امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکا نے اپنے صحافیوں کو حماس کیلئے دہشتگرد کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا،امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وائس آف امریکا کے ایک ایڈیٹر کی جانب سے اپنے اسٹاف کو ای میل کے ذریعے تاکید کی گئی ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی کووریج کے دوران حماس کیلئے دہشتگرد کا لفظ استعمال کرنے سے اجتناب کیا جائے،خبر کے مطابق اپنی ای میل میں امریکی نشریاتی ادارے کے ایڈیٹر نے اسٹاف کو خبردار کیا کہ وائس آف امریکا کی کووریج میں حماس کیلئے دہشتگرد کا لفظ استعمال کرنے پر امریکی قانون ساز اسمبلی کے ارکان کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے،ادارے کے تمام اسٹاف کو بھیجی گئی اس ای میل میں سب کو پابند کیا گیا ہے کہ آئندہ وائس آف امریکا کی کووریج میں حماس کیلئے دہشتگرد کا لفظ استعمال نہیں کیا جائے گا۔
چین کے وزیر خارجہ کی زیر صدارت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں مختلف ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی،اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین مشرق وسطی میں مستقل امن چاہتا ہے، ہم غزہ میں امن کی خاطر جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہیں، غزہ کیلئے جامع اور پائیدار حکمت عملی بنائی جائے،اجلاس سے امریکی سفیر لنڈا تھامس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جنگ بندی میں مزید توسیع سے متعلق بال اب حماس کے کورٹ میں ہے،امریکی سفیر نے کہا کہ حماس باقی یرغمالیوں کو رہا کرے گی تو اسرائیل جنگ بندی کے لیے تیار ہے، جب تک غزہ سے تمام یرغمالی رہا نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں کوئی مقام بھی محفوظ نہیں ہے، غزہ کے 80فیصد رہائشیوں کو ان کے گھروں سے جبری بے دخل کر دیا گیا،انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہریوں کا قتل عام کیا، غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری طور پر مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور امریکی صدر جوبائیڈن کی فون پر گفتگو میں کلائمیٹ سمٹ کوپ 28اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطی میں پائیدار امن کے لیے طریقہ کارطے کرنے اور خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کے لیے دو ریاستی حل پر اتفاق کیا ہے،غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی اور امریکی صدور نے اسرائیل فلسطین مستقل جنگ بندی پر تبادلہ خیال بھی کیا اور غزہ میں امداد کے لیے دیرپا اور محفوظ طریقہ کار پر بھی گفتگو کی،دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی بحران کے موثر حل کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی میں مزید ایک روز کی توسیع کردی گئی،عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہاہے کہ مزید یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جنگ بندی میں توسیع کی گئی ہے تاہم کتنے یرغمالی رہا کیے جائیں گے اس کے بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئیں،عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے بھی غزہ میں جنگ بندی کی تصدیق کردی گئی ہے،6روزہ عارضی جنگ بندی جمعرات کی صبح ختم ہورہی تھی، یرغمالیوں کے ایک آخری گروپ کو درجنوں فلسطینی قیدیوں کے بدلے رات گئے غزہ سے رہا کیا گیا تھا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل اسرائیلی کابینہ کا اجلاس جنگ بندی میں توسیع سے متعلق فیصلہ کیے بغیر ختم ہو گیا تھا۔
سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسینجر 100برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ہنری کسینجر کاانتقال ان کی رہائشگاہ کنیکٹی کٹ میں ہوا،ان کی آخری رسومات اہل خانہ کی جانب سے ادا کی جائیں گی، بعدازاں یادگاری تقریب نیویارک میں منعقد کی جائے گی،ہنری کسنجر 100برس کی عمر میں آخری وقت تک انتہائی فعال رہے اور وائٹ ہاؤس کے اجلاسوں میں شریک ہوتے رہے، آنجہانی نے رواں برس جولائی میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے ہوئی،چین کے ساتھ امریکا کے تعلقات ہنری کسینجر کی سب سے یادگار میراث میں سے ایک ہے، سوویت یونین کے خلاف سرد جنگ کے پیشِ نظر وہ خفیہ طور پر چین گئے تھے جس کا نتیجہ 1972میں امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورہ چین اور بعدازاں چین کے ساتھ امریکی تعلقات کے قیام کی صورت میں نکلا،ہنری کسینجر کو امریکی خارجہ پالیسی کی طاقت کا مرکز تصور کیا جاتا تھا، اس وجہ سے وہ متنازع بھی رہے،ہنری کسینجر کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے، انہوں نے سیکریٹری آف سٹیٹ اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں، ان کو ویتنام کی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر نوبل پرائز سے بھی نوازا گیا۔
چین نے پاکستان کو آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاعات دینے والے موسمیاتی ڈیٹیکٹرز کا تحفہ دیا ہے جس سے ملک بھر خصوصا تھرپارکر کے باسی جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں گے،ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحب زاد خان کے مطابق چین نے 10لاکھ ڈالرز مالیت کے 25موسمیاتی ڈیٹیکٹرز پاکستان کو بلا معاوضہ دیے ہیں، چینی آلات آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کی بروقت پیشگوئی کر سکیں گے،مہر صاحب زاد خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی ڈیٹیکٹرز پورے ملک میں نصب کر رہے ہیں، چین سے 14000کلومیٹر رینج والا ریڈار بھی لے رہے ہیں، نئے آلات موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی کریں گے،ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر میں بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد اور سینکڑوں مویشی ہلاک ہوئے ہیں، ان موسمیاتی ڈیٹیکٹرز کی مدد سے تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے بچنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کو کیمیائی ہتھیاروں کے خلاف تنظیم اوپی سی ڈبلیو کے ایگزیکٹوبورڈ کا رکن منتخب کرلیا گیا جب کہ روس کو اس کونسل سے نکال دیا گیا ہے،کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی تنظیم کا اجلاس ہیگ میں ہوا جس میں ایشیا سے بنگلادیش، ایران، ملایشیا اور پاکستان، افریقا سے الجزائر، گھانا، نائجیریا، جنوبی افریقا، مشرقی یورپ سے لیتھوینیا، پولینڈ اور یوکرین، مغربی یورپ سے بیلجیم، ڈنمارک، یونان، اسپین اور نیوزی لینڈ کو ایگزیکٹوبورڈ میں شامل کیا گیا ہے، لاطینی امریکا اور کیربین خطے سے چلی، ایکواڈور، السلواڈور اور گوئٹے مالا بھی ایگزیکٹو کونسل کے رکن منتخب کرلیے گئے ہیں۔،ووٹنگ میں 98ممالک نے اراکین کی تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا جب کہ 8نے مخالفت کی اور 21غیر حاضر رہے،واضح رہے 41اراکین پر مشتمل اس کونسل میں رکن ممالک کو 2 برس کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر حکومت سے جواب طلب کرلیا،سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی کو ائرپورٹ پر روکے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل 2رکنی بینچ نے کی،دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل سید سکندر حیات شاہ نے عدالت کو بتایا کہ سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی عمرہ کے لیے جارہے تھے تو ائرپورٹ پر روک لیا گیا، جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ کیا ان کا نام ای سی ایل یا اسٹاپ لسٹ میں ہے، وکیل نے جواب دیا ان کا نام نہ ای سی ایل میں ہے اور نہ ہی اسٹاپ لسٹ میں۔ انہیں غیر قانونی طور پر روکا گیا۔ تمام ایجنسیز نے انہیں کلیئر قرار دیا، بعد میں طیارے سے آف لوڈ کیا گیا،عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمرہ کے لیے جا رہے تھے، حکومت ایک ہفتے میں جواب جمع کرائے،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے پوچھا کہ شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس کی تھی؟، جس پر وکیل نے جواب دیا پریس کانفرنس نہیں کی، اسی وجہ سے تو یہ سب ہو رہا ہے،بعد ازاں عدالت نے حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 25دسمبر تک ملتوی کردی۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی)نے کارروائی کے دوران حافظ گل بہادر گروپ کا ایک دہشتگرد ہلاک ایک کوگرفتار کرلیا،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق بنوں کے علاقے ڈومیل میں سی ٹی ڈی کی جانب انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، کارروائی میں حافظ گل بہادر گروپ کا ایک دہشتگرد ہلاک اوتر ایک کوگرفتار کرلیاگیا،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد گزشتہ روز پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھے۔ دہشتگرد چنددن قبل تھانہ خرم کرک اور پولیس چوکی پرحملے میں بھی ملوث تھے،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح ہونے والی ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ گیا ہے، بارش کی وجہ سے لاہور پر چھائی سموگ میں بھی کمی ہوئی ہے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 192ریکارڈ کی گئی ہے،دوسری جانب وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے،وادی نیلم میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سمیت زیریں علاقوں میں شدید بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، سیاحتی مقامات رتی گلی، اڑنگ کیل، تابٹ، لوات بالا میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں،ادھر بلوچستان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا، کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے آگیا۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ذاتی دلچسپی کے باعث لاہور کا چوتھا میگا منصوبہ اکبر چوک فلائی اوور بھی مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو گیا،اکبر چوک فلائی اوور کو 10ماہ کی بجائے 7ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا، کنٹریکٹ کے مطابق منصوبے کی مدت تکمیل 10ماہ مقررکی گئی، رواں سال ہونے والی شدید بارشوں کے باوجود منصوبے کو مدت تکمیل سے پہلے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا،اکبر چوک پر 1.1کلو میٹر کے 2فلائی اوورز اور 10پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنائے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں عام ٹریفک کے لیے بننے والے یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں، منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے،اکبر چوک، شوک چوک، جناح ہسپتال، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، کچا چیل روڈ، پیکو روڈ اور مادرملت سمیت 10مقامات پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بنائے گئے ہیں،قبل ازیں بیدیاں انڈرپاس، شاہدرہ فلائی اوورز اور کیولری انڈر پاس کو بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھولا جا چکا ہے،محسن نقوی نے کہا ہے کہ اکبر چوک فلائی اوور سے کالج روڈ، پیکو روڈ کے اطراف میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا، یومیہ تقریبا اڑھائی لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں آسانی ہو گی، کالج روڈ کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ منصوبے میں تبدیلی کر کے قیمتی درختوں کو بچایا گیا ہے اور ایک درخت بھی نہیں کاٹا گیا بلکہ 285درختوں کو محفوظ بنایا گیا ہے، منصوبے کے اطراف میں 300نئے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔
سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے بیٹے چودھری مونس الہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کارروائی شروع کر دی گئی،ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور عدالتی حکم پر مونس الہی کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے،مونس الہی سے متعلق مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے ہیں جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ مونس الہی کو جمعرات تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی گئی تھی لیکن وہ روپوش ہیں اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے،سپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کارروائی شروع کی ہے، ایف آئی اے نے چالان عدالت جمع کرا رکھا ہے۔
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف، یوسف گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری ودیگر کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 20دسمبرتک ملتوی کردی،توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی، نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح،ارشد تبریز، نیب پراسیکیوٹرعرفان بھولا اور سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے،نواز شریف کے پلیڈر رانا عرفان بھی عدالت میں پیش ہوکر شامل تفتیش ہوگئے ہیں، وکیل صفائی کاکہنا تھا کہ سوالات دے دیے گئے ہیں، سوالات کے جوابات بھی فراہم کردیے گئے ہیں، جواب جمع ہوگیا تفتیشی نے بتادیا،پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ مزید کارروائی ہوگی اس کیلئے تھوڑا وقت درکار ہے۔،وکیل صفائی قاضی مصباح نے عدالت میں کہا کہ نواز شریف شاملِ تفتیش ہو چکے، سوالنامہ مہیا کیا گیا تھا، 2019 میں نیب ریفرنس بنایا گیا تھا، اس وقت نواز شریف انتہائی علیل تھے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے گاڑی لینے کا کوئی مطالبہ نہیں تھا، کوئی دستاویز موجود نہیں کہ نوازشریف نے کوئی بھی گاڑی مانگی ہو، جس پر عدالت نے نیب سے استفسار کیاکہ کیا کریں اب اس پر، جس پرپراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی بیان دیکھیں گے اور پھر اس پر مزید کارروائی ہوگی۔،عدالت نے کیس پر سماعت 20 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
مصر میں چینی سفارتخانے کے منسٹر قونصلر لو چھون شینگ (بائیں ) مصری چینی یونیورسٹی (ای سی یو) کے وائس چیئرمین سوناتا محمد ابراہیم کے ساتھ کتابوں کے عطیہ بورڈ کی نقاب کشائی کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے مائیکل سپاور اور مائیکل کووریگ کی غیر قانونی حراست میں اسکے ملوث ہونے کے کینیڈین الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کینیڈا پر زور دیا کہ وہ رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور چین کو بدنام کرنے سے باز رہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے بدھ یہ ریمارکس روزانہ کی پریس بریفنگ میں میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں دئے۔ کینیڈا کے دی گلوب اینڈ میل کی رپورٹس کے مطابق، مائیکل اسپاور، جس پر چین میں جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے، نے کہا کہ اس نے مائیکل کووریگ کوعوامی جمہوریہ کوریا کے بارے میں حساس معلومات فراہم کیں، جو بعد میں کینیڈین حکومت کو منتقل کر دی گئیں اور یہ کہ اس کے فائیو آئیز اسپائی سروس کے پارٹنرز مائیکل سپاور سے ناواقف ہیں۔ جس کی وجہ سے چین میں دونوں افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ وانگ نے کہا کہ مائیکل کووریگ اور مائیکل سپاور پر چین کی قومی سلامتی کو خطرے سے دوچار کرنے کی مجرمانہ کارروائیوں کا شبہ تھا، اور چینی عدالتی حکام نے اس کیس کو قانون کے مطابق حل کیا ہے۔
شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی ڈزنی ریزورٹ میں دنیا کی پہلی زوٹوپیا لینڈ کاآزمائشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو 20 دسمبر سے عوام کے لیے کھولی جائے گی۔
نئے تھیم کی حامل لینڈ بدھ کو پہلی بار میڈیا کے لیے کھولی گئی ۔ یہ والٹ ڈزنی اینی میشن اسٹوڈیوز کی فلم "زوٹوپیا" پر مبنی ہے جو شنگھائی ڈزنی لینڈ میں آٹھویں تھیم والی لینڈ بن جائے گی۔ریزورٹ کے مطابق، زوٹوپیا لینڈ کی تعمیر دسمبر 2019 میں شروع کی گئی تھی ، اور اس میں بین الاقوامی ڈزنی انجینئرنگ ٹیم کے بہت سے جدید ترین اصل ڈیزائن کے تصورات شامل ہیں۔
بیجنگ(شِنہوا)چین کی رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں زرعی مصنوعات کی بیرونی تجارت میں مستحکم توسیع برقرار رہی۔ وزارت زراعت ودیہی امور کے اعداد و شمارکے مطابق، اس مدت کے دوران مصنوعات کی تجارت کا مجموعی حجم275ارب 75کروڑڈالر رہا، جوگزشتہ سال سے 1.2 فیصد زیادہ ہے۔ اس مدت کے دوران زرعی مصنوعات کی ملکی برآمدات گزشتہ سال سے 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ80ارب41کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.5 فیصداضافے کے ساتھ 195ارب 34کروڑڈالر تک پہنچ گئیں۔
اعداد و شمارکے مطابق زرعی پیداوار کے لیے چین کا غیر ملکی تجارتی خسارہ 114ارب93کروڑ ڈالررہا جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 2.4 فیصد زیادہ ہے۔
استنبول(شِنہوا) ترکی نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) سے مبینہ تعلق کے الزام میں بیرون ملک مقیم 20 تنظیموں اور 62 افراد کے مقامی اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
بدھ کوملک کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والی فہرست کے مطابق یہ تنظیمیں سویڈن، فرانس اور بیلجیم کے علاوہ عراق، شام، آسٹریلیا اور جاپان سمیت کئی یورپی ممالک میں مقیم ہیں۔ ترکی نے نیٹو میں سویڈن کی رکنیت کی توثیق کو روکتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ پی کے کے کے عسکریت پسندوں کے لیے بہت نرم رویہ اختیار کر رہا ہے جسے انقرہ اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔
شنگھائی(شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری،صدر شی جن پھنگ نے منگل سے بدھ تک ملک کے مشرقی شہر شنگھائی کا معائنہ جاتی دورہ کیا ہے۔
اپنے دورے کے دوران، شی نے شنگھائی فیوچر ایکسچینج، شنگھائی کی سائنس ٹیک ایجادات سے متعلق نمائش، اور حکومت کی طرف سے سبسڈی یافتہ کرایہ دار ہاؤسنگ کمیونٹی کا معائنہ کیا،صدر شی کو ایک بین الاقوامی مالیاتی مرکز کے طور پر مسابقت کو مضبوط بنانے،شہر کوسائنس ٹیک انوویشن کا مرکز بنانےکی کوششوں اورحکومت کی طرف سے سبسڈی والے رینٹل ہاؤسنگ پروجیکٹس کی تعمیر کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔
غزہ(شِنہوا) حماس اور اسرائیل کے درمیان موجود جنگ بندی میں توسیع کا اعلان آج کسی وقت متوقع ہے۔ معاملے سے باخبر ایک فلسطینی ذریعے نے بدھ کو شِنہوا کو بتایا کہ حماس نے قطری اور مصری ثالثوں کے لیے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے ناموں کے ساتھ ایک نئی فہرست تیار کی ہے جس کا مقصد جنگ بندی کو کم از کم دو دن تک بڑھانا ہے۔ ذرائع کے مطابق حماس نے ثالثوں کو جنگ بندی میں مزید دنوں کی توسیع کے لیے اپنی رضامندی سے بھی آگاہ کیا تاکہ وہ غزہ کی پٹی میں قید مزید یرغمالیوں کو رہا کر سکے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں بھی کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کی موجودہ میعاد جمعرات کو ختم ہونے کے بعد اس میں توسیع کے لیے ایک "ابتدائی" معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے مسئلہ فلسطین اسرائیل کے دو ریاستی حل کے لیے ایک روڈ میپ اور ٹائم ٹیبل طے کرنے کے لیے جلد از جلد ایک زیادہ مستند، جامع اور نتیجہ خیز امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیاہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ یی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین امن کانفرنس کے انعقاد کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے میں اقوام متحدہ کی حمایت کرتا ہے۔ وانگ نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازعہ عالمی توجہ کا مرکز ہے، اور اقوام متحدہ کا کردار اور اس کے اقدامات عالمی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر چین نے ہمیشہ امن ، انسانی ضمیر اور بین الاقوامی قانون کی طرف داری کی ہے۔ وانگ نے کہا کہ چین اس مسئلے سے نمٹنے میں منفرد اور ناگزیر کردار ادا کرنے میں اقوام متحدہ اور سیکرٹری جنرل کی حمایت کرتا ہے۔
بیجنگ(شِنہوا) چین کے لیے اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف) کے دفتر کے کمیونیکیشن اور ایڈووکیسی کے سربراہ اینڈریو براؤن نے کہا ہے کہ میڈیا بچوں کے حقوق کے تحفظ کو فروغ دینے میں اہم کردار اداکر رہاہے۔
شِنہوا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے، براؤن نے کہا کہ یونیسف دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کو فروغ دینے میں چینی کوششوں کے بارے میں مزید کہانیاں سنانے کے لیے چینی میڈیا کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیسف اور میڈیا بچوں کی کہانیاں سنانے میں مشترکہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ ذمہ داری بھی رکھتے ہیں۔ براؤن کے مطابق، حالیہ برسوں میں، یونیسف نے بچوں کے لیے پروگراموں کی رپورٹنگ کرنے کے لیے چین کے مختلف شعبوں کے لیے چینی میڈیا کے ساتھ مضبوط تعاون کیا ہے، جن میں بچوں کی تعلیم، صحت اور غذائیت کو بڑھانے کا پائلٹ پروگرام بھی شامل ہے۔
دارالسلام (شِنہوا) تنزانیہ کے وسطی علاقے سنگیڈا میں مسافر بس کی ٹرین کے انجن سے ٹکرکے نتیجہ میں کم از کم 13 مسافر ہلاک اور 25 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
سنگیڈا کے علاقائی پولیس کمانڈر سٹیلہ مطاحبیروا نے جائے حادثہ پر بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ 25 زخمی مسافروں میں سے زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بس میں 57 مسافر سوار تھے، جو دارالسلام سے موانزا جا رہی تھی۔ مطاحبیروا نے کہا کہ بس مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے ریلوے کراسنگ پر انجن سے ٹکرا گئی۔
ہانگ کانگ (شِنہوا) چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کا وفد ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) اور مکاؤ ایس اے آر حکومتوں کی دعوت پر ہانگ کانگ اور مکاؤ کے منگل سے اتوار تک چھ روزہ دورے پر ہے۔
چائنہ مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق سی ایم ایس اے کے ڈپٹی ڈائریکٹرلِن شی چھیانگ کی قیادت میں وفد کے ارکان میں چینی خلائی اسٹیشن کی تعمیر میں حصہ لینے والے خلا نورد شامل ہیں جن میں شینژو-12 کے خلاباز لیو بومنگ، شینژو-13 کے خلاباز وانگ یاپھنگ، شینژو -14 کے خلاباز چھین ڈونگ، شینژو -15 کے خلاباز ژانگ لو کے علاوہ انسان بردار خلائی انجینئرنگ سسٹمز کے متعلقہ شعبوں کے ماہرین بھی شامل ہیں۔
ایچ کے ایس اے آر کے چیف ایگزیکٹیو جان لی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انتظامات کے لیے مرکزی عوامی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
لی نے کہا کہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس نے ستاروں کی طرف پرواز کرنے کے چینی قوم کے ہزار سالہ خواب کو شرمندہ تعبیر کر کے تاریخ رقم کی ہے جس پر بطور چینی ہم سب کو بہت فخر ہے۔
تہران (شِنہوا) ایران کے نائب وزیر دفاع مہدی فراحی نے کہا ہے کہ ایران کو متعدد روسی فوجی طیاروں کی فراہمی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے ساتھ ایک انٹرویو میں، فراحی نے مسلح افواج کے لیے روسی سخوئی ایس یو-35 لڑاکا طیاروں، ایم آئی ایل ایم آئی-28 حملہ آور ہیلی کاپٹروں، اور یاک- 130جیٹ ٹرینرز کی آئندہ فراہمی کی تصدیق کی۔
فراحی نے کہا کہ ملک میں طیاروں کا داخلہ یقینی ہو گیا ہے اور انہیں وصول کرنے کا عمل جاری ہے
بیجنگ(شِنہوا) چین قانونی چارہ جوئی کی خدمات کے طریقہ کار میں رضاکار ماہرین کو شامل کررہا ہے تاکہ عوامی شکایات کو خطوط اور ملاقاتوں کی صورت میں حل کیا جا سکے۔
2014 سے اب تک چائنہ لاء سوسائٹی نے تقریباً 1ہزار500رضاکار ماہرین کو سپریم پیپلز کورٹ کے قانونی چارہ جوئی کی خدمت کے مرکز میں بھیجا ہے تاکہ خطوط اور وزٹ کی صورت میں شکایات کے 4ہزارسے زیادہ مقدمات کےحل میں مدد کی جا سکے۔
سفارش، درخواست اور منظوری پر مشتمل منتخب کرنے کے طریقہ کار سے گزرنے کے بعد، ماہرین فوجداری، دیوانی اور تجارتی سے لے کر دانشورانہ املاک اور قانون نافذ کرنے والے مختلف شعبوں میں خدمات فراہم کرنے کے اہل ہیں۔
چائنہ لاء سوسائٹی کے نائب سربراہ ژانگ سوجون نے کہا کہ اگلا مرحلہ قانونی مطالعہ اور عدالتی امور کے انضمام کو مسلسل فروغ دینا اور عدالتی خدمات میں فریق ثالث کی شرکت کے لیے طویل مدتی طریقہ کاروضع کرنا ہے۔
لاس اینجلس(شِنہوا) ایک نئی تحقیق کے مطابق ٹریفک کے رش کے اوقات میں بغیر فلٹر شدہ ہوا میں سانس لینے سے گاڑی میں رہتےہوئے اور 24 گھنٹے بعد تک لوگوں کے بلڈ پریشر میں نمایاں اضافہ رہتا ہے۔
واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین نے 22 سے 45 سال کی عمر کے صحتمند شرکاء کو ان کے بلڈ پریشر کی نگرانی کرتے ہوئے رش کے اوقات میں سیاٹل شہر کی ٹریفک میں ڈرائیو کرایا۔
غیر فلٹر شدہ ہوا کو دو کاروں میں داخل ہونے دیا گیا۔ جبکہ تیسری کار اعلیٰ معیار کے ایچ ای پی اے فلٹرز سے لیس تھی جس نے 86 فیصد ذرات کی آلودگی کو روک دیا۔
اینالز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق غیر فلٹر شدہ ہوا میں سانس لینے کے نتیجے میں فلٹر شدہ ہوا کے ساتھ ڈرائیوز کے مقابلے میں بلڈ پریشر 4.50 ایچ جی ایم ایم (ملی میٹرز مرکری) سے زیادہ بڑھا۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ اضافہ تیزی سے ہوا، تقریبا ایک گھنٹہ ڈرائیو میں انتہائی زیادہ اور کم از کم 24 گھنٹے تک مستحکم رہا۔
بیجنگ (شِنہوا) چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو (سی آئی ایس سی ای) بیجنگ میں شروع ہوگئی، جو دنیا میں صنعتی اور سپلائی چین تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے۔
چائنہ کونسل برائے فروغ بین الاقوامی تجارت(سی سی پی آئی ٹی) کے صدر رین ہونگ بِن نےافتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ ایکسپو "دنیا کی پہلی قومی نمائش ہے جس کی تھیم سپلائی چین پر ہے" یہ نمائش ایک نیا کھلا پلیٹ فارم ہے جسے چین نے عالمی کاروباری برادری کے لیے اس شعبے میں تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بنایا ہے۔
اس تقریب میں سرکاری محکموں، کاروباری برادریوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے 1,100 سے زائد نمائندے شرکت کررہے ہیں، جن میں ملکی اور غیر ملکی فرمیں شامل ہیں جن کے کاروباری دائرہ کار سمارٹ کاروں، ماحول دوست زراعت، صاف توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لے کر صحت اور طرز زندگی کے شعبوں تک ہیں۔
اقوام متحدہ کی تجارت و ترقی کانفرنس( یو این سی ٹی اے ڈی) کی سکریٹری جنرل ریبیکا گرینسپین نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج کا ایونٹ اس اختراعی طریقے کی وجہ سے اہم ہے جس میں سپلائی چین کی کمپنیاں شریک ہیں جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پوری چین کے ادارے -- اپ اسٹریم، مڈ اسٹریم اور ڈاون اسٹریم کے ساتھ مل کر کام کریں۔
اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے نئے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن میں ساحلی سیلاب کے خطرات میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران، سطح سمندر میں اضافے نے پہلے ہی ساحلی علاقوں میں 1کروڑ40لاکھ لوگوں کے لیے سیلاب کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔ یہ خطرہ 2100 تک تقریباً پانچ گنا بڑھنے کی توقع ہے، جس سے تقریباً 7کروڑ30لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔
یو این ڈی پی نے کلائمیٹ امپیکٹ لیب (سی آئی ایل) کے تعاون سے ہیومن کلائمیٹ ہورائزنز پلیٹ فارم کے ذریعے اس ڈیٹا کا اجراکیا۔
یہ ڈیٹا سیلاب کی حساسیت کی تفصیلی نقشہ سازی فراہم کرتا ہے، ان علاقوں کو نمایاں کرتا ہے جہاں سطح سمندر میں اضافے کی وجہ سے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ صدی کے آخر تک ساحلی شہروں میں سیلاب کے خطرے سے دوگنا اضافہ ہو جائے گا۔
خاص طور پر، لاطینی امریکہ، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا کے خطوں کو مستقل سیلاب کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔ اس کے انسانی ترقی پر ڈرامائی مضمرات ہو سکتے ہیں، مختلف چھوٹے جزیرے کے ترقی پذیر ممالک میں نشیبی علاقوں کو خاص خطرہ ہے۔
ٹوکیو (شِنہوا) امریکی اوسپرے فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ بدھ کو جاپان میں کاگوشیما پریفیکچر کے جنوب مغربی جزیرے یاکوشیما کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں آٹھ افراد سوار تھے۔
سرکای نشریاتی ادارے این ایچ کے نے مقامی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کوسٹ گارڈ کومقامی وقت سہ پہر2 بج کر47 منٹ پرحادثے کے بارے میں ہنگامی کال موصول ہوئی۔اوسپرے فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ یاماگوچی پریفیکچر میں اواکونی کے امریکی اڈے سے اوکی ناوا میں کادینابیس کی طرف روانہ ہوا تھا۔
وزارت دفاع کے مطابق طیارہ سہ پہر 2 بج کر 40 منٹ پر ریڈار سے غائب ہو گیا۔
جاپانی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کازو اوگاوا نے کہا کہ کوسٹ گارڈ نے تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے گشتی کشتیاں اور ہوائی جہاز جائے وقوعہ پر روانہ کر دیے ہیں لیکن اس کے پاس حادثے کی مزید تفصیلات نہیں ہیں۔
بیجنگ(شِنہوا) بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی ( آئی سی آر سی) کے مشرقی ایشیا کے علاقائی وفد کے کمیونیکیشن کے سربراہ نجم اقبال نے کہا ہے کہ چینی میڈیا نے بین الاقوامی سطح پر انسانی ہمدردی کے کاز کی ترقی اور انسانی قوانین کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شِنہوا کو ایک خصوصی انٹرویو میں نجم اقبال نے کہا کہ آئی سی آر سی کو چینی میڈیا کے ساتھ قریبی تعاون کی توقع ہے تاکہ عالمی امن، ترقی اور پیشرفت میں مشترکہ طور پر تعاون کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی تنازعات کا شکار ممالک اور خطوں میں کام کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کوریج اس بات پر اثر انداز ہو سکتی ہے کہ عالمی رہنما انسانی بحرانوں پر کتنی توجہ دیتے ہیں اور کتنی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آواز اہم ہے، اور میڈیا یقینی طور پر اہم ذمہ داریاں ادا کرتا ہے۔
آئی سی آر سی اور چینی میڈیا کے درمیان گزشتہ برسوں کے دوران وسیع تعاون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی امور کی رپورٹنگ میں چینی میڈیا کی دلچسپی اور خواہش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اقبال نے کہا کہ چینی میڈیا جس کے سامعین نہ صرف1ارب40کروڑ سے زیادہ چینی باشندے ہیں، بلکہ اس کے غیر ملکی زبانوں کی خدمات کے عالمی سامعین بھی ہیں،اس کی خبروں کی رپورٹنگ مسلح تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے بارے میں سامعین کی بیداری اور علم میں اضافہ اور بحران میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے مزید مدد اور ہمدردی کی درخواست کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔
حالیہ برسوں میں آئی سی آر سی اور شِنہوا کے درمیان تعاون میں اضافے کے حوالے سے اقبال نے کہا کہ وہ شِنہوا کی خبری رپورٹنگ کے معیار سے بہت متاثر ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ شِنہوا جیسے عالمی اثر و رسوخ کے حامل مزید ذرائع ابلاغ انسانی ہمدردی کی کوششوں کی ترقی کے لیے خبری رپورٹنگ میں شامل ہو ں گے۔
ایران ، تہران میں جامعہ تہران کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی چینی ڈائریکٹر لی می (بائیں) چینی ثقافتی ہفتے کے دوران طلباء میں چینی چائے ثقافت متعارف کرارہی ہیں۔ (شِںہوا)
بیجنگ (شِںہوا) چین غیر ملکی مسافروں کو آسان آن لائن ٹکٹ کی خریداری اور سیلف سروس چیک ان سمیت زیادہ آسان ریلوے خدمات فراہم کرے گا۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین نے جمعے سے غیر ملکی مستقل رہائشی شناختی کارڈ کا نیا ورژن جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق نئے کارڈ کے حامل افراد چینی شہریوں کی طرح سیلف سروس اور آن لائن خدمات سے مستفید ہوسکیں گے۔
اس کے علاوہ ریلوے حکام نے غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والوں کی شناخت کے لئے ایک آن لائن خدمت بھی شروع کی ہے۔
اس سے قبل چین کی سرکاری ریلوے ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ سے ٹکٹ خریدنے والے غیرملکی مسافروں کو شناختیٓ معلومات کی تصدیق کے لیے اپنا پاسپورٹ ریلوے اسٹیشن کے کاؤنٹرز پر دکھانا پڑتا تھا۔
بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ کے ترجمان نے کہا کہ تائیوان کے سیاست دان سیاؤ بی کیم کا مین لینڈ کے ساتھ مذاکرات بارے کہنا محض ووٹ حاصل کرنے کی ایک چال ہے۔
ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا نے یہ بات تائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (ڈی پی پی) کے سیاست دان کے ایک بیان کے ردعمل میں کہی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ تائیوان کا امن برقرار رکھنے کے لئے مین لینڈ کے ساتھ جنگ کا نہیں بلکہ رابطہ کا آپشن موجود ہے۔
چھن نے کہا کہ 1992 کے اتفاق رائے کو تسلیم کرنے سے انکار اور "تائیوان آزادی" کے مؤقف پر سختی سے عمل پیرا ہونے کا پس منظر رکھنے والے سیاؤ کی امن برقرار رکھنے پر آبنائے پار رابطے اورمذاکرات سے متعلق بات محض دھوکہ دہی سے ووٹ حاصل کرنے اور "تائیوان کی آزادی" کی نوعیت اور نقصان کو چھپانے کی کوشش ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ 1992 کا اتفاق رائے آبنائے پار مذاکرات اور ثالثی کی مشترکہ سیاسی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہاکہ تائیوان کے کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ کی ہمارے ساتھ بات چیت کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہےتاہم اس کے لئے 1992 کے اتفاق رائے کی سیاسی بنیاد کو برقرار رکھنا ہوگا۔
مکاؤ (شِںہوا) چین کے مکاؤ خصوصی انتظامی خطے (ایس اے آر) میں "مکاؤ سائنس 1" خلائی تحقیقاتی سیٹلائٹ کو باضابطہ طور پر زیراستعمال لانے کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
مین لینڈ اور مکاؤ کے مشترکہ طور پر تیار کردہ اس پہلے سیٹلائٹس "مکاؤ سائنس 1" سے توقع کی جارہی ہے وہ ملک کی خلائی مقناطیسی میدان کی کھوج کی ٹیکنالوجز کو نمایاں طریقے سے بہتر بنائے گا۔
چائنہ قومی خلائی انتظامیہ کے چیف انجینئر لی گوپھنگ نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ مکاؤ کے پہلے سائنسی و تکنیکی تجرباتی اور دنیا کے بھی پہلے ایکسپلوریشن سیٹلائٹس ہیں جو جنوبی بحر اوقیانوس کے علاقے میں زمینی مقناطیسی میدان اور خلائی ماحول کی نگرانی کررہے ہیں۔
چین ، جنوبی مکاؤ میں چائنہ قومی خلائی انتظامیہ کے چیف انجینئر لی گوپھنگ تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ (شِںہوا)
لی نے مزید کہاکہ سیٹلائٹس مکاؤ کی سائنسی و تکنیکی اختراع کو فروغ ، مکاؤ کے معاشی و سماجی ترقی کا ماڈل تبدیل کرنے میں مدد ، مین لینڈ اور مکاؤ کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون میں نئی بنیادیں فراہم اور گوانگ ڈونگ- ہانگ کانگ- مکاؤ گریٹر بے ایریا میں سائنسی و تکنیکی ترقی میں نئی مثالیں قائم کریں گے۔
اس مشن میں اے + بی مشترکہ مشاہدے شامل ہیں جس میں سیٹلائٹ اے زمین کے مقناطیسی میدان کا پتہ لگانے کے لئے ہائی پریسیشن ویکٹر میگنیٹومیٹر اور معیاری پیمانے پر میگنیٹومیٹر جیسے پے لوڈ لے جاسکتا ہے۔
سیٹلائٹ بی میں خلائی ماحول بارے اعداد و شمار جمع کرنے کے لئے ہائی انرجی پارٹیکل ڈیٹیکٹرز اور شمسی ایکس رے میں شمسی تابکاری اور اعلیٰ توانائی ذرات جیسے آلات موجود ہیں جو زمینی مقناطیسی میدان کی کھوج کے اختتام تک خدمت انجام دیتے ہیں۔
یہ سیٹلائٹ رواں سال مئی میں چین کے شمال مغربی جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ مرکز سے خلا میں بھیجے گئے تھے۔ جس کے بعد مدار میں اگلے کئی ماہ اس کی جانچ کی گئی۔
نیویارک (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور برازیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئے اتفاق رائے کی کوشش ، اسرائیل ۔ فلسطین جامع اور دیرپا جنگ بندی ، قیدیوں کی رہائی اور فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے بنیادی حل کے لئے 2 ریاستی حل پر زور دینا چاہئے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے یہ بات اپنے برازیلی ہم منصب ماؤرو ویرا کے ساتھ بات چیت میں کہی۔
اس موقع پر ویرا نے کہا کہ برازیل اس بارے چین کے موقف سے اتفاق کرتا ہے اس لئے عارضی جنگ بندی کو پہلے بڑھانا اور پھر فلسطین ۔ اسرائیل پرامن بقائے باہمی کو 2 ریاستی حل کے ذریعے حاصل کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ برازیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو نئے اقدامات کرنے اور متفقہ اور واضح آواز اٹھانے کے لئے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) چین معذور افراد کے لئے ملک بھر میں بحالی خدمت مراکز کا نیٹ ورک قائم کرے گا جس کا مقصد آبادی کے اس طبقے کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔
چائنہ ڈس ایبلڈ پرسنز فیڈریشن کے جاری کردہ اس منصوبے کے تحت 2024 میں ہر صوبائی سطح کے علاقے میں معذور افراد کی ہر درجہ بندی کے لیے کم از کم ایک خدمت مرکز کا قیام لازم ہوگا۔
اس اقدام کو 2025 میں مزید وسعت دی جائے گی جس کے تحت ملک بھر میں مزید بحالی خدمات مراکز قائم کئے جائیں گے۔
منصوبے میں کہا گیا ہے کہ خدمت مراکز مختلف اقسام کی مدد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کریں گےجس میں بحالی کی تعلیم اور ہنرمند تربیت کے ساتھ ساتھ بصری ، سمعی ، جسمانی ، فکری اور ذہنی معذوری والے افراد کو نفسیاتی مشاورت کی فراہمی بھی شامل ہے۔
اس مںصوبے میں واضح کیا گیا ہے کہ مراکز ایسے افراد کو بھرتی کرے گا جو باقاعدگی سے خدمات حاصل کرنے کے خواہش مند ہوں اس علاوہ مراکز سے خدمات حاصل کرنے والوں کو گھر پر بحالی اور دیکھ بھال جیسی فالو اپ خدمات میں رہنمائی اور مدد دی جائے گی۔
منصوبے کے مطابق یہ اقدامات معذور افراد میں اعتماد اور آزادی کا جذبہ بیدار کرنے میں ساز گار ہوگا۔
لاس اینجلس (شِںہوا) کولمبیا یونیورسٹی میلمین اسکول آف پبلک ہیلتھ کی جاری کردہ ایک نئی تحقیق کے مطابق تجارتی طور پر بیمہ شدہ بچوں کے لیے ناکافی صحت کوریج ایک بڑا مسئلہ ہے۔
جے اے ایم اے ہیلتھ فورم میں شائع شدہ اس تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کوریج میں کمی سرکاری طور بیمہ شدہ بچوں کو بھی متاثر کررہی ہے۔
محقیقین نے امریکی قومی سروے برائے صحت اطفال 2021-2016 کے اعدادوشمار کو استعمال کرتے ہوئے صفر سے 17 برس کی عمر کے بچوں کے صحت بیمہ ڈیٹا کی بنیاد پر والدین یا سرپرستوں کی رپورٹ کردہ معلومات کا تجزیہ کیا اور نوول کرونا وائرس کے دوران رونما تبدیلیوں کا موازنہ کیا جس میں ہرقسم کے بیمہ میں متضاد اور ناکافی کوریج کی نشاندہی ہوئی۔
تحقیق کے مطابق امریکہ میں ہر 5 میں سے ایک بچے کے پاس ناکافی صحت بیمہ ہے تجارتی بیمہ والے بچوں میں ناکافی کوریج اس سے زائد ہے۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے لئے جیب سے زیادہ اخراجات میں کمی کے لئے تجارتی طور پر بیمہ شدہ خاندانوں پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اس کے ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ فوائد بچوں کی ضروریات پورا کرنے کے لئے کافی ہوں۔
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سمندر میں فوکوشیما جوہری آلودہ پانی کے اخراج سے پیدا شدہ ناقابل تلافی نتائج سے بچنے کے لئے جاپان کو شراکت داروں کے ساتھ مکمل اور مخلصانہ مشاورت کرنا اور جلد از جلد طویل مدتی نگرانی کا انتظام کرنا چاہیے۔
ترجمان وانگ وین بن نے یہ بات یومیہ پریس بریفنگ کے دوران ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی ۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے حال ہی میں سمندر میں اخراج سے ہونے والے نقصانات کی نشاندہی اور مقامی متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی شروع کردی ہے کیونکہ جاپانی حکومت کی جانب سے فوکوشیما جوہری آلودہ پانی کے اخراج کا عمل تیسرے مہینے میں داخل ہوچکا ہے۔
وانگ نے کہاکہ جاپان کے فوکوشیما جوہری آلودہ پانی کا سمندر میں اخراج تمام انسانیت کی صحت، عالمی سمندری ماحول اور بین الاقوامی عوامی مفاد پراثر انداز ہورہا ہے۔
وانگ نے مزید کہا کہ جاپان ان داخلی اور بین الاقوامی خدشات پر سنجیدگی اختیار کرے خاص طور پر ہمسایہ ممالک کے مضبوط خدشات دور کرنے کے لئےشراکت داروں کے ساتھ ذمہ دارانہ اور تعمیری رویہ سے بات چیت کرے اور شراکت داروں کے نقصان کی نشاندہی اور معاوضے کے جائز مطالبے کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرے۔
وانگ نے فوکوشیما کا جوہری آلودہ پانی سمندر میں پھینکنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی فریق کو شرکت داروں خاص طور پر اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مکمل اور مخلصانہ مشاورت کرنا اور جلد از جلد ایک طویل مدتی نگرانی کا انتظام کرنا چاہیے جو جامع، مؤثر اور آزادانہ انداز سے کام کرے اور اس میں تمام شراکت داروں کو شامل کیا جائے تاکہ سمندر میں اخراج سے پیدا شدہ ناقابل تلافی نتائج سے بچا جا سکے۔
بیجنگ (شِںہوا) چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے صنعتی و سپلائی چین پر عالمی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے یہ بات پہلی چائنہ بین الاقوامی سپلائی چین نمائش اور عالمی سپلائی چین اختراع و ترقی فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔
چینی وزیراعظم لی نے کہا کہ چائنہ بین الاقوامی سپلائی چین نمائش دنیا کی پہلی قومی سطح کی سپلائی چین نمائش ہے اور عالمی صنعتی و سپلائی چین میں لچک اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے عالمی اقتصادی ترقی کے فروغ کی ایک اہم ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فریقوں کے درمیان رابطے مضبوط بنانے ، تعاون گہرا کرنے اور مشترکہ ترقی کی تلاش میں ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم قائم کرنے کے لئے اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ اور زمینی حقائق دونوں نے ثابت کیا ہے کہ جب تک عالمی صنعتی اور رسد چین پر تعاون مستحکم اور گہرا رہے گا تو پوری دنیا کو فائدہ ہوتا رہے گا بصورت دیگر جب چین میں رکاوٹ اور جمود پیدا ہوگا تو دنیا کو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین عالمی صنعتی اور رسد چین کو زیادہ لچکدار، مؤثر اور متحرک بنانے اور عالمی اقتصادی بحالی، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔
چینی وزیراعظم لی نے اس موقع پر صنعتی اور سپلائی چین پر بین الاقوامی تعاون وسیع کرنے کے لئے 4 تجاویز بھی پیش کیں۔
ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ 2023 میں شرکت کے لیے پاکستان کی 11 رکنی سکریبل ٹیم کراچی سے تھائی لینڈ روانہ ہوگئی،میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم میں 9لڑکے اور 2لڑکیاں شامل ہیں جس میں علی سلمان اعزاز کا دفاع کریں گے،ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عفان سلمان، مونس خان، احزام احمد، بلال اشعر، احمد سلمان، مصباح الرحمن، سیحان اویس اور شان عباس شامل ہیں جبکہ لڑکیوں میں حاورہ فاطمہ اور منال اشعر شامل ہیں،ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ یکم سے تین دسمبر تک تھائی لینڈ میں کھیلی جارہی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ کے لیے پرتھ میں ڈراپ ان پچز کا کام مکمل ہوگیا،ان 5ڈراپ ان پچز پر بھی واکا گرائونڈ والی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا، ایک ڈراپ ان پچ کا وزن 25ٹن کے قریب ہے اور اس کی تنصیب میں دو دن لگے ہیں،دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14سے 18دسمبر تک کھیلا جائے گا،پرتھ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کو ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے،تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26سے 30دسمبر میلبرن کرکٹ گرائونڈ جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3سے 7جنوری تک سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔