے، رواداری اور اعتدال کی سپورٹ میں اپنی تمام کوششیں جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ یہ قرارداد سویڈن میں قرآن کے نسخے کی بے حرمتی کے بعد سامنے آئی ہے، گزشتہ روز اقوام متحدہ (یو این ) کی سلامتی کونسل نے قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کی قرار داد منظور کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی عرب نے کہا ہے کہ عازمین حج کے لیے سالانہ حج کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ آن لائن جاری کیا جا سکتا ہے،اس حوالے سے مملکت کی وزارت حج وعمرہ نے وزارت نے ایپ کے ذریعہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے اقدامات کی فہرست دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے خواہشمند عازمین نسک ایپ کو ڈاون لوڈ کرکے اور اپنی پسند کی دستاویزکے ڈیزائن کا انتخاب کرکے سرٹیفکیٹ جاری کرسکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس سال کے حج نے عازمین کی تعداد کی ان کی وبائی بیماری کورونا سے پہلے کی سطح پرواپسی کی نشاندہی کی،کیوںکہ سعودی عرب نے اس سال کے حج کے لیے دنیا بھرسے آنے والے عازمین کی تعداد اورعمروں کی حد کو ختم کر دیا تھا جب کہ کوویڈ 19 نے مسلسل تین سال تک عازمین کی تعداد میں کمی پر مجبور کیا تھا۔ سعودی سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ تقریبا 1.8 ملین عازمین، جن میں 1.6 ملین بیرون ملک سے ہیں، انہوں نے اس سال سعودی مقدس شہرمکہ مکرمہ اور اس کے اطراف میں حج میں شرکت کی،مناسک حج کی تکمیل کے بعد بہت سے بیرون ملک مقیم عازمین عام طورپرمسجد نبوی ۖ میں نمازادا کرنے کے لیے مدینہ کے مقدس شہراور وہاں کے دیگر اسلامی مقامات کا دورہ کرنے کے لیے آتے ہیں،مناسک حج کے اختتام کے بعد سے مختلف قومیتوں کے 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد عازمین ہفتہ تک مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سیاسی و سماجی شخصیات سمیت سول سوسائٹی اور صحافیوں کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا، وفد نے 9 مئی کے واقعات کو ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے۔ وفد کے شرکا ء کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جناح ہاوس کا دورہ کیا تو دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا کہ شرپسندوں نے اپنے ہی قائد کے گھر کو کس قدر بری طرح جلایا، پاک افواج اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنا کسی بھی لحاظ سے قابلِ معافی جرم نہیں ہے۔ شرکا نے کہا کہ ہم اپنی پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تاحیات کھڑے رہیں گے، شرپسندوں نے قائد کے گھر لہراتے قومی پرچم اور مسجد کے تقدس کو بھی پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وفد کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ قائد کے گھر تباہی پھیلانے والوں کے خلاف حکومتِ پاکستان اور عدالتوں کو جلد از جلد کارروائی کر کے سخت سزا دینی چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
شیخوپورہ موٹروے پر تیزرفتار کار الٹنے کے نتیجے میں 10 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔شیخوپورہ موٹروے پر ہرن مینار کے قریب تیزرفتار کار الٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو جنرل ہسپتال لاہور منتقل کردیا ۔ ریسکیو کے مطابق کار میں سوار افراد لاہور سے اسلام آباد جارہے تھے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر منایا گیا ، 13 جولائی 1931 کو ڈوگرا فورسز نے اذان دینے پر فائرنگ سے 22 مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا۔ 13جولائی کو مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں 1931 کے ظالمانہ واقعے کی یاد میں یوم شہدائے کشمیر منایا گیا ۔ اس روز مظاہرین عبد القدیر خان کے خلاف ناجائز ریاستی مقدمے کی سماعت کے موقع پر اکٹھے ہوئے تھے، ظہر کے وقت مظاہرین کے اذان دینے پر پولیس نے گولی مار کر مذن کو شہید کر دیا۔ پہلے مذن کی شہادت پر دوسرے مذن نے جگہ لے لی، اسے بھی گولی مار دی گئی، مظاہرین کو اذان سے روکنے میں ناکامی پر پولیس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں 22 مسلمان شہید اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ خواجہ بہا الدین نقشبندی کے مزار کے ساتھ ملحقہ قبرستان شہداکے نام سے جانا جاتا ہے، سانحے کی یاد میں کشمیری ہر سال 13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر مناتے ہیں۔ مودی سرکار نے 2019 میں 13 جولائی کی سرکاری تعطیل ختم کر کے ہندوتوا تاریخ کو بدلنے کی کوشش کی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ، حریت قیادت کی اپیل پر سرینگرمیں شہدا کے لئے فاتحہ خوانی اورسرینگرمیں نقشبندشریف کے مقام پر واقع مزارشہدا کی طرف مارچ کیا گیا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری ہتھیاروں سے لیس 2دہشتگردوں کو واصل جہنم کردیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسزکا باقی دہشتگردوں کی تلاش میں کلیئرنس آپریشن جاری، سیکیورٹی فورسزامن کے دشمنوں کو بینقاب کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب میں امن دشمنوں کیخلاف آپریشن مکمل کر لیا ،9 جوان فرض پر قربان ہو گئے جبکہ 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت شبلی فراز، فرخ حبیب اور حسان نیازی سمیت دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تمام ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا کے 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی،وکیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں آسکتے۔ جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش ہونا پڑے گا،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام ملزمان کو 19جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نجی یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز نے ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا، 9 اور 10 مئی کے واقعہ کی مذمت کی۔ ریڈیو پاکستان پشاور دورہ کے دوران فیکلٹی ممبرز کو 9 اور 10 مئی کو ہونے والے افسوس ناک واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور عمارت کے جلے ہوئے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ہم اس قسم کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور آج یہاں پر آنے کا مقصد اظہار یکجہتی ہے، ہمیں بہت افسوس ہوا کہ ہم نوجوان نسل کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ فیکلٹی ممبرز نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ملکی اثاثوں کی حفاظت کریں، ریڈیو پاکستان کی اس حالت پر افسوس ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد گنڈا سنگھ والا میں درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ، دیہاتی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ علاقوں کا رخ کرنے لگے، سیلابی صورتحال کے ممکنہ اقدامات کیلئے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 1 لاکھ 14 ہزار 260 کیوسک تک پہنچ گئی، اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھکی والا ، مستے کی ، فتح والی ، ماہی والا اور چندا سنگھ کے دیہاتوں میں بھی ریسکیو کیمپس قائم کر دیئے گئے، قصور کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 211 افسران و اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 62118 اور اخراج 62118 ہے، سیلابی پانی سے قصور اور اوکاڑہ سمیت متعدد دیہات زیر آب آئے ہیں۔ دریائے ستلج میں پاکپتن کے مقام پر بھی درمیانی سطح کے سیلابی ریلے کا الرٹ جاری کر دیا گیا، دریا میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث قریبی آبادیاں خالی کرا لی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے ممکنہ اقدامات کیلئے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے ہیں، مشینری اور بوٹس کے ساتھ ریسکیو عملہ موجود ہے، متعلقہ محکموں کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
صوبائی دارالحکومت لاہور کی سیشن کورٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر مخالفین کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے، واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیم سیشن کورٹ پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے دونوں افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ، جاں بحق ہونے والوں کو 9 گولیاں لگیں۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ، جس کے مطابق سال 2023-24میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی، حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعوی کیا تھا۔ آئی ایم ایف کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سال 2024 میں بے روزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پر آ جائے گی جبکہ اس سال اوسط مہنگائی 29.6 فیصد سے کم ہو کر 25.9 فیصد پر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے مطابق اس سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8 فیصد سے کم ہو کر 74.9 فیصد پر آجائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی)کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس پروگرام پر پوری لگن سے عمل کرنا ہوگا، ماضی میں قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ایک بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عمل نہ ہونے کے باعث پاکستان کے اندرونی و بیرونی مالی ذخائرمیں کمی آئی، پالیسیوں پر تسلسل سے عملدرآمد کے ذریعے عدم توازن دور ہوگا۔ کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ نیا سٹینڈ بائے ارینجمنٹ پروگرام پاکستان کے لیے میکرو اکنامک استحکام لانے کا موقع ہے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمت اور لاگت میں توازن لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے، پاور سیکٹر میں ٹارگٹڈ سبسڈی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بینکنگ سسٹم کی سخت نگرانی اور اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کا خیر مقدم کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بیجنگ(شِنہوا) چین نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں آبی تحفظ کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرتے ہوئے اس شعبے میں تعمیراتی کوششوں کو تیز کیا ہے۔ آبی وسائل کے نائب وزیروانگ ڈاؤشی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنوری سے جون تک آبی تحفظ کے منصوبوں میں ملک کی مجموعی سرمایہ کاری 525ارب 40کروڑیوآن (تقریباً73ارب20کروڑڈالر) رہی، جوگزشتہ سال کے مقابلے میں 18.1 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں ںے بتایاکہ آبی تحفظ کے کل 17ہزار600 نئے منصوبے، جن میں 24 بڑے منصوبے شامل ہیں، ملک بھر میں شروع کیے گئے۔ وانگ نے مزید کہا کہ پہلی ششماہی کے دوران آبی تحفظ کے منصوبوں سے 13لاکھ 80ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ نائب وزیرنے کہا کہ ملک میں دریاوں میں سیلاب کا موسم شروع ہوچکا ہے اور آبی وسائل کی وزارت سیلاب پر قابو پانے کی بنیاد پر پانی کے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو مضبوط بنانے کا کام جاری رکھے گی۔
بیجنگ(شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، مرکزی فوجی کمیشن (سی ایم سی) کے چیئرمین صدر شی جن پھنگ نے دو ممتازفوجی یونٹوں اور دو افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے حکم پر دستخط کیے ہیں۔ سی ایم سی کے آلات تیار کرنے والے ڈپارٹمنٹ کے ایک دفتراورپیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے ٹروپ 92730 کی ایک یونٹ کو فرسٹ کلاس میرٹ کے حوالہ جات دیئے گئے۔پی ایل اےکی آرمی انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسرژانگ شیونگ ویی اور نیورو سرجری کےایک سینئر ڈاکٹر اور پی ایل اے جنرل ہسپتال کے پروفیسرژانگ جیان ننگ کو دفاع سے متعلق سائنس اور ٹیکنالوجی میں تیسرے درجے کی قابلیت کی اسناد دی گئی ہیں۔
اقوام متحدہ(شِنہوا)چین نےاقوام متحدہ میں مطالبہ کیا ہےکہ تقریباً 10 ماہ قبل ہونےوالے نورڈ سٹریم گیس پائپ لائن دھماکےکے بارے میں ملکی سطح پرتحقیقات کے نتائج کو جلد جاری کیا جائے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ کے مطابق اس معاملےمیں شامل ممالک نارڈ سٹریم پائپ لائن دھماکوں پر کچھ عرصے سے غور کر رہے ہیں لیکن کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے نورڈ کے بارے میں سلامتی کونسل کی بریفنگ میں بتایا کہ جتنی تاخیر ہوگی، شواہد اکٹھا کرنا اور سچائی تلاش کرنا اتنا ہی مشکل ہوگا اور اتنے ہی زیادہ شکوک و شبہات اور قیاس آرائیاں جنم لیں گی جبکہ تحقیقات کے نتائج بھی اتنے ہی کم قابل اعتبار ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کا خیال ہے کہ بین الاقوامی برادری کے خدشات کا جواب دینے کا بہترین طریقہ تحقیقات کے نتائج کا جلد از جلد اعلان کرنا ہے۔
گینگ نے کہا کہ نورڈ سٹریم پائپ لائن دھماکے یوکرین کے بحران کے پس منظر میں ہوئے جبکہ متعلقہ فریقوں نے اس واقعے کے تناظر میں بہت مختلف تجزیے اور تشریحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحقیقات پر سیاست نہ کریں اور اسے سیاسی جوڑ توڑ کے موقع کے طور پر استعمال نہ کریں۔
گینگ نے زور دے کر کہا کہ روس اس واقعے میں ملوث اہم فریقوں میں سے ایک ہے اسلئےکسی بھی بامقصد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے روس کے ساتھ رابطے اور تعاون ضروری ہے۔
ایلچی نے چین کی جانب سے دھماکے سے متعلق حقائق کی جلد وضاحت اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ گینگ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کو مزید مفید معلومات فراہم کرنے اور سلامتی کونسل کو اس معاملے پر آگاہ رکھنے کا حامی ہے۔
لاس اینجلس(شِنہوا) امریکی محققین نے ایک ریئل ٹائم مانیٹر بنایا ہے جو تقریباً پانچ منٹ میں ایک کمرے میں سارس-کو وی-2 وائرس کی کسی بھی قسم کا پتہ لگا سکتا ہے۔ واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین نے ایروسول کے نمونے لینے کی ٹیکنالوجی اور انتہائی حساس بائیو سینسنگ تکنیک میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کو ملا کر یہ آلہ تیار کیا۔نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق سستا اور تشخیص کا یہ آلہ اسپتالوں اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، اسکولوں اور عوامی مقامات پرکو وی-2 وائرس کا پتہ لگانے کے لیے استعمال اور ممکنہ طور پرانفلوئنزا اور ریسپائری سنسیٹیئل وائرس(آر ایس وی) جیسے سانس کے دیگر وائرس کے ایروسولزکی نگرانی کر سکتا ہے۔ تحقیق میں کہاگیا ہے کہ اس طرح کی ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر استعمال کرنے سے صحت عامہ کے اداروں کو بیماریوں پر قابو پانے کے تیز رفتار اقدامات پر عمل درآمد میں مدد مل سکتی ہے۔
بیجنگ(شِنہوا)2023 چائنہ نیو میڈیا کانفرنس بدھ کوچین کے وسطی صوبہ ہونان کے دارالحکومت چھانگشا میں منعقد ہوئی۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے سربراہ لی شولی نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئےکلیدی تقریر کی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ برسوں میں پارٹی کی آواز آن لائن ذرائع سے وسیع انداز میں پھیل رہی ہے اور میڈیا کی مربوط ترقی میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ یہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے نئے ثقافتی مشن کو سنبھالیں اور ایک جدید چینی تہذیب کی تعمیر کریں۔ انہوں نے ایک مضبوط آن لائن ماحول کو محفوظ بنانے اور مرکزی دھارے کی رائے عامہ کی رہنمائی اور اس پر اثر انداز ہونے کی میڈیا کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مزید کوششوں پر زور دیا۔ مرکزی اور مقامی حکومتوں کے محکموں، خبر رساں اداروں، آن لائن پلیٹ فارمز اور یونیورسٹیوں اور اداروں کے نمائندوں سمیت 800 سے زائد افراد نے کانفرنس میں شرکت کی۔
چھانگشا(شِنہوا) چین کے وسطی صوبے ہونان کے شیوشان فارمیشن میں محققین نے تقریباً 43کروڑ80لاکھ سال پہلے پائی جانے والی بغیر جبڑوں والی مچھلی(گیلیسپِڈز) کا فوسل دریافت کیا ہے۔ یہ آبی مخلوق تقریباً41کروڑ سے 44کروڑ سال پہلے کے سلورین دور میں پائی جاتی تھی۔ سلورین شیوشن فارمیشن ایک قدیم حیاتیاتی آماجگاہ ہے جو چین کے جنوب میں وسیع پیمانے پر محیط ہے اور اسے طویل عرصے سے غیر فقاری جانوروں کی افزائش کے لیے جنت سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، یہ بغیر جبڑوں والی آبی حیات کے لیے ایک مثالی مسکن نہیں سمجھا جاتا۔ بغیر جبڑوں والی مچھلی کی یہ نئی نوع، شیوشان میں گیلیسپِڈز کے پہلے فوسل ڈیونگاسپِس کولبرا کی نمائندگی کرتی ہےجو اس روایتی نظریے کو چیلنج کرتی ہے کہ گیلیسپِڈ شیوشان میں زندہ نہیں رہ سکتے تھے۔
تہران(شِنہوا)کویت میں قید کل 11 ایرانیوں کو دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کی حوالگی کے معاہدے کے تحت وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران اورانٹرپول کی مشترکہ کوششوں کی بدولت حوالگی منگل کی رات عمل میں آئی۔
ایران اورکویت نے قیدیوں کی حوالگی کے معاہدے پر 2006ء میں دستخط کیے تھے۔ معاہدے پر عمل درآمد 2007ء میں ضروری ہو گیا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس میں تاخیر ہوئی۔ ارناکے مطابق اپریل 2015 تک دونوں ممالک نے معاہدے پر عمل درآمد شروع نہیں کیا تھا۔
تائی یوان(شِنہوا)چین کے شمالی صوبے شنشی کے شہرداتونگ کی ہن یوان کاؤنٹی میں بدھ کی صبح منی بس الٹنے کے حادثے میں چار افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق ہن یوان کاؤنٹی کے ایرلنگ گاؤں کے قریب صبح 8 بجے کے قریب ایک منی بس الٹ گئی جس میں 18 افراد سوار تھے۔ امدادی کوششوں کے باوجود حادثے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ چھ زخمی افراد کو علاج کے لیے کاؤنٹی کے پیپلزہسپتال بھیجا گیا ہے جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
منی بس کے ڈرائیور کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
شنگھائی (شِنہوا) چینی سائنسدان 13ویں بحرآرکٹک سائنسی مہم کے لیے بدھ کو شنگھائی سے روانہ ہوگئے،سائنسدان مقامی طور پربنائے گئے پہلے پولر آئس بریکر جہازشیولونگ پرسوار ہیں۔ وزارت قدرتی وسائل کے زیر اہتمام اس مہم کا مقصد بحرآرکٹک کے وسط میں ارضیاتی اور جیو فزکس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی، سمندری برف، سمندری اور زیر زمین ماحولیاتی سروے اور بائیومز اور آلودگی کا سروے کرنا ہے۔ اس مہم سے آرکٹک کے ماحولیاتی تحفظ اورسمندری آلودگی کی تشخیص کے شعبوں میں چین کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور متعلقہ تحقیق کے لیے درکار اہم معلومات اور ڈیٹا حاصل ہو گا۔ اس کے علاوہ، چینی ٹیم آرکٹک سائنسی مہمات پر بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعلقہ تحقیق پر روس اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک کے سائنسدانوں کے ساتھ کام کرے گی۔
رم اللہ(شِنہوا)فلسطین نےمشرقی یروشلم میں450 نئےآباد کاری یونٹس کی تعمیر کے اسرائیلی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں ان ممالک کی توہین کی گئی ہے جو دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسرائیل کا منصوبہ ان ممالک کی توہین کے مترادف ہے جو آبادکاری کو مسترد کرتے ہیں اوراس منصوبے کا مقصد یروشلم میں فلسطینی محلوں، قصبوں اور کمیونٹیز کو ایک دوسرے سے الگ کرنا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی اخبارہارٹز نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل مشرقی یروشلم میں یہودیوں کے لیے 450 مکانات بنانے کے منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرقی یروشلم میں فلسطینی دیہات ام لسان اور جبل مکابر کے درمیان ایک نئی یہودی بستی کے منصوبے پر ایک رئیل سٹیٹ کمپنی کام کر رہی ہے جسے دائیں بازو کے کارکن چلا رہے ہیں۔
فلسطینی وزارت خارجہ کے پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی سرزمین کی قیمت پر اپنے توسیع پسندانہ نقشے کو نافذ کرنے اور یروشلم کے الحاق کو وسیع کرنے میں زمانے کے خلاف چل رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان منصوبوں کا مقصد مشرقی یروشلم پراسرائیلی قانون نافذ کرنا اور اسے اس کے فلسطینی علاقوں سے الگ کرنا ہے۔
بیان میں وزارت نے اسرائیلیوں کو دو ریاستی حل کے اصول کے نفاذ اور مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے طور پر ایک قابل عمل، خودمختار، اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے ہرموقع کو سبوتاژ اور کمزور کرنے کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) چین کے شمال مغرب میں واقع سنکیانگ ویغور خود اختیار خطے کے شہر ارمچی میں چھٹا چائنہ سنکیانگ انٹرنیشنل ڈانس فیسٹیول 20 جولائی سے 5 اگست تک منعقد ہوگا۔
بیجنگ میں منعقدہ ایک نیوز کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ اس ایونٹ میں 11 ممالک کے ڈانسرزکو مدعو کیا گیا ہے اور اس میں 60 پرفارمنسز پیش کی جائیں گی۔
بیلے، فوک ڈانس ڈرامہ اور میوزیکل ڈرامہ جیسے آرٹ کی اقسام میں اٹھائیس پروڈکشنز پیش کی جائیں گی جن میں مشہور چینی بیلے ڈانس ڈرامہ "دی ریڈ ڈیٹیچمنٹ آف ویمن" اور بیلے ڈانس ڈرامہ "دی سلیپنگ بیوٹی" شامل ہیں جس میں بیلاروس کے ڈانسرز شامل ہیں۔
2008 میں شروع ہونے والے ڈانس فیسٹیول کے دوران ایک فیشن شو اور ڈانس تخلیق پر ایک ورکشاپ سمیت سائیڈ لائن سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
جینان (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبہ شان ڈونگ کے دارالحکومت جینان میں نیشنل کلچرل ہیریٹیج ایڈمنسٹریشن کی جانب سے منعقدہ ایک قومی کانفرنس کے مطابق 2017 میں شروع کیے گئے آرکیالوجی چائنہ پروگرام میں اب آثار قدیمہ کے 18 بڑے منصوبے شامل ہیں۔
کانفرنس کے مطابق یہ منصوبے آثار قدیمہ کے مطالعے کے مختلف شعبوں میں ہیں جن میں انسانوں کی ابتدا، زراعت اور تہذیب اور ایک متحد کثیر نسلی ملک کی ترقی شامل ہے۔
کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران آثار قدیمہ کے بڑے منصوبوں کے نتائج نے چینی تہذیب کی ابتدا ، ترقی اور ایک متحد کثیر نسلی چینی قوم کی تشکیل کے ثبوت فراہم کیے ہیں۔
کانفرنس میں زیر آب آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے کام کی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ڈوبنے والے جہاز ننہائی (بحیرہ جنوبی چین) نمبر 1 کی آثار قدیمہ کی کھدائی اور چھنگ خاندان (1644-1912) کے دوران پہلی چین-جاپانی جنگ میں ڈوبنے والے متعدد چینی جنگی جہازوں کے ملبے کی جگہوں کی کھوج شامل ہے۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ چینی ماہرین آثار قدیمہ کی بڑھتی ہوئی تعداد حالیہ برسوں میں بین الاقوامی آثار قدیمہ کے منصوبوں میں حصہ لے رہی ہے۔ مجموعی طور پر 32 چینی آثار قدیمہ کے ادارے 36 کوآپریٹو منصوبوں میں شامل ہیں جو 40 سے زیادہ غیر ملکی تحقیقی اداروں اور عجائب گھروں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے مطابق عوامی مواصلات کے اقدامات سے چینی عوام میں آثار قدیمہ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جن میں ٹیلی ویژن پروگرام اور چین کی طرف سے ایک سال میں اپنی 10 بہترین آثار قدیمہ کی دریافتوں کا سالانہ اجراء بھی شامل ہے۔
کویت شہر(شِنہوا) کویت کی قومی اسمبلی نے اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ قرآن پاک کی کسی بھی قسم کی توہین کو جرم قرار دینے کے لیے قانونی کارروائی کریں۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق کویتی پارلیمنٹ نے 3 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے بعد جاری سفارشات میں عالمی فورمز میں کردار ادا کرنا، عالمی قوانین بنانا ، قرآن کی توہین یا بے حرمتی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں قانونی چارہ جوئی کی اجازت دینا اور بے حرمتی کرنے والوں کی حمایت کرنے والے ممالک کے خلاف زیادہ سے زیادہ سفارتی اقدامات کرنا شامل ہیں۔
پارلیمنٹ نے کویتی وزارت اطلاعات پر زور دیا کہ وہ اسلام مخالف ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کرے جبکہ وزارت تجارت و صنعت سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلام کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کے ساتھ تجارت پر پابندی عائد کرے۔
کویتی وزیر خارجہ شیخ سالم عبداللہ الجابر الصباح نے کہا ہے کہ ان کی وزارت نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے ردعمل میں تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کویتی وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کی جانب سے سویڈش زبان میں ترجمہ شدہ قرآن کے ایک لاکھ نسخے شائع کرکے سویڈن میں تقسیم کرنے کے حکم کو" مثبت قدم" قرار دیا۔