بیجنگ (شِنہوا) چین میں مرکز کے زیرانتظام سرکاری کاروباری اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ توانائی کی فراہمی محفوظ بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں ۔
ریاستی ملکیتی اثاثوں کی نگرانی اور ریاستی کو نسل کے انتظا می کمیشن نے توانائی پیدا کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ توانائی فراہم کرنے کی اپنی پوری کوشش کریں۔اس دوران کوئلے کے کاروباری اداروں کو تھرمل کوئلے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہرممکن کوشش کرنی چا ہئے۔
کمیشن نے پاور گرڈ کمپنیوں کو توانائی کی گھریلو کھپت اور پیداوار کی حفاظت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
چین میں مرکز کے زیر انتظام کاروباری اداروں کو توانائی منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری ، سائنس اور ٹیکنالوجی میں اختراع سمیت اقدامات سے بجلی کی فراہمی کا طویل مدتی میکانزم بہتر بنانا چاہئے۔
چین میں جون سے ملک کے کئی حصوں میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود اختیار خطے میں نئی توانائی کی نصب شدہ صلاحیت رواں سال کی پہلی ششماہی میں 70 لاکھ 20 ہزار کلو واٹس تک پہنچ گئی جو 2022 کی اسی مدت سے 10.5 گنا اضافہ اور تا ریخی بلند سطح ہے۔
اسٹیٹ گرڈ سنکیانگ الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ کے مطابق ہوا سے بجلی کی نصب شدہ صلاحیت 36 لاکھ 40 ہزار کلو واٹس جبکہ شمشی توانائی کی صلاحیت 33 لاکھ 80 ہزار کلو واٹس تھی۔
جون کے اختتام تک سنکیانگ میں نئی توانائی کی کل نصب شدہ صلاحیت 4 کروڑ 89 لاکھ 60 ہزار کلوواٹس ہوچکی تھی جو اس کی کل نصب شدہ صلاحیت کا 40 فیصد زائد ہے۔
چین بجلی پیدا کرنے کے لئے کوئلے پر انحصار کم کرکے اسے قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنے میں بڑی پیشرفت کررہا ہے جو ملک کے "دوہرے کاربن" اہداف کے حصول اور عالمی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے مفید ہے۔
ہوا اور شمسی توانائی کے وسائل سے مالا مال سنکیانگ نئی توانائی میں ترقی کے اعتبار سے ملک میں صف اول کے خطوں میں سے ایک ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) چین میں شماریاتی حکام کی زیر نگرانی اہم اشیاء میں سے نصف کی قیمتوں میں جون کے وسط کی نسبت جون کے اختتام پر کمی ہوئی۔
قومی ادارہ شماریات کے مطابق 50 اہم اشیاء میں سے 25 کے نرخ کم ہوئے، 19 میں اضافہ ہوا جبکہ 6 کی قیمتوں میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوئی۔
ان اشیاء میں سیم لیس اسٹیل ٹیوب ، ایندھن، کوئلہ ، کھاد اور کچھ کیمیکلز شامل ہیں جنہیں 9 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
جون کے وسط کی نسبت جون کے اختتام پر خاص طور پر مائع قدرتی گیس کی قیمت میں 4.3 فیصد اور مکئی میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق اسی مدت میں مائع پیٹرولیم گیس کی قیمت 0.5 فیصد کم ہوگئی۔
یہ اعدادوشمار ملک بھر میں 31 صوبائی سطح کے علاقوں میں تقریباً 2 ہزار تھوک فروش اور تقسیم کنندگان سے سروے کی بنیاد پر مرتب کرکے ہر دسویں روز جاری کئے جاتے ہیں۔
چھانگ شا (شِنہوا)چین کےصوبہ ہونان کے شہر یویانگ میں واقع چھنگ لنگجی بندرگاہ سے 564 کاروں اور کچھ آٹو پارٹس پر مشتمل برآمدات کو لےجانے والا ایک بحری جہاز روسی بندرگاہ ولادی ووستوک کے لئے روانہ ہو گیا۔
نیا روٹ سامان کی درآمدات و برآمدات کے لئے صوبے کا دوسرا براہ راست شپنگ روٹ بھی ہے۔ شنگھائی بندرگاہ پر منتقلی کے دوران گزشتہ سفر کے مقابلے میں بیرون ملک سفر میں تقریباً 10 دن لگتے ہیں جبکہ واپسی کے سفر میں 12 دن لگتے ہیں جس سے ہر سفر کی لاگت میں تقریباً 5 دن اور 40 فیصد کی بچت ہوتی ہے۔
درآمدات و برآمدات کی وافر طلب کے ساتھ ، نئی شپنگ سروس سے توقع ہے کہ سالانہ 50 ہزار ٹن کارگو نقل وحمل ہو گی جبکہ بیلٹ اینڈ روڈ کے ممالک کے ساتھ ہونان کے معاشی و تجارتی تبادلوں کو مزید فروغ ملے گا۔
بیجنگ (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے بیجنگ میں تہذیبوں کے مابین تبادلوں اور باہمی سیکھنے کے بارے میں تیسرے مکالمے اور سائنولوجسٹس کی پہلی عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
چین کے صدر شی جن پھنگ نے مذاکرات کے لیے مبارکباد کا خط بھیجا جسے اس موقع پر پڑھ کر سنایا گیا۔
ہان نے کہا کہ شی جن پھنگ کا خط اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ چینی جماعت اور حکومت تہذیبوں کے مابین تبادلوں اور باہمی سیکھنے کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
ہان نے کہا کہ چین کی جانب سے تجویز کردہ گلوبل سولائزیشن اینی شیٹو تہذیبوں کے درمیان تبادلوں اور ترقی کے قانون کو ظاہر کرتا ہے اور انسانی معاشرے میں تعاون کے نئے امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اور اہم عوامی بھلائی ہے جو چین نے گلوبل ڈیویلپمنٹ اینی شیٹو اور گلوبل سیکورٹی اینی شیٹو کی پیروی کرتے ہوئے نئے دور میں بین الاقوامی برادری کو فراہم کی ہے ۔یہ انسانی تہذیب کی ترقی کو فروغ دینے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کے لئے چین کی مخلصانہ خواہش کو ظاہر کرتی ہے۔
ہان نے زور دے کر کہا کہ انسانی تہذیبوں کے تنوع کا احترام کرنا ، ان کی مماثلت کو تلاش کرنا ، تہذیب کی ترقی کی جدت کو برقرار رکھنا اور انسانی تہذیب کی شمولیت کو فروغ دینا ضروری ہے۔
لاہور (شِنہوا) وزیر توانائی خرم دستگیر خان نےکہا ہے کہ 10 سال قبل چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے تعلقات گہری اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو گئے تھے۔
انہوں نے سی پیک کے تحت ±660 کے وی مٹیاری لاہور ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) ٹرانسمیشن منصوبے کے ایک ہزار دن کے لئے محفوظ آپریشن کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک چینی حکومت اورچینی عوام کی جانب سے پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کے لئے ایک گہرا عزم ہے۔
سی پیک کی دسویں سالگرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک دہائی قبل باقاعدگی سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کی ایک شدید لہر کے ساتھ توانائی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے اس کا کوئی بھی بین الاقوامی شراکت دار اس کی حمایت کے لئے فعال طور پر سامنے آنے کو تیار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔یہ مشکل وقت ہے جو آپ کو اپنے حقیقی دوستوں کو پہچاننے کا موقع دیتا ہے۔
مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے شمالی پہاڑوں سے بجلی کے منصوبوں کو جنوبی حصوں تک جوڑنے والا 886 کلومیٹر طویل نیٹ ورک دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے گہرے بندھن کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں چینی سفارت خانے میں تجارتی امور کے قونصلر لی یونگ نے کہا کہ سی پیک کے تحت بجلی کی ترسیل کا واحد منصوبہ پہلے ہی تقریباً 27 ارب کلو واٹ گھنٹے (کلوواٹ آورز) بجلی فراہم کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے پر مکمل عملدرآمد کے لیے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملکر کام کرنے، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ اور اسے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے اعلیٰ معیار کے نمونہ منصوبے میں تبدیل کرنے کو تیار ہے۔
لاہور (شِنہوا) وزیر توانائی خرم دستگیر خان نےکہا ہے کہ 10 سال قبل چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے تعلقات گہری اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو گئے تھے۔
انہوں نے سی پیک کے تحت ±660 کے وی مٹیاری لاہور ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) ٹرانسمیشن منصوبے کے ایک ہزار دن کے لئے محفوظ آپریشن کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک چینی حکومت اورچینی عوام کی جانب سے پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کے لئے ایک گہرا عزم ہے۔
سی پیک کی دسویں سالگرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک دہائی قبل باقاعدگی سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کی ایک شدید لہر کے ساتھ توانائی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے اس کا کوئی بھی بین الاقوامی شراکت دار اس کی حمایت کے لئے فعال طور پر سامنے آنے کو تیار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔یہ مشکل وقت ہے جو آپ کو اپنے حقیقی دوستوں کو پہچاننے کا موقع دیتا ہے۔
مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے شمالی پہاڑوں سے بجلی کے منصوبوں کو جنوبی حصوں تک جوڑنے والا 886 کلومیٹر طویل نیٹ ورک دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے گہرے بندھن کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں چینی سفارت خانے میں تجارتی امور کے قونصلر لی یونگ نے کہا کہ سی پیک کے تحت بجلی کی ترسیل کا واحد منصوبہ پہلے ہی تقریباً 27 ارب کلو واٹ گھنٹے (کلوواٹ آورز) بجلی فراہم کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے پر مکمل عملدرآمد کے لیے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملکر کام کرنے، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ اور اسے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے اعلیٰ معیار کے نمونہ منصوبے میں تبدیل کرنے کو تیار ہے۔
ڈھاکہ (شِنہوا) بنگلہ دیش میں چینی سفارت خانہ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں چینی کاروباری اداروں نے اب تک تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں جس سے مقامی لوگوں کے روزگار میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
بنگلہ دیش میں جاری کردہ چینی کاروباری اداروں کی سماجی ذمہ داری رپورٹ کے مطابق بجلی اور توانائی کے شعبے میں 27 چینی منصوبے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ بنگلہ دیش کا انرجی مکس متنوع رہے۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں چینی کمپنیز کی جانب سے تعمیر کردہ 12 شاہراہیں، 21 پل اور 7 ریلوے لائنز بھی شامل ہیں۔
چین ۔ بنگلہ دیش شراکت داری، مضبوط کمیونٹیز کی تعمیر کے عنوان سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی کاروباری اداروں نے سیوریج ٹریٹمنٹ، ریور ٹریننگ، سطح کے پانی کی ٹریٹمنٹ اور کیمپس کی ترقی جیسے مختلف منصوبوں میں بھی حصہ لیاجس سے سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے میں نمایاں مدد ملی۔
رپورٹ کے اجراکی تقریب میں بنگلہ دیش میں چین کے سفیر یاؤ وین اوربنگلہ دیشی وزیر تجارت ٹیپو منشی سمیت 100 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔
منشی نے بنگلہ دیش کی ترقی میں چینی کاروباری اداروں کے اہم کردار اور بنگلہ دیش کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، خاص طور پر روزگار کے متعدد مواقع کی فراہمی میں چین کی حمایت کی تعریف کی۔
یاؤ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو سے متاثر ہو کر بنگلہ دیش میں چینی کاروباری اداروں نے گلوبل ڈیویلپمنٹ اینی شیٹو پر عمل درآمد کیا ہے اور اپنے بنگلہ دیشی ہم منصبوں کے ساتھ اپنے تجربات اور کامیابیوں کا تبادلہ کیا ہے تاکہ بنگلہ دیش کو اس کی ترقی کے امکانات سے فائدہ اٹھانے میں مدد مل سکے۔
فرانس میں پولیس کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو کیا گیا، زیر زمین پارکنگ میں آگ بجھاتے ہوئے 24سال کا فائر فائٹر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مظاہروں میں شریک مزید 157افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیرس میں فرانسیسی پولیس نے ایک کار سوار نوجوان کو سینے میں گولی مار دی تھی جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرنے والے 17سالہ فرانسیسی الجزائری نوجوان کی شناخت ناحیل کے نام سے ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مغربی ممالک کے فوجی اتحاد نیٹو نے روس کے خلاف اپنے نئے فوجی منصوبے تیار کرنا شروع کردیے ہیں۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹو کے ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فوجی کمیٹی کے سربراہ ایڈمرل راب بویر کا کہنا تھا کہ اگرچہ روس کی زمینی افواج کا بڑا حصہ یوکرین میں لڑ رہا ہے لیکن اس کی افواج اب بھی ہمارے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ روس دوبارہ نئے سرے سے خود کو تشکیل دینے جا رہا ہے اور اسی لیے نیٹو کے منصوبے روسی فوج کی موجودہ حیثیت کو دیکھتے ہوئے نہیں بلکہ یوکرین حملے سے پہلے اس کی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری صلاحیتوں کے علاوہ ہم روس کو سمندروں، فضاں اور خلا میں ایک سنگین خطرہ کے طور پر دیکھتے رہیں گے کیونکہ اس کی افواج بہت قابل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے جانے والی آبدوز کے مسافر آخری لمحات میں گہرے سمندرمیں موسیقی سنتے رہے، امریکی اخبار نے ٹائٹن کے مسافروں کے آخر ی لمحات کے متعلق رپورٹ شائع کر دی۔ رپورٹ کے مطابق آبدوز کے مسافروں کو سفر سے ایک روز قبل ہلکی غذا کھانے اور کافی نہ پینے کی ہدایات کی گئیں، سردی اور نمی سے بچنے کیلئے گرم ٹوپی اور موٹی جرابین پہننے کا کہا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سفر سے لطف اندوز ہونے کیلئے مسافروں کو بلوٹوتھ سپیکر پر چلانے کیلئے اپنے پسندیدہ گانے اپنے فون پر لوڈ کرنے کو بھی کہا گیا۔ امریکی اخبار نے خوفناک حادثے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی باپ بیٹے کی سفر سے قبل لی گئی تصویر بھی جاری کر دی ، شہزادہ داد اور سلیمان لائف جیکٹ پہنے اور دیگر حفاظتی اقدامات کئے ہوئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن کالعدم دہشت گرد گروپوں کو پناہ نہ دینے کا اعلان کرے۔ ترک صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں 2016کی بغاوت کے ذمہ داروں کو سویڈن نے پناہ دی ہوئی ہے، سویڈن کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے حامیوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی، ہم نے جو کہا ہے کریں گے، سویڈن بھی اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔ طیب اردوان کا مزید کہنا ہے کہ ترکیہ سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت ختم نہیں کرے گا۔ خبر ایجنسی کے مطابق سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی نے ترکیہ کو مزید مشتعل کر دیا، آئندہ ہفتے ہونے والے مذاکرات میں ترکیہ اپنا موقف واضح کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکا میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں 4افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی میڈیا نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ریاست فلاڈلفیا میں پیر کی شام کو پیش آیا۔ فائرنگ سے 2بچے بھی زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 2اور 13سال ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے افراد 20سے 59سال کے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر کے رائفل، بلٹ پروف جیکٹ اور گولیاں برآمد کرلیں۔ فائرنگ کے مقام سے ایک اور مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ رواں سال امریکا میں فائرنگ کے 339واقعات پیش آئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
افغانستان میں طالبان حکومت نے بیوٹی پارلرز پر پابندی عائد کردی گئی۔ طالبان حکومت کے محکمہ اخلاقیات کے ترجمان محمد عاکف نے افغان ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ طالبان رہنما کی جانب سے جاری زبانی احکامات کے بعد کابل سمیت مختلف صوبوں میں بیوٹی پارلرز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ احکامات کے تحت کابل میونسپلٹی میں قائم تمام بیوٹی پارلرز کے لائسنس بھی منسوخ کردئیے گئے۔ اس سے قبل طالبان خواتین اورلڑکیوں کے تعلیمی اداروں ، پارکس، سینما اور دیگر تفریحی مقامات پر جانے پر بھی پابندی لگا چکے ہیں۔ طالبان کو خواتین پر عائد کی گئی ان پابندیوں کے باعث عالمی تنقید کا سامنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ترکیہ کی خفیہ ایجنسی نے ملک میں سرگرم موساد کے جاسوسی حلقے کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 7ملزمان کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترکیہ کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (MT)نے استنبول پولیس ڈیپارٹمنٹ کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے تعاون سے 56کارندوں کے ایک جاسوسی حلقے کا پردہ فاش کیا جو مبینہ طور پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی جانب سے جاسوسی کر رہے تھے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کارندوں کی کل تعداد میں سے سات کو حراست میں لیا گیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر موساد کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا۔ یہ افراد مبینہ طور پر ایک بڑے نیٹ ورک کا حصہ ہیں جس کی نگرانی تل ابیب میں مقیم موساد کے نو کارندے کررہے تھے اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ جاسوس کارندوں جن کا تعلق مشرق وسطی کے مختلف ممالک سے ہے، نے مبینہ طور پر جاسوسی کے مختلف حربے استعمال کیے جن میں نگرانی، وائی فائی نیٹ ورکس کو ہیک کرنا اور GPSکے ذریعے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا شامل ہے۔ ایجنٹس نے مبینہ طور پر آئی پی ایڈریس حاصل کرنے کے لیے عربی زبان کی کئی جعلی ویب سائٹس کا بھی استعمال کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی حملے رکوانے کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کر دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے حملوں کے جواب میں اسرائیل کے ساتھ رابطہ اور سکیورٹی تعاون معطل کر دیا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کرے۔ اردن میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، عمان میں بھی اسرائیلی سفارت خانے کے باہر فلسطین پر حملوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین نے اردن حکومت پر اسرائیل کے ساتھ فوری طور پر سفارتی تعلقات ختم کرنے پر زور دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370کے خاتمے کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ نے 5رکنی بنچ تشکیل دیدیا، بنچ 11جولائی کو صبح ساڑھے 10 بجے سماعت کرے گا۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370کی منسوخی کے تقریبا چار سال بعد یہ نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چور کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی آئینی بنچ آرٹیکل 370کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت 11جولائی کو شروع کرے گا۔ پانچ رکنی آئینی بنچ میں جسٹس بی آرگاوائی، جسٹس ایس کے کول، چیف جسٹس ڈی وائی چندر چور، جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس سوریہ کانت شامل ہیں۔ آرٹیکل 370سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ فراہم کرتا ہے۔ سپریم کورٹ کے سامنے 20سے زائد درخواستیں زیر التوا ہیں، جس میں مرکزی حکومت کے آئین کے آرٹیکل 370کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ آرٹیکل 370کی منسوخی کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی اور سابقہ ریاست کو بعد میں دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 370اور 35اے کی بحالی سے متعلق مقدمے کی سماعت میں تاخیر کو کئی مرتبہ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے سیاسی سازش قرار دیا ہے اور پاکستان بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی مذمت کر چکا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام 5جولائی کو یوم سیاہ منایا جائے گا ، ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام احتجاجی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گاجبکہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی خصوصی پروگرام نشر ہو نگے۔5جولائی 1977ء کو پیپلز پارٹی کے قائد اور منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹ دیا گیا تھا اس وجہ سے پیپلز پارٹی ہر سال 5جولائی کو یوم سیاہ مناتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا24واں یوم شہادت(آج) 5جولائی کو منایا جائے گا اس سلسلے میں مختلف شہروں میں منعقدہ مختلف تقریبات میں کرنل شیر خان شہید کی ملک و قوم کیلئے پیش کی گئی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا،انہوں نے 1999ء میںبھارت کے خلاف کارگل معرکے میںاپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے پاک فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر حاصل کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے کار سرکار میں مداخلت کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پرویز الٰہیکی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ عدالت نے پولیس سے لڑائی جھگڑا اور سرکاری کام میں مداخلت کے مقدمہ میں درخواست ضمانت ناقابل سماعت ہونے کی بنیاد پر مسترد کر دی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پرویزالہٰی کی گرفتاری نہیں ڈالی ۔ اس لیے مقدمے کا ریکارڈ کیسے پیش کیا جاسکتا ہے؟ تفتیشی افسر کے مطابق پرویزالٰہی کی درخواست ضمانت قبل از وقت ہے۔ عدالت نے پولیس کے اعتراض پر درخواست ضمانت کے نا قابل سماعت ہونے پر اسے خارج کر دیا ۔ پرویز الٰہی کے خلاف لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے،سی پیک معاشی خوشحالی، امن اور استحکام میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت خصوصی تجارتی زونز قائم کئے جا رہے ہیں، دنیا کو معاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے، رابطوں کے فروغ کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کی جانی چاہیے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دیں، خطے میں پائیدار امن تنظیم کے تمام رکن ملکوں کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری افغانستان کی مدد کیلئے آگے بڑھے، پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا، عالمی مسائل کے حل کیلئے عالمی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ سال ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سامنا کیا، سیلاب سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کرنی ہوگی۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ایس سی او سربراہ اجلاس تنظیم کے نئے رکن کے طور پر ایران کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قازقستان کو تنظیم کی رکنیت ملنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، بیلا روس کو اگلے اجلاس میں مکمل رکن بننے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب فلور ملز نے کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100روپے اضافہ کر دیا، میدہ فائن کی بوری کی قیمت بھی 200روپے بڑھا دی گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت 2750سے 2800روپے ہوگئی جبکہ فائن میدہ کی بوری 11500روپے میں فروخت ہوگی، پنجاب بھر میں آٹا اور فائن میدہ کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تھیلے کی قیمت آئندہ دنوں مزید بڑھ جانے کا اندیشہ ہے، گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے، امپورٹ کرنے سے گندم مافیا کی کمر توڑی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں آج بھی گندم کی قیمتیں بلند سطح پر ہونے کے باعث خریدو فروخت میں سست روی کا شکار ہے، قیمتوں میں اضافے کے سبب چھوٹی فلور ملز مہنگی گندم خریدنے سے گریزاں ہیں۔ ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے، آٹا کی قیمتیں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ غریب بمشکل گزر بسر کر رہا ہے، روٹی انسان کی بنیادی ضرورت ہے، حکومت کو چاہیے کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
2023ء کے پہلے پانچ ماہ میں چین کو پاکستان کی تانبے کی مصنوعات کی برآمدات 485 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ قابل ذکر تجارت چین میں تانبے کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ اور پاکستان کی اس مانگ کو پورا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے مشیر غلام قادر نے گوادر پرو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت چین کو تانبے اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین کو تانبے کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور انہیں امید ہے کہ تانبے کی ریفائنڈ مصنوعات پاکستان سے چین کو برآمدات کی قدر میں اضافہ کریں گی۔ چین کی تانبے کی صنعت کے سب سے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا (MCC) پاکستان میں کام کرتی ہے اور 1995 سے سینڈک تانبے کی کانوں کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ سال کے 244.62 ملین ڈالر کے مقابلے میں جنوری سے مئی 2023 تک خام شکل میں تانبے کی ریفائنڈ مصنوعات، کمیونٹی کوڈ (74031900) نے 201.098 ملین ڈالر کی فروخت کی ۔ کمیونٹی کوڈ (74020000) جنوری سے مئی 2023 تک 167.21 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جب کہ 2022 میں اسی عرصے میں یہ 134.32 ملین ڈالر تھا ۔ ایک بین الاقوامی تجارتی ماہر محمد عمران نے گوادر پرو کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات باہمی طور پر فائدہ مند تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے ان کے عزم کو مزید واضح کرتے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے کیونکہ تانبے کی کان کنی اور پروسیسنگ کے لیے چینی کمپنیوں کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور مہارت کی ضرورت ہے، اور ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور دنیا کو برآمد کرنے کے لیے ان چیزوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان سے درآمدات کو فروغ دے رہا ہے اور ترجیحی ٹیرف کی شرح صفر فیصد کی پیشکش کر رہا ہے۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ تانبے کے بڑے ذخائر رکھنے والا پاکستان چینی مہارت کی مدد سے ان ذخائر کی کان کنی سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا )نے ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 1روپے 25پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ مالی سال 2022-23کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ نیپرا کے مطابق اس کا اطلاق ماہ جولائی، اگست اور ستمبر 2023کے بلوں پر ہوگا، ڈسکوز نے نیپرا کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواست دی تھی، اتھارٹی نے ڈسکوز کی درخواست پر24مئی کو عوامی سماعت کی تھی۔ اس سے قبل صارفین سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 47 پیسے ایوریج فی یونٹ چارج کیا جا رہا تھا جو کہ جون 2023تک تھا۔ فیصلے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا جبکہ اسکا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
حکومت نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی تنخواہ میں بڑی کمی کردی، چیف جسٹس کی تنخواہ میں 3لاکھ جبکہ سپریم کورٹ کے ججوںکی تنخواہ میں 3لاکھ 9ہزار روپے کمی کردی گئی ہے ۔اس خبر رساں ادارے کو دستیاب سرکاری دستیاب کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پہلے تنخواہ 15لاکھ 27ہزار 399روپے تھی سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 14لاکھ 70ہزار711روپے تھی جو آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پبلک اکانٹس کمیٹی میں پیش کی تھی۔اب صدارتی آرڈر نمبر 02آف 2023کے تحت سپریم کورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ 12لاکھ 29ہزار189روپے کردی گئی ہے جبکہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 11لاکھ 61ہزار 163روپے کردی گئی ہے ۔حکومت نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججوں کی تنخواہ کم کردی ہے ۔ صدارتی آڈر کے تحت سیلری آف ججز آف سپریم کورٹ آرڈر 2022کو منسوخ کردیاگیا جس کے تحت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججوں کو تنخواہ دی جاتی تھی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ایشز سیریز میں کینگروز کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد آسٹریلوی اخبار نے انگلش کپتان بین اسٹوکس کی نازیبا تصویر شائع کردی۔ دی ویسٹ آسٹریلیا نامی اخبار نے بین اسٹوکس کی تصویر شائع کی جس میں وہ ایک بچے کی طرح منہ میں چوسنی اور ڈائپر پہنے ہوئے ٹرافی اور بال کو پکڑتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ نیچے کیپشن میں لکھا ہے کہ کرائینگ بیبی (روتو بچے)۔ لارڈز میں دوسرے ایشز ٹیسٹ کے متنازع انداز میں ختم ہونے کے بعد سے ہی برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا کے درمیان لڑائی دیکھنے میں آرہی ہے، جس میں برطانوی میڈیا نے الزام لگایا ہے کہ کینگروز نے دھوکا دہی سے میچ جیتا۔ اس سے قبل لارڈز ٹیسٹ کے پانچویں روز الیکس کیری نے جونی بیئرسٹو کو متنازع طریقے سے رن آٹ کر دیا تھا، فیلڈ امپائر کی جانب سے فیصلہ تھرڈ امپائر کی جانب بھیجا گیا اور تھرڈ امپائر نے انگلش بیٹر کو آٹ قرار دیا جس کے بعد انگلش شائقین کی جانب سے آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ میری لیبون کرکٹ (ایم سی سی) ممبران نے لانگ روم میں آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے لگائے، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کا لانگ روم میں ایم سی سی ممبران سے سامنا ہوا، عثمان خواجہ کو آسٹریلوی کھلاڑی نے جملوں کا تبادلہ کرنے سے روکا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چین نے مسلسل پانچ بار خواتین کا ایشیا کپ باسکٹ بال ٹائٹل جیتنے والے جاپان کے خلاف شاندار فتح حاصل کرلی۔ نیو یارک لبرٹی کے سینٹر ہان سو کی قیادت میں چینی ٹیم نے 71-73 سے فتح حاصل کی۔ ہان نے شاندار 26 پوائنٹس جبکہ ایک اور اسٹینڈ آٹ کھلاڑی لی مینگ نے 17 پوائنٹس حاصل کیے جس سے چین کو 2011 کے بعد ایشیا کپ کا پہلا اور مجموعی طور پر 12 واں ٹائٹل جیتنے میں مدد ملی۔ اس جیت نے 2013 سے چیمپئن رہنیوالے جاپان کا ٹورنامنٹ میں غلبہ ختم کر دیا ۔ جاپان، چین اور جنوبی افریقہ کے علاوہ کوئی اور ملک 1965 میں شروع ہونے والا ایشیا کپ نہیں جیت سکا ہے۔ کانسی کے تمغے کے مقابلے میں میزبان ملک آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر 81-59 کے اسکور کے ساتھ مسلسل تیسرے ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مانچسٹر سٹی نے فرینکی ڈی جونگ کے ٹرانسفر کے لیے 90 ملین یورو بولی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی جونگ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 85 ملین یورو کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔ ڈی جونگ نے 2019 میں ایجیکس سے بارسلونا جوائن کیا تھا۔ مانچسٹر سٹی، بارسلونا کے مڈفیلڈر فرینکی ڈی جونگ کی 90 ملین یورو میں منتقلی کے حیران کن اقدام پر غور کر رہا ہے۔ 26 سالہ نوجوان نے گزشتہ سال مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 85 ملین یورو کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا کیونکہ وہ اپنے سابق مینجر ایرک ٹین ہیگ کے ساتھ دوبارہ نہیں کھیلنا چاہتے۔ حال ہی میں چیلسی سے میٹیو کواکک کو سائن کرنے کے بعد مانچسٹر سٹی اب ڈی جونگ کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ کر رہا ہے۔ یہ ایسے وقت سامنے آیا جب انہوں نے ویسٹ ہیم کے کپتان ڈیکلن رائس کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیا ہے اور توقع ہے کہ وہ شمالی لندن کے کلب سے 103 ملین یورو کی بولی کے بعد آرسنل میں شامل ہوجائیں گے۔ مانچسٹر سٹی نے کوواکک سائن کرلیا ہے لیکن بارسلونا کے ہاتھوں اپنے کپتان گنڈوگن سے محروم ہوگیا ہے۔ برنارڈو سلوا کے جانے کی افواہیں بھی ہیں اس لیے ٹیم مڈفیلڈ کے مزید کھلاڑی تلاش کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پولینڈ کی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک آئیگا سوئیٹک نے ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں فاتحانہ آغاز کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں شروع ہو چکے ہیں۔ پولینڈ کی ٹینس سٹار، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز اور سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رانڈ میں پہنچ گئے۔ کینیڈین ٹینس کھلاڑی فیلکس اوجرالیا سائم ابتدائی رانڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے ویمنز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رانڈ میں چینی حریف کھلاڑی ژو لن کو شکست دی جبکہ سربین سٹار نے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے پہلے میچ میں حریف ارجنٹائن کے پیڈرو کیچن کو شکست دی۔ سب سے زیادہ 23 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے نوویک جوکووچ نے مینز سنگلز مقابلوں کے پہلے رانڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ارجنٹائن کے کھلاڑی پیڈرو کیچن کو 3-6، 3-6 اور 6-7(4-7) سے شکست دی اور دوسرے رانڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ سربین سٹار نوویک جوکووچ آٹھویں مربتہ ومبلڈن اوپن جیتنے کے لئے کوشاں ہیں، ادھر خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رانڈ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چینی حریف کھلاڑی ژولن کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 3-6 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے رانڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ ہسپانوی کھلاڑی سارہ سوریبس ٹورمو سے ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
افغانستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر عثمان غنی نے کرکٹ بورڈ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کرکٹ سے بریک لے لیا۔سوشل میڈیا پر عثمان غنی نے لکھا کہ بہت غور و فکر کے بعد میں نے افغانستان کرکٹ سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ بورڈ کی بدعنوان قیادت نے مجھے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔عثمان غنی نے لکھا کہ میں اپنی محنت جاری رکھوں گا اور صحیح انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کا انتظار کروں گا۔افغان کرکٹر نے لکھا کہ ایک بار ایسا ہونے کے بعد میں پھر سے فخر کے ساتھ افغانستان کے لیے کھیلوں گا۔ متعدد مرتبہ جانے کے باوجود چیئرمین سے ملاقات نہیں کر سکا کیونکہ وہ دستیاب نہیں تھے۔عثمان غنی نے مزید لکھا کہ چیف سلیکٹر کے پاس مجھے تمام فارمیٹس سے باہر رکھنے کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں تھا۔واضح رہے کہ عثمان غنی 17 ون ڈے اور 35 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے 27 مارچ کو شارجہ میں پاکستان کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی جبکہ گزشتہ سال جنوری میں نیدرلینڈز کے خلاف آخری ون ڈے میچ کھیلا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ نے ومبلڈن میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں ارجنٹینا کے پیڈروکیچن کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی۔ نوواک جوکووچ کی جیت کا اسکور 3-6 ، 3-6 اور 6-7 رہا۔ دوسری جانب پانچ مرتبہ کی ومبلڈن چیمپئن وینس ولیمز پہلے ہی راونڈ میں باہر ہوگئیں۔ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا نے وینس ولیمز کو 4-6 اور 3-6 سے شکست دی۔ وینس ویلیمز کھیل کیدوران پھسل کر گر پڑی تھیں جس کے باعث ان کا گھٹنا بھی سوج گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
زمبابوے کے ٹی10 لیگ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افتتاحی ایڈیشن کیلئے ڈربن قلندرز کو جوائن کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی10 لیگ مقبول فرنچائز ڈربن قلندرز نے محمد عامر کے علاوہ آصف علی، طیب عباس طاہر بیگ جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں کریگ ارون، ہلٹن کارٹ رائٹ، ٹم سیفرٹ جیسے کرکٹر کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے بھی ٹورنامنٹ میں ہریکینز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جو بھارتی اداکار سجنے دت کی مشترکہ ملکیت ہے۔ دوسری جانب سابق کرکٹر محمد حفیظ اور عثمان شنواری نے جوہانسبرگ بفیلوز کی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ زمبابوے کی ٹی10 ایفرو لیگ کے ابتدائی ایڈیشن میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی، جس میں ڈربن قلندرز، کیپ ٹان سیمپ آرمی، بلاوایو بریوز، ہرارے ہریکینز اور جوبرگ بفیلوز شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل)کھیلنے کے حوالے سے اہم انکشاف کردیا۔ مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ وہ جلد برطانوی پاسپورٹ کے حامل ہوجائیں گے، انہوں نے برٹش شہری اور وکیل نرجس خان سے شادی کی تھی، وہ سال 2020 سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور پاسپورٹ ملنے کے بعد وہ انگلینڈ سے کھیلنے کے اہل بھی ہوجائیں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ 2024 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلیں گے؟ جس پر فاسٹ بولر نے کہا کہ میں انگلینڈ کے لئے نہیں کھیلوں گا، پاکستان کیلئے ہمیشہ حاضر رہوں گا۔ آئی پی ایل سے متعلق انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ایک سال باقی ہے، اس وقت منظرنامہ کیا ہوگا نہیں معلوم، مستقبل کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔ جب مجھے اپنا پاسپورٹ مل جائے گاجو بھی بہترین موقع ہو گا اور جو بھی ملے گامیں اس سے فائدہ اٹھاؤں گا۔ بی سی سی آئی پاکستانی کرکٹرز کو آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا لیکن 2013 میں اظہر محمود نے اپنے برطانوی پاسپورٹ کے تحت پنجاب کنگز سے کنٹریکٹ حاصل کیا تھا، بعدازاں اظہر محمود نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ بھی کام کیا۔ اسی طرح برطانوی پاسپورٹ کے باعث معین علی اور عادل راشد جیسے بڑے نام بھی آئی پی ایل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ اگر محمد عامر کو اگلے سال برطانوی پاسپورٹ مل جاتا ہے اور وہ آئی پی ایل کی نیلامی کے لیے رجسٹر ہوتے ہیں، تو وہ لیگ میں کھیلنے والے چند پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل ہوجائیں گے۔ محمد عامر کا ماضی میں بھی بھارت کے خلاف شاندار ریکارڈ رہا ہے، اگر وہ ڈرافٹ میں شامل ہوتے ہیں تو انہیں بڑی رقم ملنے کا بھی امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ایشیا کپ کی راہ میں بارش کے حائل ہونے کا خدشہ سامنے آگیا۔بھارتی بورڈ کی طرف سے اپنی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے پاکستان بھجوانے سے انکار پر پی سی بی کی سابق مینجمنٹ کمیٹی نے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دی تھی جس پر بات چیت کا طویل سلسلہ جاری رہا، بالآخر 4 میچز پاکستان جبکہ فائنل سمیت باقی 9مقابلے سری لنکا میں کرانے پر اتفاق کیا گیا، ایونٹ 31 اگست سے 17ستمبر تک جاری رہے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل وینیوز پر حتمی فیصلوں کیلیے پی سی بی، سری لنکن بورڈ اور بی سی سی آئی کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے، شیڈول کا اعلان رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے، تاخیر کی وجہ وینیوز کا انتخاب ہے، قانونی مسائل کی وجہ سے ذکا اشرف کا بطور چیئرمین پی سی بی انتخاب موخر ہونا بھی اس کا ایک سبب ہے، پاکستان میں میچز لاہور میں کرانے کا فیصلہ ہوچکا۔ سری لنکا میں مقابلوں کیلئے کولمبو پہلی ترجیح تھا مگر مون سون کے موسم نے پلان میں تبدیلی پر مجبور کر دیا، اب دمبولا کو فیورٹ سمجھا جارہا ہے، سری لنکا میں وینیوز کے بارے میں حتمی فیصلہ رواں ہفتے کرتے ہی شیڈول کا اعلان ہو جائے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے کہا کہ ممکنہ شیڈول اے سی سی ارکان تک پہنچادیا گیا ہے۔ آخر میں کچھ معاملات زیر غور ہیں، کولمبو میں میچز شائقین کی زیادہ توجہ حاصل کرسکتے تھے
پاک بھارت مقابلے کیلیے یہ سب سے بہتر وینیو ہوتا، لاجسٹک ضروریات بھی پوری کرنا آسان ہوتا مگر بارشوں کا قوی امکان ہونے کی وجہ سے کھیل متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہوگا،اس لیے اسٹیک ہولڈرز دمبولا کی جانب دیکھنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ پاک بھارت مقابلہ بھی اسی وینیو پر شیڈول کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پی سی بی کے ممکنہ چیئرمین ذکا اشرف نے گذشتہ دنوں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ہائبرڈ ماڈل کو پسند نہیں کرتا، میں نے پہلے روز ہی اس کو مسترد کر دیا تھا، اے سی سی کے بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں ہوگا تو ہمیں پورے ایونٹ کی ملک میں ہی میزبانی کرنی چاہیے،البتہ بعد میں ایکسپریس سے بات چیت میں انھوں نے واضح کیا کہ یہ ان کی ذاتی رائے تھی،ایشیا کپ کے حوالے سے جو فیصلے ہوچکے ان کی پاسداری کروں گا۔اس حوالے سے بی سی سی آئی آفیشل نے کہا کہ ہائبرڈ ماڈل کو تبدیل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پی سی بی نے ہی اس پلان کی درخواست دی تھی، وہ ہر نئے چیئرمین کے ساتھ موقف بدل سکتے ہیں لیکن معاملات کسی ایک شخص کی خواہش پر نہیں چلتے، کسی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے لاجسٹکس، براڈکاسٹرز سمیت کئی امور کو پیش نظر رکھنا پڑتا ہے۔یاد رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش،سری لنکا، افغانستان اور پہلی بار ایونٹ کا حصہ بننے والی کوالیفائر ٹیم نیپال شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے حج کے حوالے سے اپنا تجربہ بیان کردیا۔ بابر اعظم نے مسلمانوں سے اس فریضے کو جوانی میں ادا کرنے پر زور دیا ہے۔ سعودی عرب سے پاکستان واپسی پر گھر جاتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ نیت سو فیصد رکھیں بلاوا آ ہی جاتا ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ جوانی میں ہی حج کرلیں جتنی دیر کریں گے اتنا مشکل ہوگا، میرا پہلا حج تھا مجھے بہت مزہ آیا، میرا تجربہ اچھا رہا، وہاں کافی چیزیں سیکھنے کو ملیں، یہ نہیں ہے کہ حج صرف اپنے لیے کرنا ہے، حج اللہ کے لیے اور اسے راضی کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ بابر اعظم نے حج پر موجود بزرگوں کی ہمت کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف یہ تھا کہ اللہ کو راضی کرنا ہے، ان لوگوں کو دیکھ کر مجھے حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے تو ٹھیک تھا کیونکہ ہم اتنی گرمی میں کھیلتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سال بابر اعظم نے والدہ کے ہمراہ جبکہ محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد اور فہیم اشرف نے بھی حج کی سعادت حاصل کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بابر اعظم نے لنکا پریمیئر لیگ میں جوئے کی تشہیر سے صاف انکار کر دیا۔ لنکا پریمیئر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہوگا، کولمبو اسٹرائیکرز نے بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، پاکستانی کپتان فرنچائز کی بھی قیادت کریں گے۔ لیگ میں جوئے کی کئی کمپنیز نام میں معمولی تبدیلی کر کے تشہیر کرتی ہیں، کولمبو کا بھی ایسی ہی ایک کمپنی سے معاہدہ ہے، البتہ بابر اعظم نے اس کا لوگو شرٹ پر لگانے سے واضح الفاظ میں انکار کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسٹار بیٹر نے اس بات کو اپنے معاہدے کا بھی حصہ بنایا ہے، فرنچائز نے بھی ان کی خواہش کا احترام کرنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان ٹیم کو رواں ماہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ کی سیریز کھیلنا ہے، اس کے بعد افغانستان سے آئندہ ماہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوں گے، بابر اس وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کیلیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، وہ قومی ذمہ داریوں سے فراغت پر ہی سری لنکا جائیں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 کے دوران محمد رضوان نے ملتان سلطانز کی شرٹ پر سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کمپنی کا لوگو لگانے سے انکار کر دیا تھا۔انھوں نے اسٹیکر سے لوگو چھپا کر میچ میں حصہ لیا،کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی ناخوشی ظاہر کی لیکن انھیں فرنچائزز نے منا لیا تھا۔ بابر اور رضوان حال ہی میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے ہیں،دونوں اب کراچی میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
دورہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز ہو گیا۔ کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد اور نسیم شاہ سمیت 16 کھلاڑی کیمپ میں موجود ہیں۔ فاسٹ بولر حسن علی اور شان مسعود (آج) بدھ سے کیمپ جوائن کریں گے۔ زاہد محمود اور ساجد علی کو خصوصی طور پر پریکٹس کے لیے کیمپ میں بلایا گیا ہے۔ محمد رضوان کٹ بیگ اٹھائے اسٹیڈیم پہنچ گئے اور کیمپ کو جوائن کرتے ہوئے پریکٹس کا آغاز کر دیا۔ کیمپ کے روزانہ دو سیشن ہوں گے، پہلا سیشن 9 سے ساڑھے گیارہ بجے تک کا ہو گا جبکہ دوسرا سیشن ساڑھے 12 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہو گا۔ پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعے تک جاری رہے گا اور قومی ٹیم کا اسکواڈ ہفتے کی رات سری لنکا کے لیے روانہ ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ بینکوں کو کاٹیج انڈسٹری اور دیہی صنعت کے فروغ کے لیے بھی قرضے جاری کرنے چاہئیں تاکہ غربت کے خاتمہ سمیت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیداہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ ایگرو بیسڈ مائیکروانڈسٹری اور سمال انڈسٹری کے علاوہ زرعی ڈھانچہ کی بہتری کے لیے بینکوں اور مائیکروفنانس کے اداروں کو کم سے کم شرح سود پر قرضے جاری کرنے چاہئیں تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکیں اور زرعی شعبہ و دیہی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے ملکی برآمدات میں ترقی ممکن بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ زرعی اجناس پیداکرکے غذائی خود کفالت کے اہداف کے حصول سمیت اضافی غذائی اجناس بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو باسمتی اقسام کی پنیری جولائی کے مہینے میں مکمل کر نے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ صحت مند زمینوں میں کدو کے طریقہ سے کاشت کردہ نرسری 30سے35دنوں میں اور خشک طریقہ سے کاشتہ نرسری 35سے40دنوں میں منتقلی کے قابل ہوجاتی ہے جبکہ تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ مذکورہ دنوں کی تیار شدہ نرسری کی منتقلی والی فصل زیادہ جھاڑ بناتی ہے جس سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی دستیابی میں کمی باعث دھان کے کاشتکار پنیری منتقلی سے دو تین ہفتے پہلے اپنی زمینوں کو پانی لگائیں اور وتر آنے پر زمین کو اچھی طرح تیار کریں نیز پنیری کی منتقلی کے وقت کھیت کو پانی لگا کر دو مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلائیں پھر اس میں نرسری منتقل کریں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار باسمتی اقسام کی پنیری جولائی کے مہینے میں مکمل کریں تاکہ یہ فصل اکتوبر کے آخر میں برداشت کی جاسکے اور بروقت گندم کاشت کی جاسکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنیری منتقل کرتے وقت پودوں اور لائنوں کا باہمی فاصلہ 6سے9انچ رکھیں اور ہر سوراخ میں دو پودے لگائیں۔انہوں نے کہاکہ پنیری منتقلی کے وقت نرسری کی کچھ ہتھیوں کی جڑیں پانی میں دبا کر رکھ دی جائیں تاکہ منتقلی کے ہفتہ دس دن بعد ناغے پر کئے جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ مونجی کو گرنے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ کھادوں کا مناسب استعمال کیا جائے اور یوریا کھاد پہلے 40دن کے اندر اندر ڈال دی جائے جبکہ یوریا کھاد زیادہ دیر تک ڈالتے جائیں تو فصل کے گرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
کاشتکاروں کو کماد کی فصل پر گھوڑامکھی کاحملہ روکنے اور اس کے تدارک کیلئے گھوڑامکھی کے دشمن طفیلی کیڑوں کی پرورش کو فروغ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ ایسے کھیت جن میں طفیلی کیڑے وافر تعداد میں موجود ہوں وہاں سے طفیلی کیڑوں کے انڈوں اور کویوں والے پتے 6انچ لمبائی میں کاٹ لیں اور گھوڑا مکھی کے متاثرہ کھیتوں میں جہاں طفیلی کیڑے ہوں وہاں ان پتوں کے ساتھ لٹکا دیں۔انہوں نے کہاکہ گھوڑامکھی کے دشمن طفیلی کیڑے گھوڑا مکھی کے خاتمہ میں انتہائی موثر و معاون ثابت ہوتے ہیں۔ کاشتکار موجودہ موسمی حالات کومدنظر رکھتے ہوئے کماد کی فصل کو 15سے20دن کے وقفہ سے آبپاشی بھی کریں۔انہوں نے کہاکہ کماد کی فصل پر کسی دیگر بیماری یا کیڑے کا حملہ مشاہدے میں آئے تو فوری طور پر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات حاصل کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
جامعہ زرعیہ کے ماہرین ہارٹیکلچرنے بتایاکہ ملک میں رواں سال17لاکھ35ہزار ہیکٹر رقبہ پر آم کی کاشت سے پیداوار17لاکھ 52ہزار ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ پنجاب میں آم کی اوسط پیداوار سندھ کی پیداوار 6.75ٹن کے مقابلہ میں 11.86ٹن فی ہیکٹر ہے۔پاکستان آم کی کل پیداوار کا صرف 5فیصد برآمد کرتا ہے نیز آم کی برآمدات میں کمی کی بنیادی وجوہات میں کیڑوں اور بیماریوں کا مناسب تدارک نہ ہونا، غیر موزوں طریقہ برداشت اور بعد ازبرداشت ناقص سنبھال شامل ہیں۔ پھلوں کا بادشاہ آم اپنے مخصوص غذائی وطبعی فوائد کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔انہوں نے کہاکہ ماہرین زراعت نے شب وروز محنت، تحقیقی مقالوں اورباغبانی سے متعلق بنیادی معلومات کو اکٹھا کرکے ایک کتابچہ شائع کیا ہے جس سے باغبانوں کو آم کی کاشت میں درپیش مسائل اور ان کے حل پر مبنی تفصیلی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل ہوگی اور عالمی وتجارتی پیمانوں کے مطابق آم کے پھل کی زیادہ اور معیاری پیداوار کے حصول میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی آم کو بیرونی منڈیوں میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور ترقی یافتہ ممالک کی مارکیٹ میں اس کی قیمت بہت زیادہ ہے،ہمارے باغبانوں اور ایکسپورٹر زکوان ممالک کے مقررکردہ معیار پر پورا اترنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ زرعی سائنسدانوں اورباغبانوں کوایک مربوط پالیسی پر عمل پیرا ہو کر دنیا کی مختلف منڈیوں میں عمدہ کوالٹی کا پھل انتہائی خوبصورت انداز میں متعارف کرانا اور ان منڈیوں میں آم بھجوا کر بہتر منافع حاصل کرنے کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔انہوں نے بتایاکہ جدیدپیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ہمارے باغبان آم کی مختلف اقسام کی اوسط پیداوار260کلوگرام فی پوداسے بڑھا کر450 کلوگرام فی پودا حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پھل کی بہتربرداشت اوربعد ازبرداشت نقصانات میں کمی کے ذریعے فی ایکڑ زیادہ منافع کا حصول بھی ممکن ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مالی سال 2017 سے لیکر مالی سال 2023 کے دوران پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح 138فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اقتصادی سروے 2023کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال2017 کے دوران جی ڈی پی 35.6 ٹریلین روپے کی سطح پر تھا جو مالی سال 2018 میں بڑھ کر 39.2ٹریلین روپے، مالی سال 2019 میں 43.8ٹریلین روپے، مالی 2020 میں 47.5ٹریلین روپے، مالی 2021میں 55.8ٹریلین روپے، مالی سال 2022 میں 66.6ٹریلین روپے اور مالی سال 2023کے دوران 84.7ٹریلین روپے تک جا پہنچا ہے، اس طرح 7 سال کے دوران مجموعی طور پر جی ڈی پی کی شرح میں 138فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
13جماعتوں کی اتحادی حکومت کا پہلا سال ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا سال ثابت ہوا، مالی سال 23ـ2022 میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، تحریک انصاف کی حکومت کے آخری مالی سال کے مقابلے میں مہنگائی میں 200 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال 23ـ2022 کے اختتام پر مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے دور میں مالی سال 23ـ2022 ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا سال ثابت ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے آخری مالی سال 2021 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.50 فیصد تھی جو رواں سال 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال پر 200 فیصد سے زائد اضافے سے 29.18 فیصد رہی۔مہنگائی کے حوالے سے ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سال بھر میں چائے، آٹا، چاول، آلو، مرغی، دالوں سمیت سب کچھ مہنگا ہوا۔ایک سال میں سگریٹ کی قیمت میں 129 فیصد، چائے 113 فیصد، گندم کا آٹا 90 فیصد، چاول 73 فیصد، آلو 65 فیصد اور گندم 62 فیصد سے زائد، مرغی 58 فیصد اور دال مونگ 50 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے۔ واضح رہے کہ مئی 2023 میں ملک میں مہنگائی بڑھنے کا 76 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد اب پاکستان دنیا کے سب سے مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں آ گیا تھا۔ اس حوالے سے ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے دنیا بھر میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے، ان اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 10 مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے۔اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، مئی میں 38 فیصد شرح کے ساتھ پاکستان کا دنیا میں چھٹا مہنگا ترین ملک قرار پایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
تمباکو کی قومی برآمدات میں مئی 2023 کے دوران 203 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مئی 2023 کے دوران برآمدات کی مالیت1271 ملین روپے تک پہنچ گئیں جبکہ مئی2022 میں تمباکو کی برآمدات کا حجم 625 ملین روپے رہا تھا۔ اس طرح مئی 2022 کے مقابلہ میں مئی 2023 کے دوران تمباکو کی ملکی برآمدات میں203فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار موسمی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کاشتی اُمور سرانجام دیں۔زیادہ بارش ہونے کی صورت میں فوری طور پر پانی کی نکاسی کا بندوبست کریں۔بارش کے بعد یوریا 2 کلوگرام اور میگنشیم سلفیٹ 500 گرام فی ایکڑ سپرے کریں۔اگیتی کاشت کی صورت میں فصل کو زائد پانی سے ہونے والے نقصان سے بچانے کے لئے کپاس کے کھیت میں کھڑا پانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیں یا ایک طرف لمبائی کے رُخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کر دیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ کپاس کی آبپاشی کے لئے واٹر سکاؤٹنگ باقاعدگی سے کریں یعنی اگر پھول چوٹی پر نظر آئے یا شام کے وقت پتے گہرے سبز اور مرجھائے نظر آئیں یا تنا سرخی مائل نظر آئے تو پانی لگائیں۔کاشتکار پھول آنے پر فصل کو پانی کی کمی ہرگز نہ آنے دیں۔کاشتکار کھادوں کا استعمال زمین کے تجزیہ کے مطابق کریں۔اگر بوائی کے وقت فاسفورسی کھاد نہیں ڈالی تو فاسفورسی کھاد یعنی ڈی اے پی کی ایک بوری میں 200 کلوگرام گلی سڑی گوبر کی کھاد مکس کر کے ایک ایکڑ میں ڈالیں اور فوراً لگا دیں یا ڈی اے پی کو پانی میں حل کر کے کھیت سیراب کریں۔اگر پوٹاش کھاد زمین کی تیاری کے وقت نہیں ڈالی تو پھول آنے پر 15 دن کے وقفے سے آدھی بوری فی ایکڑ ڈالیں۔3 دن کے بعد تسلی بخش مشاہدے کے بعد گلاسفوئیٹ کا سپرے بحساب 1750ملی میٹر فی ایکڑ مکمل کریں۔ٹرپل جین اقسام میں گلاسفوئیٹ کا سپرے کرتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ سپرے صرف جڑی بوٹیوں پر کی جائے نہ کہ کپاس کی فصل پرکی جائے۔کاشتکار کھیتوں میں اور اردگرد پائی جانے والی ملی بگ کے میزبان پودوں کی تلفی یقینی بنائیں۔چست تیلہ/ سبز تیلہ کے موثر تدارک کے لئے فلونیکا میڈ بحساب 60 گرام یا ڈائی نوٹی فیوران 100 گرام فی ایکڑ استعمال کریں یا کوئی بھی دوسری زہر زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔سفید مکھی کے موثر کنٹرول کے لئے کھیت میں پیلے چپکنے والے پھندے بحساب 8فی ایکڑ استعمال کریں اور اُن پر لگی گوند کو ہر15 دن بعد تبدیل کریں۔حیاتیاتی کنٹرول کے لئے کرائیسوپرلا20کارڈ فی ایکڑ لگائیں۔کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور اگر کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو تو مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے ترجیحاً شام کے وقت کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
مون سون بارشوں کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں کمی آ گئی لیکن لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال مزید کم ہو گیا، بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 856 میگا واٹ سے کم ہو کر صرف 5 ہزار میگا واٹ پر آ گیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ برقرار ہے۔ بجلی پیداوار میں بھی تقریبا 1350 میگا واٹ اضافہ ہوا ہے جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 5 سو میگا واٹ ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بجلی کی پیداوار 21 ہزار 144 میگا واٹ تھی، ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزار 5 سو میگا واٹ ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بعض علاقوں میں فنی خرابیوں کے باعث 14 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، ہائی لاسز اور بجلی چوری والے علاقوں میں سب سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ترجمان پیسکو نے کہا ہے کہ بجلی کی طلب و رسد میں فرق سے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی طلب 3500 میگا واٹ، رسد 2500 میگا واٹ ہے۔ ترجمان پیسکو کے مطابق صوبہ میں تمام 214 گرڈ سٹیشن اوورلوڈ ہیں، صوبہ میں 1262 فیڈرز ہیں، 300 فیڈرز حالیہ آندھی اور طوفان سے متاثر ہوئے، متاثر فیڈرز کا لوڈ منتقل کرنے سے دیگر فیڈرز اوورلوڈ ہو رہے ہیں۔ پیسکو کے ترجمان نے بتایا ہے کہ فیڈرز کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، بجلی چوری کے باعث بھی فیڈرز پر لوڈ بڑھا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں اعجاز چودھری کے خلاف تھانہ شادمان نذر آتش کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 جولائی تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ نو مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر ملک بھر میں جلاگھیرا اور پرتشدد احتجاج کیا گیا تھا، جس کے بعد قانون فانذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری سمیت دیگر رہنما اور کارکنان کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اہلخانہ کے ہمراہ حج ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ صدر مملکت منگل کی صبح وطن واپس پہنچے، ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے دفتر میں معمول کی ذمہ داریاں انجام دینا شروع کردیں۔ یاد رہے کہ خاتون اول اور بچوں نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کی، صدرمملکت فریضہ حج ادا کرنے کے لیے25 جون کو سعودی عرب گئے ہوئے تھے۔ مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے صدرمملکت کو رخصت کیا، پاکستان روانگی سے قبل ایئر پورٹ لاونج پر رائل پروٹوکول کے ڈائریکٹر ابراہیم بن عبداللہ نے ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدرمملکت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے رواں سال حج کے شاندار انتظامات کیے، حج سیزن کی کامیابی پر سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سعودی قیادت کا مثالی مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
،گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد نے 75روپے کا نوٹ باقائدہ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ 2 سال میں مہنگائی کی شرح5 سے7 فیصدپرلائیں گے، ہمارے لیے مہنگائی بہت بڑا چیلنج ہے،گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد کا تقریب سے خطاب کہا، مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، مستقل معاشی گروتھ پر ہمارا فوکس ہے۔ گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پچھترروپے کا نوٹ باقائدہ جاری کردیا، تقریب سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے لیے اہم ہے،اسٹیٹ بینک کے پچھترسال مکمل ہوئے، ہمیں فخرہے کہ اسٹیٹ بینک کا سنگ بنیاد قائداعظم نے رکھا،پچھترسالوں میں مشکل وقت اور نشیب و فرازکا سامنا رہا۔ گورنراسٹیٹ بینک نے کہا اسٹیٹ بینک کی16ہزارسے زائد برانچزملک میں کام کررہی ہیں، بینک اکاونٹس کی ڈیجیٹل کی سہولت بھی شروع کی ہے، گھربیٹھے کسٹمراب اکاونٹس کھلوا سکتے ہیں اور اسے ہینڈل بھی کرسکتے ہیں۔ بینکنگ سروسز کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی کافی سہولیات فراہم کی ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے موجودہ قانون میں فائننشل اسٹیبلیٹی ہے،فریم ورک انٹرنشینل اسٹینڈرڈ کے مطابق ہے،اسٹیٹ بینک کا ایکٹ دنیا کے کسی بھی سینٹرل بینک کے معیارکے مطابق ہے۔ جمیل احمد نے مزید کہا اسٹیٹ بینک نے آٹومیشن پر بھی خصوصی توجہ دیکر کارکردگی بہتر کی ہے،اسٹیٹ بینک کا ٹیکنالوجی پربھی فوکس ہیاسٹیٹ بینک نےآن لائن ڈیٹا ویئرہائوس بنایا ہے،بینکوں کو جدید ٹیکنالوجی سسٹم سے مانیٹرنگ اور ریگولیٹ کیا جارہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ہنزہ کے علاقے ناصرآباد میں سیاحوں کی وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا ایک اور زخمی اسپتال میں دم توڑگیا،حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت7افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب دونگداس میں سیاحوں کی کار کو حادثہ پیش آیا ہے،حادثے میں 2 افراد جاں بحق،2زخمی ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی