ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ صوبے ہاتے میں ایک تباہ شدہ عمارت کو دیکھا جاسکتا ہے جہاں پیر کو آنے والے نئے زلزلوں میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور 294 زخمی ہو گئے۔(شِنہوا)
چین اختراع کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے اپنے پیٹنٹ کی جانچ پڑتال کے شعبے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گا۔ قومی حقوق دانش انتظامیہ کے ایک عہدیدار وئے با ژی نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال سے ایجاد کی پیٹنٹ درخواستوں پر کارروائی کا دورانیہ مزید کم کرتے ہوئے 16 ماہ کر دیا جائے گا۔وئے نے ابھرتی صنعتوں کی ترقی میں تعاون کے لئے بگ ڈیٹا ، مصنوعی ذہانت اور جین ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں پیٹنٹ کی جانچ پڑتال کا معیار بہتر بنانے پر گفتگو کی۔سال 2022 کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 98 ہزار ایجادات کے پیٹنٹ منظور کئے گئے تھے۔ اگرچہ چین کو پیٹنٹ درخواستوں کی تعداد میں عالمی سطح پر سبقت حاصل ہے تاہم اس نے پیٹنٹ کی تعداد میں کوششوں کی بجائے اس شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی ہے۔عہدیدار نے پیٹنٹ تحفظ کو مستحکم کرنے کے لئے دیگر اقدامات بارے بھی تفصیل سے آگاہ کیا جس میں پیٹنٹ سے متعلق ضوابط پر نظر ثانی کرنا اور غیر معمولی ایپلی کیشنز کی روک تھام شامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چین نے رواں سال سے بیرون ملک نمائشوں کی منظوری دوبارہ شروع کردی ہے جس کے بعد سے بیرون ملک اقتصادی اور تجارتی نمائشوں کے انعقاد یا ان میں شرکت بارے 519 درخواستوں پر کام کیا جا رہا ہے۔چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے ترجمان یانگ فین نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ درخواستیں ملک بھر کے 50 منتظمین کی جانب سے موصول ہوئی تھیں جو دنیا کے 47 ممالک کے بارے میں تھیں۔یانگ نے کہا کہ کونسل ابھرتی مارکیٹوں اور اسٹریٹجک ابھرتی صنعتوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نمائش کے انعقاد میں مدد کر تے ہو ئے چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ وہ ترقی یافتہ ممالک میں اعلی معیار کی صعنتی نمائش میں بڑے پیمانے پر شرکت کرسکیں۔کمپنیوں کے بین الاقوامی تبادلوں کے لئے چین مزید پلیٹ فارمز قائم کرے گا اور اداروں کو غیر ملکی منڈیوں کی تلاش میں مدد کے لئے مزید کوشش کرے گا۔یانگ نے کہا کہ کونسل رواں سال ایسی سینکڑوں نمائشوں، فورمز اور دو طرفہ دوروں کا اہتمام یا ان میں شرکت کرے گی جس سے دنیا بھر کی کمپنیاں نتیجہ خیز تعاون کو فروغ دے سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
جاپان کی افراط زر کی شرح 41 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔گزشتہ ماہ کے لیے بنیادی صارفین کی قیمتوں میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 4فیصداضافہ ہوا جو بینک آف جاپان کے ہدف کی سطح سے دوگنا ہے۔یہ مرکزی بینک پر مزید دباو ڈالتا ہے کہ وہ اپنی شرح سود میں اضافہ کرے تاکہ زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ افراط زر 1981 کے بعد سب سے زیادہ ہے، یہ لگاتار نواں مہینہ ہے کہ یہ مرکزی بینک کے 2 فیصد ہدف سے زیادہ ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد بھی جاپان اب بھی دنیا میں سب سے کم افراط زر کی شرح میں سے ایک ہے۔اس کے نتیجے میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت نے بہت سے دوسرے ممالک کے رجحان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے گزشتہ سال کے دوران شرح سود میں تیزی سے اضافہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
آسٹریلوی ائیر لائن قنطاس کرونا کے بعد پہلی بار منافع حاصل کرنے میں کامیاب۔قنطاس نے گزشتہ سال سے ایئر لائن کے ششماہی منافع کا اعلان کیا ہے۔یہ وبائی امراض کے دوران کمپنی کے سات ارب ڈالرسے زیادہ کے نقصان کے بعد آیا ہے جب آسٹریلیا نے سفری قوانین کو سختی سے نافذ کیا تھا۔اس کی مشکلات گزشتہ سال منسوخ پروازوں، گمشدہ سامان اور تاخیر پر کئی تنقیدوں کے ساتھ جاری رہیں۔ایئر لائن نے کہا کہ پروازوں کی مضبوط مانگ، زیادہ ہوائی کرایوں اور لاگت میں کمی اس کی بحالی کے پیچھے ہے۔چیف ایگزیکٹو ایلن جوائس نے کہا کہ دسمبر کے آخر تک چھ ماہ کے دوران آمدنی تین گنا بڑھ کر تقریبا 10 بلین ڈالر ہوگئی ہے کیونکہ وبائی سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ٹویوٹا اور ہونڈا کا ملازمین کی تنخواہوں میں 5فیصداضافہ کرنیکا اعلان۔جاپانی موٹر انڈسٹری کی بڑی کمپنیوں ٹویوٹا اور ہونڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملک میں اپنے کارکنوں کی تنخواہوں میں دہائیوں میں سب سے زیادہ اضافہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت کی تازہ ترین فرمیں ہیں جو قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اجرتوں میں اضافہ کرتی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان میں افراط زر کی شرح 40 سال سے زیادہ کی بلند ترین سطح پر ہے۔کمپنی نے کہا کہ وہ تنخواہوں میں 5فیصداضافہ کرے گی جو کہ 1990 کے بعد اور جاپان کی افراط زر کی شرح کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
غنی گلوبل ہولڈنگز لمیٹڈ کی فروخت سے آمدن جاری مالی سال 23-2022 کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 37.7 ملین روپے ہو گئی، مجموعی منافع بھی بڑھ کر 3.9 ملین روپے ہو گیا ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق غنی گلوبل ہولڈنگز لمیٹڈ کی فروخت سے آمدن جاری مالی سال 23-2022 کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 37.7 ملین روپے ہو گئی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2.4 ملین روپے تھی۔ مالی مجموعی منافع بھی بڑھ کر 3.9 ملین روپے ہو گیا جو مالی سال22 میں 0.5 ملین ریکارڈ کیا گیا تھا۔کمپنی نے مالی سال 22 کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.4 ملین روپے کے نقصان سے مالی سال23 میں 1.5 ملین روپے کا خالص منافع کمایاجو سال بہ سال 145فیصدکی ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔مالی سال 2021-22 کے دوران مجموعی فروخت 8.2 ملین روپے سے بڑھ کر 107.7 ملین روپے ہو گئی جس میں سال بہ سال 1221 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا۔مالی سال 22 کا مجموعی منافع 20.9 ملین روپے رہاجو مالی سال 21 میں 0.6 ملین روپے تھا۔مالی سال 21 میں 31.7 ملین کے نقصان سے سال کے لیے بعد از ٹیکس منافع 133 فیصد بڑھ کر 10.5 ملین روپے ہو گیا۔ مالی سال21 کے دوران کمپنی کی فی حصص آمدن بھی منفی تھی۔ یہ ایک مثبت رجحان کی طرف تھوڑا سا بڑھ گیا اور 0.03 روپے تک پہنچ گیا۔غنی گیسز پرائیویٹ لمیٹڈجی جی ایل کو پاکستان میں 19 نومبر 2007 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت حصص کے ذریعے ایک محدود کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا اور 12 فروری 2008 کو اسے پبلک کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی مینوفیکچرنگ انڈرٹیکنگ کی علیحدگی کے بعداس کے ماتحت اداروں اور متعلقہ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا انتظام کرنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان کے دیہی علاقوں سے شہروں میں لوگوں کی بڑی آمد نے شہری بنیادی ڈھانچے اور روزگار کی منڈی پر نمایاں دبا وڈالا ہے،نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرکے دبا وکو کم کرنے کے لیے حکومت کو نجی شعبے کے ساتھ ہاتھ ملانے کی ضرورت ہے،حکومت جاب مارکیٹ کو مناسب مدد فراہم کرنے کے قابل نہیں ہے۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دیہی علاقوں سے شہروں میں لوگوں کی بڑی آمد نے شہری بنیادی ڈھانچے اور روزگار کی منڈی پر نمایاں دبا وڈالا ہے۔نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرکے دبا وکو کم کرنے کے لیے حکومت کو نجی شعبے کے ساتھ ہاتھ ملانے کی ضرورت ہے۔ حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان تعاون سے ملک میں نوجوانوں کے لیے تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے لیے معاون ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔شہری ماہر معاشیات اور محقق ڈاکٹر نوید افتخار نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ روزگار کی تلاش پاکستان میں تیزی سے شہری کاری ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ دیہی علاقوں کے لوگ بہتر ملازمتوں اور زیادہ اجرت کی تلاش میں شہروں کی طرف ہجرت کرتے ہیں۔بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے باوجود ملک روزگار پیدا کرنے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی کمی کی وجہ سے ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روزگار کے اتنے مواقع پیدا نہیں کر سکا ہے۔
اس کے نتیجے میں بے روزگاری کی بلند شرح ہوئی ہے، خاص طور پر نوجوانوں میں جو پہلی بار ملازمت کے بازار میں داخل ہو رہے ہیں۔ ملازمت کے مواقع کی یہ کمی کم روزگاری کا باعث بھی بن سکتی ہے جہاں لوگ کم معاوضہ اور کم ہنر مند ملازمتیں انجام دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔ڈاکٹر نوید نے کہا کہ غیر رسمی معیشت جو پاکستان کے بہت سے شہری علاقوں میں رائج تھی اکثر کم اجرت اور کام کے خراب حالات کی وجہ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے غیر رسمی شعبے کے افراد کے لیے اپنے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو جاتا ہے خاص طور پر جب زندگی کی لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جاب مارکیٹ کو مناسب مدد فراہم کرنے کے قابل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غربت، سماجی بدامنی اور معاشی جمود میں اضافہ کر رہا ہے۔ماہر نے کہا کہ ملک غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ سرمایہ کاری کی کمی کی وجہ سے نئے کاروبار شروع کرنا اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال نے ملک میں ملازمتوں کی تعداد کو محدود کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
حکومت کو نئی صنعتوں میں سرمایہ کاری کے لیے موثر پالیسیاں بنانے اور تعلیمی و تربیتی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ کاروبار کی ترقی میں مدد مل سکے۔ایک اچھی طرح سے کام کرنے والے معاشرے کے لیے حکومت کو اپنی پالیسی اور چینل کی ترقی کو قانونی اقدامات اور سوچے سمجھے عمل درآمد کے ذریعے از سر نو تشکیل دینا چاہیے۔ تاہم شہری کاری کے تمام فوائد آبادی کے مختلف طبقات کو یکساں طور پر نہیں ملے۔ ڈاکٹر نوید نے کہا کہ پاکستان میں شہری آبادی کی اکثریت کم آمدنی والے اور غیر رسمی کارکنوں پر مشتمل ہے جنہیں اکثر غربت، کام کے خراب حالات اور بنیادی خدمات تک محدود رسائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سپورٹ کرنے کے علاوہ سستی رہائش، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم جیسے بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے جو کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی ترقی کے کلیدی محرک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری کاری کو روزگار کے لیے ایک حقیقی اعزاز بنانے کے لیے پالیسی سازوں کو لوگوں کو بنیادی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے شعبے اور لیبر مارکیٹ میں درپیش چیلنجز سے بھی نمٹنا ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان میں بیلہ، خضدار، مسلم باغ، درگئی، کمہار، مہمند، باجوڑمیں میگنیسائٹ کے ذخائر موجو د ہیں، میگنیسائٹ کی مقامی پروسیسنگ کم درآمدی بل کی صورت میں تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق مختلف ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں ایک اہم خام مال میگنیسائٹ کی مقامی پروسیسنگ کم درآمدی بل کی صورت میں تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔پرنسپل گلوبل مائننگ کمپنی اسلام آباد میں جیو سائنٹسٹ اور پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں جیولوجی کے سابق جنرل منیجر محمد یعقوب شاہ نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میگنیسائٹ ایسک کئی قسم کی چٹانوں میں پایا جا سکتا ہے ۔یہ میگنیشیم سے بھرپور چٹانوں میں رابطے، علاقائی یا میٹامورفوزڈ سرگرمی کے دوران بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونا پتھر میں کیلشیم کے نشانات کے بغیر میگنیشیم کاربونیٹ کی 100فیصدموجودگی اسے میگنی سائیٹ میں بدل دیتی ہے۔ بعض اوقات تھوڑی مقدار میں مینگنیج، کوبالٹ، نکل اور آئرن اس کے ساتھ مرکب کے طور پر مل سکتے ہیں۔ یہ پورے پاکستان میں بکثرت پایا جاتا ہے۔ پاکستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جیولوجیکل سروے یاسر شاہین خلیل نے بتایا کہ میگنیسائٹ پاکستان میں بہت سے مقامات پر پایا جاتا ہے جن میں بیلہ، خضدار، مسلم باغ، درگئی، کمہار، مہمند، باجوڑشامل ہیں۔
پاکستان میں جہاں کہیں بھی کرومائٹ پایا گیااس کے آس پاس کے علاقوں میں میگنیسائٹ پائے جانے کی اطلاع ملی۔ یہ میگنیشیم اور میگنیشیا حاصل کرنے کے لیے اہم ذریعہ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ ان دونوں کو صنعتی پیمانے پر بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یاسر نے کہا کہ پاکستان سے میگنیسائٹ کو صرف خام یا تھوڑی ویلیو ایڈڈ شکل میں برآمد کیا جاتا ہے۔ملک میں میگنیسائٹ کو پروسیس کرنے والا کوئی پلانٹ نہیں لگایا گیا ہے ۔ اس سے میگنیشیا اور دیگر قیمتی اشیا کو دیسی طریقے سے تیار کرنا ضروری ہے۔ اس سے میگنیسائٹ سے نکالی گئی بہت سی قیمتی اشیا کی درآمدی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ میگنیسائٹ پروسیسنگ انڈسٹری کے قیام کے لیے نجی شعبے کی شمولیت سب سے اہم حصہ ہے۔ اس سے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے اور کان کنی کے شعبے کے سماجی و اقتصادی پہلو کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ذاکر اللہ نے کہا کہ صنعتی فوائد کے ساتھ جیولری کے ٹکڑوں میں اور نوادرات کو تیار کرنے کے لیے جیم کوالٹی کا میگنیسائٹ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ عمران بابرنے بتایا کہ برومین، سوڈیم، کلورین، اور میگنیشیم کی طرح، میگنیسائٹ، سمندری پانی سے بھی نکالا جا سکتا ہے۔
"یہ بڑے تالابوں میں مرکوز میگنیشیم پر مشتمل نمکین پانیوں سے شمسی بخارات کے ذریعے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں میگنیسائٹ کے ذخائر وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں کمہار کان پاکستان میں میگنیسائٹ کا ایک عالمی شہرت یافتہ ذخیرہ ہے۔ یہ ایک قابل قدر ذخیرہ ہے جس میں تقریبا 46 فیصد قابل عمل ہے۔ میگنیسائٹ کی بین الاقوامی مارکیٹ تک 15.2 بلین ڈالرہو گی ۔ پاکستان نے 2021 میں مصر، چین، متحدہ عرب امارات، یونان، عمان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، اسپین اور بھارت کو 1.63 ملین ڈالر مالیت کی متعدد شکلوں میں میگنیسائٹ برآمد کیے۔ اسی سال پاکستان نے چین، جاپان سے 1.43 ملین ڈالر مالیت کا میگمیگنیسائٹ درآمد کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کا آپریٹنگ خسارہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میںبڑھ کر 19.4 ملین روپے ہو گیا، اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کے اسٹاک کی قیمت مالی سال 22 کے دوران 14 فیصد تک گر گئی۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کا آپریٹنگ خسارہ جاری مالی سال 2022-23 کی پہلی سہ ماہی میں 222فیصدبڑھ کر 19.4 ملین روپے ہو گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 ملین روپے تھا۔تاہم کمپنی نے ٹیکس سے پہلے کے منافع میں بڑے پیمانے پر اضافہ حاصل کیا جو مالی سال23 میں 6.9 بلین روپے تک پہنچ گیا اور یہ مالی سال22 میں 38 ملین روپے تھاجس میں زبردست ترقی درج کی گئی۔اسی طرح کمپنی نے مالی سال 22 کی اسی مدت میں صرف 31.5 ملین روپے کے منافع کے مقابلے میں مالی سال23 میں 5.9 بلین روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا۔مالی سال 2021-22 کے دوران کمپنی نے 37.8 ملین روپے کا آپریٹنگ نقصان پہنچایاجو سال بہ سال 131 فیصد کی بڑی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔مالی سال 22 کے لیے ٹیکس سے پہلے کا نقصان 5.9 بلین روپے تھا جو مالی سال 21 کے 30.4 بلین روپے کے قبل از ٹیکس منافع سے 119 فیصد کم ہے۔اس نقصان کی بنیادی وجہ دسمبر 2021 میں کچھ ترجیحی حصص کی واپسی تھی۔
کمپنی کے پاس موجود آئی بیکس حصص پر مارک ٹو مارکیٹ نقصان ریکارڈ کیا گیا۔ نتیجے کے طور پرنیسڈاک اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کے اسٹاک کی قیمت مالی سال 22 کے دوران تقریبا 14 فیصد تک گر گئی۔کمپنی نے مالی سال 21 میں 25.8 بلین کے منافع کے مقابلے میں مالی سال 22 میں 4.9 بلین روپے کا خالص نقصان ریکارڈ کیا، جس میں 119 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔کمپنی کی مالی سال 21 میں فی حصص آمدنی 47.40 روپے تھی لیکن مالی سال 22 میں فی حصص 9.13 روپے کا نقصان ہوا۔ٹی آر جی پاکستان کو 2 دسمبر 2002 کو ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ 14 مئی 2003 کوکمپنی نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے ایک غیر بینکنگ فنانس کمپنی کے طور پر وینچر کیپیٹل انویسٹمنٹ کرنے کا لائسنس حاصل کیا۔ کمپنی کی اصل سرگرمی اس کے ایسوسی ایٹ، ریسورس گروپ انٹرنیشنل لمیٹڈ کے ذریعے، بنیادی طور پر ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
تاجکستان کے مشرقی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں،امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی گہرائی تقریبا 20کلو میٹر تھی،رپورٹس کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،اس کے علاوہ چینی میڈیا کا کہنا تھا کہ چین کے سنکیانگ ریجن اور تاجکستان کی سرحد کے قریب7.3شدت کا زلزلہ آیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
افغان صوبے کنڑ میں فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کا کمانڈر نور سعید محسود ہلاک ہوگیا،افغان سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صوبہ کنڑ کے علاقے اسد آباد میں پیش آیا، افغان سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھاکہ فائرنگ سے کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر نور سعید محسود ہلاک ہوگیا، واقعے کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجوں نے 2افراد کو پکڑلیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی عرب میں سال 2023کے رمضان المبارک کا پہلا روزہ 23مارچ بروز جمعرات کو ہونے کا امکان ہے،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی القصیم یونیورسٹی میں فلکیات کے سابق پروفیسر اور موسمیات کی سوسائٹی کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ المسند کے مطابق رواں برس ماہ مبارک کا پہلا روزہ جمعرات 23مارچ 2023کو ہونے کا امکان ہے،ڈاکٹرعبداللہ المسند کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ شعبان 30دن کا ہوگا کیونکہ 29شعبان21مارچ)منگل) کو چاند سورج غروب ہونے سے تقریبا 9منٹ پہلے چھپے گا،انہوں نے بتایا کہ چاند اور سورج کا ملاپ 29شعبان یعنی 21مارچ کی شام کو 8بج کر 23منٹ پر ہوگا، اسی لیے رمضان کا پہلا روزہ 23مارچ کوہونے کا امکان ہے،سعودی حکومت کے مطابق 21مارچ کا سورج غروب ہونے پر رمضان کا چاند دیکھا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکی صدر جو بائیڈن نے نیو سٹارٹ نیوکلیئر ہتھیاروں کے معاہدے کو معطل کرنے کے روس کے فیصلے کو بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے یوکرین کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ میں نیٹو اتحادیوں کے ایک اہم گروپ سے ملاقات سے قبلمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیو سٹارٹ معاہدے کو معطل کرنا روس کی بڑی غلطی قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ ہم نیٹو کے ایک ، ایک انچ کا عہد کریں گے، آرٹیکل 5ایک مضبوط عہد ہے جو امریکا نے کیا ہے،آرٹیکل 5کے مطابق نیٹو کے کسی بھی رکن ملک پر حملہ سب پر حملہ سمجھا جاتا ہے اور اس کے لیے مشترکہ ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے،امریکی صدر نے ہتھیاروں اور مزید ہنگامی امداد کے ذریعے یوکرین کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکی صدر جوبائیڈن ایک بار پھر جہاز کی سیڑھیوں پر لڑکھڑا گئے،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن پولینڈ کا دورہ مکمل کر کے جوانوں کی طرح تیزی سے جہاز کی سیڑھیاں چڑھنے کی کوشش میں تھے کہ ان کا پیر پھسل گیا،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جوبائیڈن جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے پہلے لڑکھڑائے اور پھر گرے لیکن فورا ہی اٹھ کھڑے ہوئے اور جہاز پر چڑھے،یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی صدر سیڑھیوں پر گرے ہوں ،اس سے قبل عہدہ سنبھالنے کے دوسرے مہینے ہی جو بائیڈن ائیرفورس ون کی سیڑھیوں پر لڑ کھڑا گئے تھے،اس کے علاوہ امریکی صدر جون 2021میں بائی سائیکل سے بھی گر پڑے تھے،دوسری جانب بائیڈن کا باربار گرنا ان کے دوبارہ صدارتی امیدوار بننے پرسوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کے ظالمانہ حملے کے دوران 72سالہ عمر رسیدہ شخص سمیت کم از کم 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ،غیر ملکیمیڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے درجنوں بکتر بند گاڑیوں اور خصوصی دستوں کے ساتھ نابلس پر حملہ کیا اور نہتے فلسطینیوں کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11فلسطینی شہید جبکہ 102زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 7کی حالت تشویشناک ہے،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 72سالہ عدنان صابے برا ، 61سالہ عبدالہادی اشقر اور ایک 16سالہ لڑکا محمد شعبان بھی حملے کے نتیجے میں شہید ہوا جبکہ آنسوگیس سے متاثرہ ایک اور 66سالہ معمر شخص عنان شوکت ہسپتال میں دم توڑ گیا،فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نابلس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے خلاف مسلسل حملوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے اسرائیل کو خطرناک صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے،دوسری جانب امریکا نے مغربی کنارے میں تشدد کے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام دونوں فریقوں اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی براہ راست رابطے میں ہیں اور اسرائیلی اور فلسطینی حکام کو کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں،امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی متنازعہ توسیع امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جو دو ریاستی حل کو کمزور کرتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اقوام متحدہ نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر نئی آباد کاری امن کی راہ میں ایک اضافی رکاوٹ بن رہی ہے، فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کا کوئی جواز نہیں ، نہ ہی مغربی کنارے میں کشیدگی کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کو یکطرفہ اقدامات سے تبدیل کیا جا سکتا ہے، عرب میڈیا کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کا کوئی جواز نہیں ، نہ ہی مغربی کنارے میں کشیدگی کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کو یکطرفہ اقدامات سے تبدیل کیا جا سکتا ہے، انہوں نے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی کمیٹی کو بتایا کہ ہر نئی آباد کاری امن کی راہ میں ایک اضافی رکاوٹ بن رہی ہے ، ہر نئی بستی کی سرگرمی بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہے اور اسے روکنا چاہیے،ان کاکہنا تھا کہ تشدد کے لیے اکسانا ختم ہونا چاہیے، کوئی ایسی چیز جو دہشت گردی کو جواز بناتی ہو اسے سب کو مسترد کر دینا چاہیے،سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال برسوں میں سب سے زیادہ کشیدہ ہے، اسرائیل فلسطین امن عمل تعطل کا شکار ہے اور تنا اپنے عروج کو پہنچ رہا ہے،انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں زور دیا کہ ہماری فوری ترجیح مزید کشیدگی کو روکنا، تشدد میں کمی اور امن بحالی ہونا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکا کی وسط مغربی ریاستوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی متاثر ہوگئی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں 2کروڑ شہری آبادی پر مشتمل ریاستوں میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی ہے ، ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ، ریاست میں برفانی طوفان سے ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں، لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے ، منی سوٹا، وسکونسن اور ڈکوٹا میں برفانی طوفان کی وجہ سے سکول سمیت سرکاری دفاتر بھی بند کردیے گئے،میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں برفانی طوفان سے ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ ریاست میں برفانی طوفان سے ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، محکمہ موسمیات نے کیلیفورنیا میں جمعہ اور ہفتہ کو شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے،شدید طوفانی ہواں اور برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے ہیں جبکہ منی سوٹا، وسکونسن اور ڈکوٹا میں برفانی طوفان کی وجہ سے سکول سمیت سرکاری دفاتر بھی بند کردیے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے برسبین میں بھارتی قونصل خانے پر خالصتانی پرچم لہرا دیا گیا،بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اہم دورہ آسٹریلیا کے بعد پیش آئے اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی،وائرل ویڈیو میں جی 20ممالک کے وزرائے خارجہ سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارت میں بیوہ کالونی کا دورہ کریں،بیوہ کالونی میں ایسی سیکڑوں خواتین قیام پذیر ہیں، جنہیں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد انتہا پسند ہندوں نے گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا،واضح رہے کہ نئی دہلی میں جی 20وزرا کا اجلاس آئندہ ماہ مارچ میں منعقد ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ناروے کی نوبیل کمیٹی کے مطابق رواں برس نوبیل امن انعام کے لیے گزشتہ چار سال میں سب سے کم امیدوار نامزد کیے گئے ہیں ، امیدواروں کے ناموں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق ناروے کی نوبیل کمیٹی نے گزشتہ روز کہا ہے کہ فروری کی آخری تاریخ تک 305 امیدواروں کو 2023کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو کہ چار سال میں سب سے کم تعداد ہے، امیدواروں میں 212افراد اور 93 تنظیمیں شامل ہیں،اوسلو میں قائم تنظیم کا بتانا تھا کہ گزشتہ سال کے 343امیدواروں کے مقابلے میں رواں سال نوبیل انعام کے لیے امیدواروں میں کمی آئی ہے اور یہ 2019کے بعد رجسٹرڈ ہونیوالے امیدواروں کی سب سے کم تعداد ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ آٹھ سال میں امیدواروں کی سالانہ تعداد 300سے تجاوز کر چکی ہے ، سال 2016میں 376امیدوار شامل تھے جو سب سے زیادہ امیدواروں کا ایک ریکارڈ تھا،واضح رہے کہ امن کا نوبیل انعام ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں دیا جاتا ہے جبکہ دیگر ایوارڈز سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں انعام کے بانی الفریڈ نوبیل کی خواہش کے مطابق پیش کیے جاتے ہیں،انعام یافتہ افراد 10دسمبر کو ایوارڈ کی تقریبات میں انعامات وصول کرتے ہیں، جو 1896میں نوبیل کی وفات کی برسی کی تاریخ ہے، نوبیل انعام میں ایک ڈپلومہ، ایک گولڈ میڈل اور 10ملین سویڈش کرونر نقد انعام کی صورت میں دیے جاتے ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
انٹرپول یونان کی مدد سے، پنجاب میں پولیس کو مطلوب ملزم خلیل خان کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات پولیس کو مطلوب ملزم محمد خلیل خان کو ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے یونان سے اسلام آباد ایئر پورٹ منتقل کر دیا۔ ملزم کے خلاف اقدام قتل کے تحت 2 مقدمات درج ہیں، متعلقہ پولیس کی درخواست پر ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول یونان کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشری اقبال نے ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے عامر لیاقت کی مخالفت میں دیے گئے بیانات شیئر کردیے۔ بشری اقبال کی جانب سے سوشل میڈیا پر دانیہ کے نجی میڈیا کو دیے گئے بیانات کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دانیہ کی جانب سے عامر لیاقت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک انٹرویو میں دانیہ شاہ نے عامر لیاقت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب عورت کی عزت پر آتی ہے وہ دوسرے کی عزت اتارنا بھی جانتی ہے۔ ایک انٹرویو کلپ میں دانیہ نے اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس عامر لیاقت کی ریکارڈنگز اور ہر قسم کے ثبوت موجود ہیں۔ ایک جگہ دانیہ کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو میں نے بنائی تھی، اس ویڈیو کو بناتے وقت عامر اور میرے علاوہ کمرے میں کوئی موجود نہیں تھا ۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی عامر لیاقت کی ویڈیو وائرل کیس میں دانیہ شاہ کو ویمن جیل کراچی سے ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ دانیہ شاہ کے خلاف ایف آئی اے پیکا ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج ہے، ملزمہ دانیہ شاہ کے خلاف مقدمہ عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر نے درج کروایا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ترکیہ کے زلزلے میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی ٹیم کو وطن واپسی کے موقع پر شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاکستانی رضاکاروں کو ترکوں کی جانب سے دئیے گئے خراج تحسین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی ریسکیو 1122 کی ٹیم کے ارکان وطن واپسی کے لیے ائیرپورٹ پہنچے تو ائیرپورٹ کے عملے نے پاکستانی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور تالیوں کی گونج میں انہیں رخصت کیا۔ پاکستانی رضا کاروں نے شاندار خراج تحسین پر ائیرپورٹ کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
تفتیشی افسر نے طیبہ گل ہتک عزت کیس میں سابقہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم کا جواب غیرتسلی بخش جواب قرار دے دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف طیبہ گل کے ہتک عزت کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی عدالت میں تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرواتے ہوئے کہا کہ شہزاد سلیم تسلی بخش جواب نہ دے سکے، لہذا طیبہ گل کا موقف درست ہے جس کی تائید کی جاتی ہے۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ میں کہا کہ طیبہ گل اور سابقہ ڈی جی نیب شہزادسلیم کو انکوائری کے لئے طلب کیاگیا، طیبہ گل نے موقف اختیار کیاکہ 2019 میں نیب نے انہیں گرفتار کیا، عدالت نے عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا، مگر شہزادسلیم نے سوشل میڈیا اور ٹیلیویژن پر بیٹھ کر ان کی کردار کشی کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ طیبہ گل کے مطابق شہزادسلیم نے ان کے خلاف نازیبا القابات کا اظہار کیا، ان کے بیانات کے باعث انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شہزادسلیم کے مطابق وہ ڈی جی نیب سمیت سرکاری اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور طیبہ گل جھوٹ بول رہی ہیں اور ان کی کردار کشی کر رہی ہیں، وہ اپنے شوہر کے ہمراہ 25 سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں، اور انکوائری میں الفاظ کو توڑ مروڑ کر استعمال کر رہی ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
جوڈیشل کونسل میں سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف جائیدادوں سے متعلق ریفرنس دائر کردیا گیا۔ سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس میاں داود ایڈووکیٹ کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے جج اور ان کے اہلخانہ کی جائیدادوں کی تحقیقات کرنیکی استدعا کی گئی ہے۔ ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے اثاثوں کی تحقیقات کرے، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے اثاثے 3 ارب روپے سے زائد مالیت کے ہیں، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا فیڈرل ایمپلائز ہاوسنگ سوسائٹی میں ایک کنال کا پلاٹ ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا سپریم کورٹ ہاوسنگ سوسائٹی میں ایک کنال کا پلاٹ ہے، گلبرگ تھری لاہور میں 2 کنال 4 مرلے کا پلاٹ ہے، سینٹ جون پارک لاہورکینٹ میں 4 کنال کا پلاٹ ہے، اثاثوں میں گوجرانوالا الائیڈ پارک میں غیر ظاہر شدہ پلازہ بھی شامل ہے۔ ریفرنس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے مبینہ طور پر 2021 میں 3 بار سالانہ گوشواروں میں ترمیم کی، گوشواروں میں ترمیم گوجرانوالا ڈی ایچ اے میں گھر کی مالیت ایڈجسٹ کرنیکے لیے کی گئی، پہلے گھرکی مالیت47 لاکھ پھر 6 کروڑ اور پھر 72 کروڑ ظاہرکی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے میں پاکستان کو پیشگی اقدامات بروقت کرنے کیلئے مسلسل دبائو کا سامنا ہے،آئی ایم ایف نے پاکستان سے سخت مانیٹری پالیسی کا مطالبہ کیا،مانیٹری پالیسی سخت کرنے سے شرح سود بڑھنے کا خدشہ ہے،اسٹیٹ بینک نے 22فروری کو 258ارب روپے کے ٹی بلز فروخت کردیئے، اسٹیٹ بینک کا بنیادی شرح سود 17فیصد ہے،اسٹیٹ بینک نے گزشتہ 3ماہ کی شارٹ ٹرم ٹی بلز 19.95فیصد پر فروخت کئے، اسٹیٹ بینک نے بنیادی شرح سود سے 2.9فیصد زیادہ سود پر ٹی بلز فروخت کئے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل میٹنگ میں مانیٹری پالیسی کے نکات پر بھی گفتگو ہوئی،آئی ایم ایف مانیٹری پالیسی میں سختی کرنے پر بضد ہے،آئی ایم ایف نے مہنگائی کے حساب سے مانیٹری پالیسی میں سختی کیلئے دبائو دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما عباد فاروق کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسدادد ہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما عباد فاروق کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی، تفتیشی افسر نے کہا کہ عباد فاروق نے ساتھیوں سے ملکر پولیس کی گاڑی پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، ملزم عباد فاروق کا فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے ۔ عدالت نے عباد فاروق کو14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں زبیر خان نیازی اور عباد فاروق کے خلاف پولیس موبائل پر حملے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا،صوبائی دارالحکومت کے پولیس سٹیشن سول لائنز میں سب انسپکٹر افضل ورک کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں دہشت گردی، جلا گھیرا اور توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو 2002 سے قبل کا توشہ خانہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں قیام پاکستان سے اب تک توشہ خانہ کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، کابینہ سیکرٹری ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کابینہ نے 2002 سے اب تک کا توشہ خانہ کا ریکارڈ ڈی کلاسیفائیڈ کر دیا ہے کہ یہ تحائف کس نے خریدے، یہ سارا ریکارڈ ویب سائٹ پر ڈالا جائے گا، وہ ریکارڈ نہیں دے رہے کہ بیرون ملک سے یہ تحائف دیے کس نے ہیں۔ جسٹس عاصم حفیظ نے استفسار کیا کہ 2002 سے پہلے کا ریکارڈ آپ کے پاس نہیں ہے؟ جس پر وفاقی حکومت نے جواب دیا کہ 2002 سے پہلے کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ نہیں ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر کابینہ سیکرٹری کو 2002 سے پہلے کا توشہ خانہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے کابینہ کا ریکارڈ ڈی کلاسیفائیڈ کرنے کا فیصلہ عدالت میں پیش کیا، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کو سارا ریکارڈ عدالت کے سامنے رکھنا چاہیے۔ جسٹس عاصم حفیظ نے ریمارکس میں کہا کہ ایک دم سے چیزیں تبدیل نہیں ہوتیں، حکومت نے 2023 میں ریکارڈ ڈی کلاسیفائیڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے کارروائی 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ نے سندھ کول اتھارٹی کرپشن کیس میں ڈی جی نیب کراچی کو طلب کر لیا ، کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ نیب بھی قابل احتساب ہے، عدالت نے نیب اقدامات کا احتساب کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کول اتھارٹی کرپشن کیس کی سماعت کے دوران نیب کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع نہ کروانے پر سپریم کورٹ نے اظہار برہمی کیا۔ چیف جسٹس نے نے ریمارکس دیے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ انتہائی سنجیدہ ہے، 19 ارب کی کرپشن کا کیس ہے لیکن نیب انکوائری نہیں ہو رہی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کردیا ہے۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ڈیڑھ سال سے ابھی تک تحقیقات مکمل نہیں ہوئی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب بھی قابل احتساب ہے ، اگر کیس نہیں بنتا تو بھی انکوائری مکمل کریں، فیئر ٹرائل ملزم کا حق ہے، نیب تحقیقات مکمل کرنے میں تاخیر نہیں کر سکتا، عدالت نے نیب اقدامات کا احتساب کرنا ہے، نیب غیر ضروری طور پر ملزمان ہو ہراساں نہ کرے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نیب رپورٹ میں نہ تاریخیں بتائی گئیں نہ ہی کوئی اور تفصیل، عدالت نیب رپورٹ سے مطمئن نہیں۔ عدالت نے دوران سماعت استفسار کیا کہ کیا نیب سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کر رہی ہے یا نہیں؟۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب کراچی کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ نے پنجاب کے سابق چیف سیکریٹری کامران افضل کی بحالی کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سیکریٹری کاکیس انفرادی نوعیت کا ہے اس کیس کی پولیس کیس سے مماثلت نہیں بنتی، کامران افضل اپنی شکایت کے تدارک کیلئے ہائیکورٹ میں جا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پولیس افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ پنجاب اور سندھ حکومتوں کی جانب سے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تفصیلی رپورٹ جمع کروادیں گئیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پنجاب کی رپورٹ کے مطابق 2018 سے ابھی تک کوئی بھی آئی جی نے ایک سال کی مدت مکمل نہیں کی ، کچھ آئی جی صاحبان تو ایک ماہ بھی آئی جی رہے، موثر قیادت کیلئے ہی آئی جی کے عہدے کی مدت رکھی گئی ہے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ 2017 میں پنجاب کابینہ نے پولیس آرڈر میں تبدیلی کا فیصلہ کیا، تاہم آج تک آئی جی کی جانب سے تبدیلی پر بریفننگ ہی نہیں دی جا سکی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 6 سال سے بریفنگ نہ ہونے کہ وجہ کیا سیاسی رکاوٹیں ہیں ؟ پنجاب پولیس میں سیاسی مداخلت ہے، جان بوجھ کر پولیس کو ٹریننگ اور اختیارات کے بغیر رکھا گیا ہے، 6 سال سے مغوی بچیوں کی بازیابی کیلئے ایجنیسوں کی مدد لینا پڑی پولیس کو ٹریننگ کی ضرورت ہے۔
جسٹس اطہر نے کہا کہ پنجاب کی رپورٹ میں آئی جی صاحبان کو عہدوں سے ہٹانے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، ٹرانسفر کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے وہی عوام کو جوابدہ ہیں، اگر کارکردگی پر ٹرانسفرز کی گئیں ہیں تو کیا کسی کے خلاف کارروائی ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ مجھے پنجاب اور سندھ کی رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے مہلت دی جائے، چیرمین نیب کی طرز ہر آئی جی کا بھی عہدہ بھی ہونا چاہیے۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور چیف جسٹس کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ کیس کو انتخابات کے بعد مئی میں رکھا جائے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آپ الیکشن کرانا چاہتے؟۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ آئین کے مطابق تو 90 دنوں میں انتخابات ہونا ہیں۔ عدالت نے پولیس ٹرانسفرز سے متعلق کیس کی سماعت مارچ کے اخری ہفتے تک ملتوی کردی۔عدالت نے پنجاب کے سابق چیف سیکریٹری کامران افضل کی بحالی کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری کاکیس انفرادی نوعیت کا ہے اس کیس کی پولیس کیس سے مماثلت نہیں بنتی، کامران افضل اپنی شکایت کے تدارک کیلئے ہائیکورٹ میں جا سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اتحاد ٹاون پولیس نے لڑکے کا روپ دھار کر موٹر سائیکل چوری میں ملوث نوجوان لڑکی کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او اتحاد ٹاون سب انسپکٹر غلام رسول ارباب کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپا مار کارروائی کے دوران ملزمہ کو گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت ثمرین عرف مشا کے نام سے کی گئی ۔ ملزمہ لڑکے کا روپ دھار کر مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے حب چوکی بلوچستان میں فروخت کرتی تھی جب کہ اس کے قبضے سے ملنے والی مسروقہ موٹر سائیکل درخشاں کے علاقے سے چوری کی گئی تھی جس کا مقدمہ بھی درج ہے ۔ ملزمہ کے گروہ میں ایک اور لڑکی کے علاوہ 3 سے 4 لڑکے ہیں جو موٹرسائیکلیں چوری کرنے میں ملوث ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اے این ایف نے ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیوں کے دوران خشک میوہ جات میں چھپا کر منشیات کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں قطر کے لیے بک کروائے گئے پارسل سے 93 گرام ہیروئن اور 88 گرام آئس برآمد کرلی گئی، جو خشک میوہ جات میں پستے کے اندر مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے کورنگی کے قریب کارروائی میں 2 ملزمان سے 12 کلو چرس برآمد کرلی گئی، جسے لکڑی کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔ دوسری جانب اے این ایف نے بلوچستان کے علاقے پشین میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 200 کلو ہیروئن اور 200 کلو مارفین برآمد کرلی۔ ادھر کوئٹہ میں ایک کارروائی کے دوران کار سے 20 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثنا گلگت ائرپورٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گلگت کے رہائشی 2 ملزمان سے 33 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ پشاور سے ہزارہ منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بناتے ہوئے باڑہ روڈ کے قریب کار سے 43 کلو 200 گرام چرس برآمد کرکے صوابئی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات برآمد کرکے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور نے قومی پرچم جلانے کے الزام میں نامزد ملزم کو مجموعی طور پر 26 ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنادی۔ سیشن جج پشاور کی عدالت میں ملزم جنید احمد کے کیس کی سماعت ہوئی، ملزم پر الزام تھا کہ اس نے کرک میں قومی پرچم نذر آتش کیا جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کو مجموعی طور پر سزا 26ماہ قید اور 50 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ الیکشن کمیشن کا جمعرات کو ہونے والا اجلاس ازخودنوٹس کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن صدر کے انتخابات سے متعلق احکامات پر اب خود فیصلہ نہیں کرے گا۔ الیکشن کمیشن صدارتی احکامات پر اپنا مقف سپریم کورٹ میں پیش کرے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آئینی ماہرین کی تحریری رائے ملنے پر آج صدارتی حکم نامے پر فیصلہ کرنا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ملک بھر میںکورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں دوبارہ اضافہ، 13 مریضوں کی حالت تشویشناک قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 338 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 36 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.67 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 13 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
رواں سال پاکستان میں آم کی 1.7 ملین ٹن کی اچھی پیداوار متوقع ، پاکستان ایک سال میں تقریباً 150,000 ٹن آم برآمد کرتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق حالیہ برسوں میں چین پاکستان سے غذائی مصنوعات کی برآمد کی سب سے بڑی منڈی بن گیا ہے۔ پاکستان سے چین کو غذائی مصنوعات کی برآمدات 2022 میں 1 بلین ڈالر کے قریب تھیں۔ ہم چین میں پاکستانی آموں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے منتظر ہیں، ان خیالات کا اظہار شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین حیدر نے پاکستانی آم کے فروغ کے حوالے سے ایک ویبینار میں کیا ۔گوادر پرو کے مطابق ویبینار کا انعقاد قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے شنگھائی میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے تعاون سے کیا اور اس کی صدارت ڈپٹی قونصل جنرل نواب علی راہوجو نے کی۔ ویبینار میں 5 سے زائد پاکستانی آم برآمد کرنے والے اداروں اور 5 چینی آم درآمد کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ آبادگار بورڈ کے سینئر نائب صدر اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمود نواز شاہ نے کہا کہ پاکستانی آم مشرق وسطیٰ کے ممالک میں بہت مقبول ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ مزید چینی صارفین پاکستانی آم کو پسند کریں گے۔گوادر پرو کے مطابق 2018 میں پاکستان نے سالانہ 1.9 ملین میٹرک ٹن آم پیدا کیے، جو دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ تاہم گزشتہ 5 سالوں میں ملک کی آم کی پیداوار میں کمی آئی ہے، جس کا زیادہ تر الزام گلوبل وارمنگ پر لگایا جاتا ہے۔
محمود نے گوادر پرو کو بتایا کہ آم کے باغات اس وقت اچھی طرح کھل رہے ہیں اور آم کے سیزن سے 1.7 ملین ٹن کی اچھی پیداوار متوقع ہے۔ پاکستان ایک سال میں تقریباً 150,000 ٹن آم برآمد کرتا ہے۔ تاہم، اس کی برآمدات کا حجم پیداوار سے بہت پیچھے ہے۔ محمود نے مزید کہا چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے جس کے پاس بڑی صلاحیت ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ چین کے کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی سی) کے مطابق 2022 میں پاکستان کی چین کو تازہ یا خشک آم (کموڈٹی کوڈ 08045020) کی ایکسپورٹ 55,605 ڈالر تھی جو 2021 کے 127,200 ڈالر سے کم تھی، جب کہ حجم کے لحاظ سے یہ 2022 میں 23.95 ٹن اور 2021میں37.42 ٹن تھی ۔ گوادر پرو کے مطابق سانلین انٹرنیشنل کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او وکٹر لوو جو مسلسل 4 سال سے پاکستانی آم برآمد کر رہے ہیں نے کہا کہ گزشتہ سال کے شدید سیلاب نے آم کی پیداوار اور معیار کو کم کر دیا، وبا کی وجہ سے ترسیل کی محدود صلاحیت، اور پیچیدہ معائنہ اور قرنطینہ کے طریقہ کار کی وجہ سے چین کو آم کی برآمدات میں کمی۔ گوادر پرو کے مطابق وکٹر نے وضاحت کی کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستانی آموں کا معیار، جس میں ذائقہ، شکل اور سائز شامل ہے، چین میں اعلیٰ قسم کے آم کے صارفین کی طرف سے پسند کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا آم کی فروخت کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ کمپنی کے پہلے 2 ٹن آم جو پچھلے سال چین پہنچے تھے اور چینی ہوائی اڈے پر ہی اٹھا لیے گئے تھے۔ وکٹر نے کہا کہ رواں سال ہم نقل و حمل اور بیرونی پیکیجنگ کے بہتر تحفظ کے لیے بڑے پیمانے پر یونٹس کے ساتھ تجربہ کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
انتظامیہ نے جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار پی ٹی آئی رہنماوں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ انتظامیہ نے جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار پی ٹی آئی رہنماوں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شاہ محمود قریشی ، اسد عمر سمیت دیگر رہنماوں کو دوسرے اضلاع منتقل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کارکنوں کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر سمیت دیگر جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔لاہور کی جیلوں میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔پولیس کی سخت سیکیورٹی میں کارکنوں کو لیجایا جائے گا۔ دوسری جانب نگراں وزیر جیل خانہ جات خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے قیدیوں کی خاطر تواضع کریں گے۔ایک شخص ہوں یا ایک ہزار ،عدالت کا حکم آئے تو ہمارا بندوبست مکمل ہوگا۔ انہون نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے قیدی بے فکر ہوکر آئیں، تحریک کے قیدیوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی دارالحکومت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، اور ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان کا بارڈر تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 60 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے ایبٹ آباد اور مالاکنڈ میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بلوچستان نیشنل پارٹی نے صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وزرات سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پارٹی اعلامیے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عبدالرحمان کھیتران کو برطرف نہ کرنے کی صورت میں وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس(سپلیمنٹری)بل 2023 کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے فنانس بل 2023 کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ہے۔ خیال رہے کہ پیر کی شام قومی اسمبلی میں مالیاتی قانون سازی کو اپوزیشن اراکین کی موجودگی میں کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا جسے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیش کیا۔ قومی اسمبلی میں منظوری کے بعد فنانس سپلیمنٹری بل 2023 منظوری کے لیے ایوان صدر بھجوا یا گیا تھا۔ اس ضمن میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس کے دوران صدر کی جانب سے بل کی منظوری اور اس کے ایکٹ بننے میں تاخیر کا سبب نہ بننے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بل میں 170 ارب روپے مالیت کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہیں تاکہ تعطل کا شکار بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بیل آوٹ پروگرام کو بحال کیا جائے اسے جلد از جلد مالیاتی ایکٹ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ بل کے نفاذ کے تناظر میں آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے پر اگلے ہفتے دستخط کیے جائیں گے۔ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار پرامید ہیں کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے اقدامات سے ملکی معیشت تیزی سے بحال ہونا شروع ہو جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماوں زبیر خان نیازی اور عباد فاروق کے خلاف پولیس موبائل پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت کے پولیس سٹیشن سول لائنز میں سب انسپکٹر افضل ورک کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں دہشت گردی ، جلا گھیرا اور توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق میاں عباد فاروق نے مال روڈ پر 70 سے 80 افراد کیساتھ پولیس موبائل پر حملہ کیا اور اسے چاروں اطراف سے نقصان پہنچایا، حملے کے دوران پولیس موبائل وین کی فرنٹ سکرین بھی توڑ دی گئی، میاں عباد فاروق نے باوردی اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دیں۔ ایف آئی آر کے مطابق زبیر نیازی ، میاں عباد سمیت دیگر ملزمان توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورہ یورپ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔ بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے میں ہنگری سے کراچی پہنچے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 20 فروری کو اسلام آباد سے جرمنی پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ نے 3 روزہ دورہ یورپ کے دوران جرمنی، برطانیہ اور ہنگری میں اہم ملاقاتیں کیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ نے سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے سائفر کیس کا فیصلہ تحریر کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت ایگزیکٹو کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتی، آئین کا آرٹیکل 175 عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ کرتا ہے، عدلیہ اور ایگزیکٹو کو ایک دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے، اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کے پاس سائفر کی تحقیقات کرانے کا اختیار تھا۔ تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سائفر خارجہ امور میں آتا ہے جو وفاقی حکومت کا اختیار ہے، درخواست گزار سائفر سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کو ثابت نہیں کر سکے، رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے تینوں چیمبر اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔ یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے گزشتہ روز سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر سماعت کی تھی، ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ، نعیم الحسن اور طارق بدر نے سائفر کی تحقیقات کیلئے چیمبر اپیلیں دائر کی تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہونگے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم کو صرف عدلیہ سے ہی توقع ہے باقی سب سے مایوسی ہے، عدلیہ ہی اس ملک کو بحران سے نکالے گی اور چوروں کو آئین کے شکنجے میں لائے گی ۔ شیخ رشید نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی پریس کانفرنس قوم سے بیہودہ مذاق تھی غریب قحط سے مر گیاہے مہنگائی کاجن حکومت کو کھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 13 پارٹیاں کسی صورت الیکشن نہیں چاہتیں، صرف عمران خان الیکشن چاہتا ہے، آئی ایم ایف کی صدر بھی کہتی ہیں کہ امیروں کو سبسڈی دی ہے، لاہور نے جیل بھرو تحریک کا حق ادا کردیا۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ آل شریف ،زرداری، فضل الرحمان کے علاوہ سب پاکستان کے لیے پریشان ہیں ، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازا ر لگا ہے، آج 2بجے لیاقت باغ پریس کلب میں خطاب کروں گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات میں عوام سے یکجہتی اور معاشی بوجھ بانٹنا کفایت شعاری اقدامات کی مثال ہیں۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم خود سے کفایت شعاری کی مثال قائم کر رہے ہیں، اجتماعی کوششوں سے ہی ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالا جا سکتا ہے، کفایت شعاری کابینہ کے رضا کارانہ طور پر تنخواہیں، مراعات نہ لینے سے شروع ہوتی ہے۔ میاں شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ ارکان کے اس اقدام سے سالانہ 200 ارب کی بچت ہوگی، اتحادیوں کی جانب سے حمایت پر شکر گزار ہیں، عملدر آمد کی خود نگرانی کروں گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ صوبے ہاتے میں ایک تباہ شدہ عمارت کو دیکھا جاسکتا ہے جہاں پیر کو آنے والے نئے زلزلوں میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور 294 زخمی ہو گئے۔(شِنہوا)
ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ صوبے ہاتےمیں ایک تباہ شدہ عمارت کے ملبے کے قریب لوگ آگ کے پاس بیٹھے ہیں جہاں پیر کو آنے والے نئے زلزلوں میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور 294 زخمی ہو گئے۔(شِنہوا)
ترکیہ کے زلزے سے متاثرہ صوبے ہاتے میں لوگ ایک تباہ شدہ عمارت کے پاس سے گزر رہے ہیں جہاں پیر کو آنے والے نئے زلزلوں میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور 294 دیگر زخمی ہو گئے۔(شِنہوا)
ترکیہ کے زلزے سے متاثرہ صوبے ہاتے میں ایک بچہ خیموں کے پاس سے گزر رہا ہےجہاں پیر کو آنے والے نئے زلزلوں میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور 294 زخمی ہو گئے۔(شِنہوا)
چین، جنوبی ہانگ کانگ کے ہانگ کانگ پیلس عجائب گھر میں ایک صحافی نمائشی اشیاء دیکھ رہی ہے۔(شِنہوا)
چین، جنوبی ہانگ کانگ کے ہانگ کانگ پیلس عجائب گھر میں نمائشی اشیاء دیکھی جاسکتی ہیں۔(شِنہوا)